Inquilab Logo

آرین خان کو پھرضمانت نہیں ملی، کل شنوائی

Updated: October 12, 2021, 8:50 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

ضمانت کی عرضی پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا ٹال مٹول کا مظاہرہ، جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا مگر کورٹ نے بدھ تک کی مہلت دی

Taking Aryan to be produced in police court. (File photo)
آرین کو پولیس کورٹ میں پیش کرنے کیلئے لے جاتے ہوئے۔ (فائل فوٹو)

رین خان کو پیر کو  خصوصی عدالت سے بھی ضمانت نہیں ملی۔ ان کی درخواست ضمانت پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کو بدھ  ۱۳؍ اکتوبر تک جواب داخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کورٹ نے شنوائی تب تک کیلئے ملتوی کر دی ہے۔  اس سے قبل جب  ضمانت کی عرضی پر شنوائی شروع ہوئی تو نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ٹال مٹول کا رویہ اختیار کرتے ہوئے جواب داخل کرنے کیلئے ایک ہفتے کا وقت مانگا۔ بہرحال کورٹ نے اس کی درخواست کو خارج کرتے  ہوئے بدھ تک کا وقت دیا ہے۔ 
  اس سےقبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو ( این سی بی) کی خصوصی عدالت  میں سینئر وکیل امیت دیسائی اور ستیش مانے شندے نے  آرین کی  پیروی کرتے ہوئے جج وی وی پاٹل  سے ضمانت کی درخواست پر جتنی جلدی ممکن ہوشنوائی کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ  پیر کو  ہی صبح کے سیشن میں یا پھر دوپہر میں سماعت کو مکمل کرلیا جائے ۔انہوںنے این سی بی  کے ٹال مٹول کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ضمانت کی عرضی کے تعلق سے اسے  جمعہ کو آگاہ کر دیاگیاتھا ساتھ ہی  درخواست ضمانت کی کاپی بھی دیدی گئی تھی تاکہ وہ اپنا جواب داخل کرسکیں۔ 
 دوسری طرف تفتیشی ایجنسی کے وکیل اے ایم چیملکر نے کہا کہ ’’ تفتیش کا سلسلہ ہنوز جاری ہے اور ثبوتوں کو اکٹھا کرنے کی کوشش ہو رہی ہے اس لئے ضمانت کی درخواست پر جواب دینے کیلئے عدالت انہیں ایک ہفتہ کی مہلت دے ۔‘‘
 اس پر آرین کے وکلا ء نے اعتراض کیا اور پیر کو ہی بحث کی اپیل کی ۔ ان کی دلیل تھی کہ ’’آرین کے پاس سے منشیات ضبط نہیںہوئی ہیں پھر بھی  روز اول سے ایجنسی تفتیش کا جواز پیش کرکے ضمانت کی درخواست پر شنوائی کو  طول دینے کی کوشش کررہی ہے

انہوں نےاس بات پر بھی زور دیا کہ ’’ضمانت ملنے سے نہ تو تفتیش رکے گی اور نہ ہی جانچ میں خلل پڑے گا ۔تفتیشی  ایجنسی نے آرین کی تحویل سے کوئی ممنوعہ شئے برآمد نہیں کی ہے، اس کے باوجود گزشتہ ۷ ؍دنوں سے یہ نوجوان قید و بند کی صعوبتیں برداشت کررہا ہے ۔‘‘ دفاعی وکیل نےیہ بھی یاد دلایا کہ مجسٹریٹ کورٹ نے آرین کو این سی بی کی تحویل میں  مزید دینے سے انکار کردیاتھا اورعدالتی تحویل میں بھیج دیا تھاالبتہ ضمانت کی درخواست پر فیصلہ سنانے کا اختیار نہ ہونے کی وجہ سے اس  نے ضمانت کی عرضی خارج کردی تھی۔
  اس پر عدالت نے کہا کہ دفاعی وکیل نے جو تفصیلات فراہم کی ہیں ، وہ درست نہیں ہیں ۔ ساتھ ہی کورٹ نے این سی بی کو ۲ ؍ سے ۳؍ دن میں جواب داخل کرنے کی ہدایت دی اور  سماعت بدھ تک کیلئے ملتوی کر دی۔
 واضح رہے کہ بحری جہاز پرریو پارٹی معاملے میں آرین کےساتھی اربازمرچنٹ کوگزشتہ روز ایک دن کی پولیس تحویل میں  رکھنے کا حکم دیا گیا تھا۔

aryan khan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK