Inquilab Logo

ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک کی دولت اوراس کے وسائل پر کارپوریٹ گھرانے قبضہ کرتے جا رہے ہیں

Updated: September 14, 2021, 9:14 AM IST | sirsa

ہریانہ میں منعقدہ مہاپنچایت میں کسان لیڈر اتل کمار انجان کا اظہار خیال، کہا کہ’ملک بکنےنہیں دوں گا‘ جیسا نعرہ دے کر اقتدار میں آئی مودی حکومت نے اس نعرے کو ’ملک بیچ کر دم لوں گا‘ بنادیا ہے

On Monday, farmers in Bangalore, Karnataka, also protested against the three controversial agricultural laws.Picture:PTI
پیر کو کسانوں نے کرناٹک کے شہر بنگلورمیں بھی تینوں متنازع زرعی قوانین کے خلاف مظاہرہ کیا تصویرپی ٹی آئی

 سوامی ناتھن کمیشن میں کسانوں کے واحد نمائندہ رہے اور آل انڈیا کسان سبھا کے قومی جنرل سکریٹری اتل کمار انجان نے حکومت پر ا لزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی دولت کارپوریٹ گھرانوں کے قبضے میں ہے لیکن ’ملک بکنےنہیں دوں گا‘  جیسا نعرہ دے کر اقتدار میں آئی مودی حکومت نے اس نعرے کو ’ملک بیچ کر دم لوں گا‘ بنادیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب بہت ہوگیا۔ اس حکومت کو ۲۰۲۴ء کے عام انتخابات میں عوام باہر کا راستہ دکھا دیں  گے۔اتل کمار انجان متحدہ کسان مورچہ کی مہا پنچایت میں سرسہ پہنچے تھے۔ کسان سبھا کی جانب سے پریس کانفرنس میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت عالمی بینک سے تین لاکھ کروڑ کا قرض لے کر ڈیڑھ لاکھ کروڑ کا قرض بھر رہی ہے۔ اس وقت ملک کے ہر خاندان پر۲۷؍ ہزار روپوں کا قرض ہے اور حالات روز بروز خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  اگر بجلی  بل۲۰۲۰ء واپس نہیں لیا گیا تو فی یونٹ بجلی۱۸؍ روپے ہوگی اور تمام ریاستوں کے بجلی گھر نجی کمپنیوں کو دے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تحریک صرف پنجاب، ہریانہ اور اتر پردیش کیلئے نہیں ہے بلکہ یہ پورے ملک کیلئے ہے۔
        ہریانہ کے کسانوں کی تعریف کرتے ہوئے اتل کمار انجان نے کہا کہ یہاں کے کسان بی جے پی اور جے جے پی اتحاد کے وزراء کو گاؤں میں داخل نہیں ہونے دے رہے ہیں اور جمہوری طریقے سے ان کی مخالفت کر رہے ہیں جبکہ حکومت کسانوں پر غداری کا مقدمہ چلا رہی ہے اور  اس طرح ریاست کے۳۵؍ ہزار لوگوں پر مقدمے قائم کئے گئےہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہریانہ کے لوگ ان لیڈروں کو دیکھتے ہی پیٹنے لگ  جائیں۔
     کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک اور کسان لیڈر گرنام سنگھ چڈھونی نے کہا کہ جب بھی کسی حکومت نے عوام سے ٹکرانے کی کوشش کی ہے تب تب اُس حکومت کومنہ کی کھانی پڑی ہے۔ کسانوں کے پروگراموں میں لاکھوں لوگوں کا جمع کرنا  ظاہر کرتا ہے کہ بہت جلد حکومت اقتدار سے محروم ہونے والی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اشارے  پر جس طرح کرنال میں کسانوں پر وحشیانہ لاٹھیاں برسائی گئیں، اس سے جہاں حکومت کو خفت اٹھانی پڑی  وہیں لوگوں میں حکومت کے خلاف غصہ بڑھ گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK