Inquilab Logo

میرؔ کے شعر پر اپنی تصویر دیکھ کر دلیپ کمار سرشار ہوئے تھے

Updated: July 12, 2021, 2:12 PM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

مالیگاؤں کے مشہور مصور رشید آرٹسٹ نے گلاب کے کھلتے ہوئے پھول کو نہارتے ہوئے دلیپ کمار کی پینٹنگ اور اس پر میر کا شعر’مت سہل ہمیں جانو... ‘ پینٹ کرکے انہیںپیش کیا تھا

Rashid used to shake hands with artist Kumar. Picture:INN
رشید آرٹسٹ دلیپ کمار سے مصافحہ کرتے ہوئے ۔تصویر :آئی این این

 شہنشاہ تغزل میر تقی میرؔکے شعر ’مت سہل ہمیں جانو پھرتا ہے فلک برسوں ::تب خاک کے پردے سے انسان نکلتے ہیں‘، کے ساتھ دلیپ کمار کی پینٹنگ مالیگائوں کے مشہور مصور رشید آرٹسٹ نے بنائی تھی۔اس پورٹریٹ میں دلیپ کمار کھلتے ہوئے گلاب کو نہارتے ہوئے دِکھائی دیتے ہیں۔رشید آرٹسٹ نے ابتدائے زمانہ میں (اب وہ خاصے معمر ہوچکے ہیں)ممبئی کے وی شانتارام اسٹوڈیو میں اپنے فن کی پیش کش کرچکے ہیں ۔۸۰ء میں دلیپ کمار کی مالیگائوں آمد طے ہوئی توانجمن امداد الطلباء کے کارپردازان کے سامنے مسئلہ تھاکہ دلیپ کمار کو تحفے میں ایسی کونسی شئے پیش کی جائے تو اُن کیلئے یادگار اور پورے شہر کیلئے باعث افتخار بنے!اِس مسئلے کو رشید آرٹسٹ کے ذریعے حل کیاگیا۔ انجمن کے مخلص بانیان رشید آرٹسٹ سے رجوع ہوئے اور دلیپ کمار کے شایان شان پینٹنگ بنانے کی گزارش کی۔وی شانتا رام اسٹوڈیو میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے رشید آرٹسٹ دلیپ کمار کے ذوق اور مزاج سے واقف تھے، سو انہوں نے رنگوں سے کینواس پر رنگ بکھیرے اور ایک بامعنی پورٹریٹ تیار کر کے انجمن امداد الطلباء کے سپرد کردیا۔پورٹریٹ دلیپ کمار کی خدمت میں پیش کرنے کامرحلہ آیاتو رشید آرٹسٹ کو ہی آواز دی گئی ۔ انقلاب سے گفتگو کرتے ہوئے رشید آرٹسٹ نے کہا کہ ’’میںجم غفیر سے نکل کر اسٹیج پر پہنچا تھا۔دائیں ہاتھ میں پورٹریٹ سنبھالے آگے بڑھا ۔دلیپ کمار کرسی سے اٹھ کھڑے ہوئے ۔ایک نظر پورٹریٹ دیکھا ،حضرت میرؔ کا شعر پڑھا اور مسکرانے لگے ۔دو قدم آگے بڑھ کر تپاک سے ہاتھ ملایا ۔شعر کے انتخاب کی داد دی اور کہا :آپ کا بنایا پورٹریٹ  میں اپنے گھر میں آویزاں رکھوں گا۔‘‘رشید آرٹسٹ نے مزید کہا کہ ’’دلیپ کمار کو پردے پر دیکھنے والے بہت سارے مداح ہیں لیکن اُن سے روبرو ملنے والوں میں مجھ خاکسار کا بھی شمار ہے۔نوشادؔ اور کیفی ؔکے بعد جاوید اخترسے میری ملاقاتیں رہیں لیکن جو سُرو ر ، مزہ اور جوش دلیپ کمار سے ملاقات اور ملاقات کے بعد سے تاحال ہے وہ کسی اور کے ساتھ نہیں۔‘‘واضح رہےکہ رشید آرٹسٹ کی بیشتر پینٹنگز اہل ذوق منہ مانگی قیمتوں میں  حاصل کرتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK