• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

امریکی موجد بیلالوئز ہنری کی ایجادات ۱۰۰؍ سے زائد تھیں

Updated: February 16, 2024, 4:08 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

ان کی اہم ایجادات میں بوبن فری سلائی مشین اور ویکیوم آئس کریم فریزر شامل ہیں۔ انہوں نےخواتین کو بااختیار بنانے کیلئے بھی کام کیا۔

Bella Henry, popularly known as `Lady Addison`, also worked for various companies. Photo: INN
’لیڈی ایڈیسن ‘کے نام سے مشہور بیلا ہنری نے مختلف کمپنیوں کیلئے بھی کام کیا۔ تصویر : آئی این این

بیلا لوئس ہنری (Beulah Louise Henry) ایک امریکی موجد تھیں۔۱۹۳۰ء میں انہیں ان کی کئی ایجادات کی وجہ سے’لیڈی ایڈیسن‘ کا لقب دیا گیا۔ پیٹنٹ آفس سوسائٹی جرنل کے مطابق، ۱۹۳۷ء میں، وہ’امریکہ کی معروف نسائی موجد‘ کے طور پر جانی جاتی تھیں۔ ہنری نے روزمرہ کی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے بہت ساری مصنوعات اور اختراعات کو پیٹنٹ کیا۔ان کی ایجادات میں بوبن فری سلائی مشین اور ویکیوم آئس کریم فریزر شامل ہیں۔ بیلا ہنری نے۴۹؍ پیٹنٹ حاصل کئے تھے جبکہ ان کی ایجادات کی مجموعی تعداد ۱۱۰؍ کے قریب تھی۔
بیلا لوئز ہنری کی پیدائش۲۸؍ستمبر ۱۸۸۷ء کو شمالی کیرولینا میں ہوئی تھی۔ بچپن ہی سے ہنری ایک تخلیقی ذہنیت کی حامل اورمتجسس لڑکی تھیں۔ وہ مصوری اور موسیقی سے بھی لطف اندوز ہوتی تھیں، لیکن ان کا پسندیدہ مشغلہ ان چیزوں کی نشاندہی کرنا تھا جو انہیں غلط نظر آتی تھیں۔وہ ان چیزوں میں ضروری تبدیلیوں کی حامی تھیں۔ ایجاد کیلئے بیلا ہنری کے پہلے آئیڈیاز میں سے ایک میکینکل ہیٹ ٹپر تھا۔ ۹؍ سال کی عمر میں انہوں نے ایجادات کے خاکے بنانا شروع کر دیئے تھے اور ۱۹۱۲ء تک یعنی۲۵؍ سال کی عمر میںانہوں نے ویکیوم آئس کریم فریزر کیلئے اپنا پہلا پیٹنٹ حاصل کر لیا تھا۔ ۱۹۰۹ء سے ۱۹۱۲ء تک بیلا نے نارتھ کیرولینا پریسبیٹیرین کالج اور شارلٹ میں ایلزبتھ کالج میں تعلیم حاصل کی۔
بیلا ہنری نے خواتین کیلئے معیار زندگی کو بہتر بنانے والی مصنوعات پر توجہ مرکوز کی جس میں ہیئر کرلر، وینٹی کیس، اور ربڑ کے اسفنج صابن ہولڈر شامل ہیں۔ ان کی سب سے نمایاں ایجادات میں سے ایک ’اسنیپ آن‘ پیراسول تھاجس میں مختلف رنگوں کے اسنیپ آن کپڑوں کے کور تھے۔۱۹۳۲ء میں بیلا ہنری نے کاروباری استعمال کیلئے ’پروٹوگراف‘ ایجاد کیا۔ ڈیوائس نے کاربن پیپر کے بغیر ایک وقت میں دستاویزات کی چار ٹائپ رائٹ کاپیاں بنائیں۔ بچوں کیلئے ہنری نے’مس الیوشن ‘ایک ایسی گڑیابنائی جس کی آنکھیں رنگ بدل سکتی تھیں۔
ہنری کی سب سے مشہور ایجادات میں سے ایک ’ڈبل چین اسٹیچ سلائی مشین‘ ہے۔ وہ ایک ایسی سلائی مشین بنانا چاہتی تھیں جو دھاگے کو نہ الجھائے اور سلائی پہلے سےزیادہ مضبوط ہو۔اس ایجاد نے عام سلائی مشین کی رفتار کو دوگنا کردیا۔یہ ایجاد آج بھی فیکٹریوں میں موافق شکل میں استعمال ہوتی ہے۔
۱۹۱۲ءسے یعنی اپنی پہلی ایجاد سے ۱۹۶۲ء تک تقریباً ۳۳؍ مصنوعات اور اختراعات پیش کیں۔۱۹۲۴ء میں نیو یارک منتقل ہوجانے کے بعد بیلا ہنری نے ایک اختراع کار کے طور پر مختلف کمپنیوں کیلئےکام کیا۔ مثلاً مرجنتھلر لینو ٹائپ اور انٹرنیشنل ڈول کمپنی وغیرہ۔ وہ جتنی اس دور میں کامیاب خاتون تھیں اتنی ہی اب بھی اور اب تک کی سب سے کامیاب خواتین موجدوں میں سے ایک سمجھی جاتی ہیں۔ امریکی موجد بیلا لوئز ہنری کا انتقال یکم فروری ۱۹۷۳ء کو ۸۵؍ سال کی عمر میں امریکہ میں ہوا تھا۔ بعد از مرگ انہیں۲۰۰۶ء میں نیشنل انوینٹرز ہال آف فیم میں شامل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK