• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

این رائل کو امریکہ کی پہلی خاتون صحافی ہونے کا اعزاز حاصل ہے

Updated: July 26, 2024, 4:20 PM IST | Mumbai

وہ’’ پال پرائی ‘‘ اور’’دی ہنٹریس‘‘ کی ناشر اور ایڈیٹر بھی رہیں،اپنے اخبار میںانہوں نے امریکی حکومت کی نااہلی کیخلاف آواز بلند کی تھی۔

Ann Royal`s journalistic career spans 30 years. Photo: INN
این رائل کا صحافتی کریئر ۳۰؍ برسوں پر محیط ہے۔ تصویر: آئی این این

این رائل (Anne Royall) امریکہ کی پہلی خاتون صحافی،امریکی صدر کا انٹرویو کرنے والی پہلی خاتون، واشنگٹن ڈی سی میں ’’پال پرائی’’ اور’’ دی ہنٹریس‘‘کی ناشر اور ایڈیٹر تھیں۔اس کے علاوہ وہ کئی سفرناموں کی مصنفہ تھیں۔ این رائل کی پیدائش ۱۱؍ جون ۱۷۶۹ء کو میری لینڈ کے بالٹیمور میں این نیوپورٹ میں ہوئی تھی۔ وہ پنسلوانیا کے مغربی سرحدی علاقے میں پلی بڑھیں۔ان کا تعلق ایک غریب خاندان سے تھا ۔ابھی وہ کم عمر ہی تھیں کہ والد کا سایہ سر سے اٹھ گیا۔بعد ازاں ان کا خاندان مغربی ورجینیا کی طرف ہجرت کر گیا۔ وہاں ۱۶؍ سالہ این رائل اوران کی بیوہ ماں ولیم رائل کے گھر میں ملازم تھے۔ ولیم رائل ایک امیر امریکی انقلابی اور فلسفی تھے جو منرو کاؤنٹی (اب مغربی ورجینیا میں) کے سویٹ اسپرنگس میں رہتے تھے۔ ولیم رائل نےاین کی تعلیم کا بندوبست کیا، انہیں شیکسپیئر اور والٹیر کے کاموں سے متعارف کرایا اور انہیں اپنی وسیع لائبریری کے مفت استعمال کی اجازت دی۔ ۱۷۹۷ء میں این رائل اور ولیم رائل نے شادی کرلی۔
این نے اگلے چار سال الاباما میں گزارے۔ اس دوران انہوں نےاپنے ایک دوست کو ریاست کے ارتقاء کے بارے میں خطوط لکھے جو بالآخر الاباما سے خطوط کے نام سے شائع ہونے والے ایک مخطوطہ میں تبدیل ہو گئے۔انہوں نے واشنگٹن ڈی سی روانہ ہونے سے پہلے’’ دی ٹینیسی‘‘ نامی ایک ناول بھی لکھا۔ وہ ۱۸۲۴ءمیں ایک سابق فوجی کی بیوہ کے طور پر وفاقی پنشن کیلئے درخواست دینے واشنگٹن پہنچیں۔ اس وقت پنشن قانون کے تحت، بیواؤں کو کانگریس کے سامنے اپنے مقدمات کی درخواست کرنی پڑتی تھی۔ واشنگٹن میں پنشن حاصل کرنے کی کوشش کے دوران، این نے صدر جان کوئنسی ایڈمز کو صبح دیکھ لیا اور ان سے ملاقات کا انتظار کرنے لگیں۔آخر کار این کی صدر سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے ان کے سوالوں کے جوابات دیئے۔یہ کسی بھی خاتون کو دیا جانے والا پہلا صدارتی انٹرویو تھا۔ایڈمز نے بعد میں پنشن کیلئے این کی درخواست کی حمایت کی۔
واشنگٹن کے بعد این نے نیو انگلینڈ، پنسلوانیا، نیو یارک اور میساچوسٹس کا دورہ کیا اور ہر سفر کے متعلق نوٹ لکھے۔ بوسٹن میںانہوں نے جان ایڈمز کو اپنے بیٹے اور بہو کے بارے میں اپ ڈیٹ دینے کیلئے ان سے ملاقات کی۔ پھر۱۸۲۶ء میںانہوں نے ’’امریکہ میں تاریخ، زندگی اور آداب کے خاکے‘‘ عنوان سے اپنے نوٹ شائع کئے۔
واشنگٹن لوٹنے کے بعد این رائل نے ۱۸۳۱ءمیں ایک دوست سیلی اسٹیک کی مدد سے اپنے گھر سے ایک اخبار’’پال پرائی ‘‘ شائع کیا۔اس اخبار میں این نے حکومتی بدعنوانی اور نااہلی کے خلاف جنگ لڑی اور ریاستوں کے حقوق، سنڈے میل سروس، اور رومن کیتھولک اور میسنزکیلئے رواداری کو فروغ دیا۔ یہ اخبار ۱۸۳۶ء تک شائع ہوا،بعد میں اس کی جگہ’’ دی ہنٹریس‘‘ نے لے لی۔این رائل کی مالی پریشانیوں میں اضافہ ہوتا گیا جو ان کی موت تک رہا۔ این رائل کا انتقال یکم اکتوبر ۱۸۵۴ء کو واشنگٹن میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK