اونٹوں کو صحرا کا جہاز کہا جاتا ہے جو کئی دنوں تک پانی کے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 18, 2024, 4:03 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
اونٹوں کو صحرا کا جہاز کہا جاتا ہے جو کئی دنوں تک پانی کے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔
اونٹوں کو صحرا کا جہاز کہا جاتا ہے جو کئی دنوں تک پانی کے بغیر بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔ ہندوستان میں یہ راجستھان، پنجاب اور ہریانہ وغیرہ میں پائے جاتے ہیں۔اونٹوں کو دیکھتےہوئے کیا آپ نے کبھی سوچا کہ ان پر کوہان کیوں ہوتے ہیں اور وہ کس کام آتے ہیں؟
یہ صرف پانی جمع کرنے کیلئے نہیں ہوتا ہے
بیشتر افراد یہ سمجھتے ہیں کہ اونٹ کا کوہان پانی کا ذخیرہ کرنے کے کام میں آتا ہے مگر یہ درست نہیں ہے۔ اگرچہ اونٹ کے پاس پانی کو ذخیرہ کرنے کے متعدد طریقے ہوتے ہیں مگر کوہان اس مقصد کیلئے نہیں ہوتا۔ کوہان کا مقصد چربی کا ذخیرہ ہوتا ہے۔
ماہرین کے مطابق صحرا کے خشک موسم میں اکثر پانی اور خوراک کی کمی ہوتی ہے تو جب کھانا دستیاب ہوتا ہے تو اونٹ اتنا کھا لیتاہے کہ اس کی کیلوریز سے چربی کوہان کی شکل میں جمع ہو جاتی ہے تاکہ وہ غذا کے بغیر بھی طویل عرصے تک زندہ رہ سکے۔ایک کوہان کی بدولت اونٹ خوراک کے بغیر ۴؍ یا ۵؍ماہ تک زندہ رہ سکتا ہے۔ جب خوراک نہ ملنے پر اونٹوں کا جسم یہ چربی استعمال کرتا ہے تو کوہان کسی غبارے کی طرح پچک جاتاہے، مگر دوبارہ مناسب اور بھر پور مقدار میں کھانے سے وہ پھر پھول جاتا ہے۔
اونٹوں کا بچہ کوہان کے ساتھ پیدا نہیں ہوتا
پیدائش کے ۱۰؍ماہ سے ایک سال بعد کوہان بننا شروع ہوتاہے مگر ایسا جنگلی اونٹوں میں زیادہ عام ہوتا ہے کیونکہ صحرا میں خوراک کی کمی ہوتی ہے۔اونٹوں کی ۲؍ اقسام ہیں، ایک باختری اونٹ جو مغربی چین اور وسطی ایشیا میں پائی جاتی ہے جن کے جسموں میں ۲؍ کوہان ہوتے ہیں جبکہ دوسری قسم عربی اونٹوں کی ہے جن کے جسم میں ایک کوہان ہوتا ہے۔ ۲؍کوہانوں سے بغیر خوراک کے زندہ رہنے کی مدت میں اضافہ نہیں ہوتا ہے۔