Inquilab Logo

بند کے دوران کانگریس ، این سی پی اور شیوسینا کا زبردست احتجاج

Updated: October 12, 2021, 8:46 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

راج بھون میں ریاستی اور ممبئی کانگریس کے لیڈروں کاخاموش احتجاجی مظاہرہ ، ہتاتماچوک پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے یوپی حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ سینالیڈروں کا ورلی اور شیواجی پارک میں آندولن

Congress leaders are protesting in Raj Bhavan against the Lakhimpur Kheri incident.Picture:Inquilab
لکھیم پورکھیری واقعہ کے خلاف راج بھون میں کانگریس لیڈران احتجاج کررہے ہیں تصویر انقلاب

:اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری ضلع میں کسانوں کے بے رحمانہ قتل اور ملک کے کسانوں پر مرکزی حکومت کی ظلم و زیادتی کے خلاف مہاراشٹر میں برسراقتدار  شیوسینا، این سی پی اورکانگریس نیز دیگر پارٹیوں کی جانب سے پیر کو ’مہاراشٹر بند‘ کے دوران کانگریس کے لیڈروں نے راج بھون میں فرش پر بیٹھ کر خاموش احتجاج کیا۔ اس احتجاج  میں متعدد وزراء بھی اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھےہوئے نظرآئے۔دن بھر کئے گئے اس مظاہرے کے بعد منعقدہ پریس کانفرنس میں مہاراشٹر کانگریس کمیٹی کے  صدر نانا پٹولے نےمہاو کاس اگھاڑی حکومت میں شامل سیاسی پارٹیو ں کے ذریعے بلائے گئے اس مشترکہ بند کو صد فیصد کامیاب قرار دیا  اور تعاون دینے پر عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ نانا پٹولے  کے مطابق ’’ ہم اس وقت تک لڑتے رہیں گے جب تک کسانوں کو انصاف نہیں مل جاتا۔‘‘اس موقع پر ممبئی کانگریس کے صدر بھائی جگتا پ نے کہا کہ اتر پردیش سرکار کسانوں کے احتجاج کو کچل نہ سکی تو کسانوں کوہی کچل دیا۔
  بی جے پی حکومت کے خلاف راج بھون کے احاطے میں کانگریس کے خاموش احتجاج میں نانا پٹولے، بھائی جگتاپ، اشوک چوان،  بالا صاحب تھورات،  چرن سنگھ سپرا،محمد عارف نسیم خان، اسلم شیخ،یشومتی ٹھاکر، حسین دلوائی اور بھالچندر مونگیکر، امین پٹیل، ذیشان صدیقی، بھوشن پاٹل ،  سندیش کونڈولکر،  سچن ساونت،  ڈاکٹر اجنتا یادو، دیگر لیڈران، عہدیداران اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکنوں نے بند میں حصہ لیا۔
’’بندکو کامیاب بنا کر عوام نے بی جے پی کو تھپڑ مارا ہے‘‘
 منترالیہ کے قریب اپنے سرکاری بنگلے پر منعقدہ پریس کانفرنس میں ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ ’’اتر پردیش کے لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاج کرنے اور کسانوں کیلئے انصاف کے مطالبے کے لئےمہا و کاس اگھاڑی میں شامل پارٹیوں اور ان کی حمایتی جماعتوں کی جانب سے پیر کو سیاسی طو رپر مہاراشٹر بند کا اعلان کیا گیا تھا جس میں ریاست کے لوگوں اور تاجروں کی طرف سے زبردست تعاون ملا اور بند صد فیصد کامیاب رہا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بند کو کامیاب بناکر عوام نے بی جے پی کو تھپڑمارا ہے۔
ہتاتماچوک پر مرکز اور یوپی حکومت کے خلاف این سی پی کا احتجاج
 مہاراشٹر بند کے دوران این سی پی نے  ہتاتماچوک پر زبردست احتجاج کیا اور مرکز کی مودی اور یوپی کی یوگی حکومت کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے یہ احتجاج پارٹی کے ریاستی صدر اوروزیرآبپاشی جینت پاٹل، رکن پارلیمان سپریاتائی سلے ،پارٹی کے چیف قومی ترجمان، ممبئی این سی پی کے صدر اور اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک کی قیادت میں کیا گیا تھا۔ لکھیم پور کھیری میں کسانوں کے قتل کی مذمت اورکسانوں کی حمایت میں این سی پی لیڈران وکارکنان نے سیاہ فیتے باندھ کراحتجاج کیا۔ 
 اس موقع پر جینت پاٹل، سپریاتائی سُلے  اورنواب ملک نے ہتاتما چوک پر شہیدوں کی یادگار پر گلہائے عقیدت بھی پیش کئے۔ اس احتجاج میں ممبئی این سی پی کے عہدیداران  اورکارکنان بڑی تعداد میںشریک تھے۔
 شیوسیناکے لیڈروں اورکارکنوں کا راستہ روکو آندولن
 اسی طرح شیوسینکوںنے شیواجی پارک میں سینا بھون   کے سامنے احتجاج کیا جبکہ ورلی میں راستہ روکو آندولن کیا جس میں میئرکشوری پیڈنیکر، بیسٹ چیئرمین  آشیش چمبورکر اور سچن اہیر وغیرہ شریک تھے۔

congress Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK