• Sat, 21 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کنگ خان کی ’’جوان‘‘ ملک کے ہر جوان سے سوال کرتی ہے

Updated: September 21, 2023, 03:18 AM IST | Mubeen Shaikh | Mumbai

کنگ خان کی ’’جوان‘‘ ملک کے ہر جوان سے سوال کرتی ہے

حال ہی میں ریلیز ہوئی شاہ رُخ خان کی فلم’’جوان‘‘ نے لوگوں کے ضمیر کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایسے دَور میں جبکہ اکثر اِسلاموفوبیا کے موضوع پر فلمیں بناکر لوگوں کے دِلوں میں نفرت کا زہر بھرا جا رہا ہو، جہاں جھوٹی اور پروپیگنڈےسے بھری کہانیوں کو پیش کر کے لوگوں کے درمیان دوریاں پھیلائی جا رہی ہوں اور جھوٹ کو سچ اور سچ کو جھوٹ بنا کر پیش کیا جا رہا ہو وہاں پر حقائق سے پُر اس طرح کی فلم بنانا یقیناً جرأت کا کام ہے۔شاہ رُخ خان، تمل فلم انڈسٹری، ’جوان‘ کے ڈائریکٹر ایٹلی اور پوری فِلم یونٹ کی ہمت کو داد دینی چاہئے اور اُن کے حوصلوں کو سلام کیا جانا چاہئے کہ اُنہوں نے اپنی فلم میں ملک کے سماجی اور قومی مسائل کو بہت خوبصورتی سے پیش کیا ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اس فلم کو دیکھنے والوں کی خوشی اور غصے سے آوازیں اور چیخیں تک نکل جاتی ہیں۔ ایسے دَور میں جہاں میڈیا نے سوال پوچھنا چھوڑ دیا ہو، جہاں فلمیں بھی خوشامد کیلئے بنائی جا رہی ہو، وہاں ’جوان‘ جیسی فلم بنانے کی جرأت کرنا اپنے آپ میں ملک کو آئینہ دِکھانے کےمترادف ہے۔ ایسی فلم جو سماج سے اور عوام سے سوال کرتی ہے اور انہیں ان کی ذمہ داریاں یاد دلاتی ہے کہ جب آپ اگلے ۵ ؍سال کیلئے حکومت منتخب کرنے جا رہے ہیں تو اپنی ووٹ کی انُگلی کو ذات پات، فرقے اور مذہب کے نام پر ووٹ دینے کے بجائے تعلیم، روزگار، صحت اور ملک کے مسائل پر سوال اُٹھانے کیلئے استعمال کریں۔ اگر آپ یہ مطالبہ پورا کریں گے تو ہی غربت، بدعنوانی اور ناانصافی سے آزادی ملے گی۔ اس فلم میں کسانوں کی خودکُشی، صحت کے خراب شعبے، آکسیجن کی قلت، سرمایہ داری کی سیاست، فرقہ وارانہ منافرت اور ووٹنگ کے مسائل پر بات کی گئی ہے۔اِس فلم نے ایسے کئی سوالات سماج سے، عوام سے اور سیاسی لیڈروں سے پوچھے ہیں جیسے پوچھنے کی ہمت کئی سال سے نہ میڈیا نے کی، نہ ہی عوام نے۔ شاہ رُخ خان نے لوگوں کی آواز بن کر اِس فلم سے بہت گہری بات کہہ دی، جو نا قابل فراموش ہے۔

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK