Inquilab Logo

ہم کسی قیمت پر چین کے دبائو میں آنے والے نہیں ہیں: تائیوان

Updated: October 12, 2021, 8:23 AM IST | Beijing

ملک کے قومی دن پر خطاب کرتے ہوئے تائیوان کی صدرسائینگ وین کا جمہوری طریقے سے اپنے ملک کا دفاع کرتے رہنے کا عزم

Taiwan`s president during a ceremony on the country`s national day (Photo: Agency)
تائیوان کی صدر ملک کے قومی دن پر منعقدہ تقریب کے دوران ( تصویر: ایجنسی)

 چین اور تائیوان کے درمیان تلخیاں دن بدن بڑھتی جا رہی ہیں۔ تائیوان کی خاتون  صدر سائینگ وین کا کہنا ہے کہ ہم کسی قیمت پر چین کے دبائو میں نہیں آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہا ’’  ہم چینی دباؤ کے سامنے جھکے بنا جمہوری طریقے سے اپنا دفاع کریں گے۔واضح رہے کہ  سائینگ وین کا یہ بیان چینی صدر شی جنگ پنگ کی حالیہ اشتعال انگیز تقریر کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے تائیوان  کے جلد ہی دوبارہ چین میں شامل ہوجانے کی بات کہی تھی۔
  تائیوان کے قومی دن کے موقع پر  تقریر کرتے ہوئے سائینگ وین نے کہا’’ تائیوان جمہوریت کی پہلی دفاعی لکیر پر کھڑا ہے، ہم جلد بازی میں رد عمل  ظاہرنہیں کریں گے۔‘‘انہوں نے کہا کہ’’ کوئی بھی تائیوان کو اس بات کیلئے مجبور نہیں کرسکتا جس راستے پر چین ہمیں لے جا نا چاہتا ہے۔‘‘تائیوان کی صدر کے مطابق ’’یہ تائیوان کی ۲۳؍ ملین آبادی کی خود مختاری کیلئے جمہوری راستہ نہیںہے، ہم چین سے برابری کی بنیاد پر بات چیت کیلئےابھی بھی راضی ہیں۔‘‘
 واضح رہے کہ چین اور تائیوان کے درمیان ہر گزرتے دن کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے خطے کا امن خطرے میں پڑ گیا ہے۔ جبکہ تائیوان کی سرحد کے نزدیک چین کی فوجی نقل و حرکت، جنگی طیاروں کی پروازیں اور بحری مشقوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔چین کے صدر شی چن پنگ نے ایک بار پھر تائیوان کے چین میں انضمام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ’’ تائیوان چین کا حصہ تھا اور جلد پُرامن طریقے سے دوبارہ چین میں شامل ہوجائے گا۔ اس حقیقت سے کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔‘‘
تائیوان نے چین کے صدر کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتےہوئے کہا کہ جزیرے کی قسمت کا فیصلہ کوئی اور نہیں بلکہ وہاں رہنے والے عوام کریں گے، ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن دفاع کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔خیال رہے کہ تائیوان کو چین اپنا حصہ سمجھتا ہے جبکہ تائیوان خود کو آزاد ریاست تصور کرتا ہے جس پر دونوں کے درمیان کشیدگی اور تنازع کئی برس سے چلا آرہا ہے اورحال ہی میں کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔خطے کے امور نے ماہرین نے کہا  ہے کہ چین اور تائیوان کی کشیدگی سے خطے کا امن خطرے میں ہیں تاہم یہ خوش آئند بات ہے کہ دونوں ممالک نے مسئلے کے پُر امن حل پر زور دیا ہے۔ واضح رہے کہ تائیوان کا مسئلہ چین اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا بھی باعث ہے کیونکہ امریکہ چین کو زچ کرنے کیلئے تائیوان کی مدد اور حمایت پر آمادہ رہتا ہے۔ جبکہ چین کو یہ بات ناگوار ہے ۔ 

taiwan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK