Inquilab Logo

آئی پی ایل بنگلور کی شکست کے ساتھ ہی وراٹ کوہلی کی کپتانی کا سفر بھی ختم

Updated: October 13, 2021, 11:50 AM IST | Agency | Sharja

کولکاتا نائٹ رائیڈرس دوسرے کوالیفائر میں داخل۔ وراٹ کوہلی کی ٹیم بنگلور کو ۴؍وکٹ سے شکست دے کر کولکاتا نے دہلی سے مقابلہ طے کیا۔ بنگلور میں کوہلی کی کپتانی کا دور کا خاتمہ

Virat Kohli .Picture:INN
وراٹ کوہلی ۔تصویر: آئی این این

 کیریبین آل راؤنڈر سنیل نارائن (۲۱؍ رن پر۴؍وکٹ اور۲۶؍ رن) کی بہترین کارکردگی کی بدولت کولکاتا نائٹ رائیڈرس نے رائل چیلنجرز بنگلور کو پیر کو ۴؍ وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں جگہ بنا لی  جہاں بدھ کو اس کا مقابلہ دہلی کیپٹلس سے ہو گا ۔  اس شکست کے ساتھ وراٹ کا بنگلور کو ایک بار اپنی کپتانی میں چمپئن بنانے کا خواب ٹوٹ گیا ہے ۔ وراٹ کی کپتانی میں بنگلور کبھی بھی آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکاہے۔ وراٹ اس ٹورنامنٹ کے بعد آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے بعد وہ ہندوستان کی ٹی۲۰؍ ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دیں گے۔  کولکاتا نے بنگلور کو۲۰؍اوور میں ۷؍ وکٹوں پر۱۳۸؍ رن پر روکنے کے بعد۱۹ء۴؍ اوور میں ۶؍ وکٹوں پر۱۳۹؍رن بنا کر کامیابی حاصل کی ۔ کولکاتا کا بدھ کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں شارجہ میں دہلی کیپٹلس کے ساتھ مقابلہ ہو گا اور فاتح ٹیم فائنل میں چنئی سپر کنگز سے لڑے گی ۔   کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے اسپنر سنیل نارائن نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے۲۱؍ رن پر۴؍ وکٹ لے کر رائل چیلنجرز بنگلور کو آئی پی ایل کے ایلیمینیٹرمیچ میں پیرکو۲۰؍ اوورمیں ۷؍ وکٹ پر۱۳۸؍رن کے معمولی اسکور پر روک دیا ۔ بنگلور کے کپتان وراٹ کوہلی نے۳۳؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ۳۹؍رن بنائے۔ وراٹ کونارائن نے ٹیم کے۸۸؍ رن  اسکور پرتیسرے بلے باز کے طور پر بولڈ کیا ۔ وراٹ نے دیودت پڈیکل کے ساتھ اوپننگ شراکت میں۴۹؍رن جوڑے۔ پڈیکل ۱۸؍ گیندوں پر ۲؍ چوکوں کی مدد سے ۲۱؍ رن بنا کر لوکی فرگیوسن کی گیند پر بولڈ ہوئے ۔ شریکر بھرت۱۶؍گیندوں پر ۹؍ رن بناکر نارائن  کی گیند پر بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں وینکٹیش ایّر کے ہاتھوں کیچ ہو گئے ۔  بھرت  کا  وکٹ۶۹؍  پر اور وراٹ کاوکٹ ۸۸؍رن  پرگرا۔ گلین میکسویل ۱۸؍گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے۱۵؍رن بنا کر نارائن کا چوتھا شکار بنے۔ اس سے قبل نارائن نے اے بی  ڈی ویلیئرس کو بولڈ کر کے پویلین بھیجا تھا۔ ڈی ویلیئرس نے ۹؍ گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے۱۱؍رن بنائے۔ شہبازاحمد۱۴؍گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے۱۳؍ رن بنا کر فرگیوسن کا دوسرا شکار بن گئے۔ ڈینیل کرسچین  ۸؍  گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے۹؍رن بنا کر اننگز کے آخری اوور میں آؤٹ ہوئے۔ ہرشل پٹیل ۶؍ گیندوں پر ۸؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کولکاتا  کی جانب سے نارائن نے ۴؍ اوور میں ۲۱؍رن پر ۴؍ وکٹ اور فرگیوسن نے ۴؍ اوور میں ۳۰؍ رن دے کر۲؍ وکٹ  لئے۔  ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے شبھمن گل نے۱۸؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں کی مدد سے ۲۹؍رن بنا کرٹیم کو تیز شروعات دی۔ وینکٹیش ایّرنے۳۰؍ گیندوں میں ایک چھکے کی مدد سے ۲۶؍ رن  بنائے۔ راہل ترپاٹھی ۶؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ نتیش رانا نے۲۵؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ سنیل نارائن نے صرف۱۵؍ گیندوں پر ۳؍ چھکے لگا کر۲۶؍رن بنائے۔ دنیش کارتک ۱۲؍ گیندوں پر۱۰؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ کپتان ایون مورگن نے ناٹ آؤٹ ۵؍ اور شکیب الحسن نے ناٹ آؤٹ ۹؍ رن بناکر کولکاتا  کو ۲؍ گیند رہتے ہوئے فتح دلا دی۔نارائن کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ منتخب کیا گیا ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK