۲۱؍ مارچ کو ’’ورلڈ پوئٹری ڈے‘‘ منایا جارہا ہے جس کا مقصدشاعری کی خوبصورتی، اظہار کے منفرد انداز اور مختلف ثقافتوں میں اس کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔ اس دن مشہور شعراء کی نظمیں بھی پڑھی جاتی ہیں۔
EPAPER
Updated: March 27, 2025, 12:34 PM IST | Afzal Usmani and Aaliya Sayed | Mumbai
۲۱؍ مارچ کو ’’ورلڈ پوئٹری ڈے‘‘ منایا جارہا ہے جس کا مقصدشاعری کی خوبصورتی، اظہار کے منفرد انداز اور مختلف ثقافتوں میں اس کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔ اس دن مشہور شعراء کی نظمیں بھی پڑھی جاتی ہیں۔
’’ورلڈ پوئٹری ڈے‘‘ (World Poetry Day) کی مناسبت سے جانئے اردو اور انگریزی زبان کی بہترین ۱۰؍ نظموں کے بارے میں۔ یہ نظمیں نصابی کتابوں اور انٹرنیٹ پر دستیاب ہیں، انہیں تلاش کرکے ضرور پڑھئے۔
اردو کی بہترین ۱۰؍ نظمیں
(۱) روٹیاں (شاعر: نظیر اکبر آبادی)
یہ حقیقت پسندانہ اور معاشرتی نظم ہے جس میں شاعر نے روٹی کی اہمیت کو انتہائی دلچسپ اور لطیف انداز میں بیان کیاہے۔
(۲) مٹی کا دیا(شاعر: الطاف حسین حالی)
یہ نظم سکھاتی ہے کہ اصل کامیابی دوسروں کیلئے جینے، خدمت کرنےاور ایثار کے جذبات رکھنے میں ہے۔ یہ نظم ہمیں زندگی کی حقیقت، عاجزی، قربانی اور نیکی کے فلسفے کی طرف متوجہ کرتی ہے۔
(۳) ملمع کی انگوٹھی(شاعر: اسماعیل میرٹھی)
یہ ایک تمثیلی اور نصیحت آموز نظم ہے جس میں نصیحت دی گئی ہے کہ دھوکہ دہی اور فریب سے بچ کر حقیقت کو ترجیح دینی چاہئے۔
(۴) ہمالہ(شاعر: علامہ اقبال)
’’ہمالہ‘‘ میں اقبال نے قدرت کی خوبصورتی، استقلال، صبر اور بلندی کے تصورات کو دلنشین انداز میں پیش کیا ہے۔ یہ نظم فطرت کی تعریف ہے مگر اس میں قوم کیلئے پیغام بھی ہے کہ وہ اپنی عظمت کو پہچانے، ثابت قدم رہے اور بلند حوصلہ کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو۔
(۵) او دیس سے آنے والے بتا(شاعر: اختر شیرانی)
یہ ایک جذباتی نظم ہے جس میں شاعر پردیس میں رہنے والے شخص کے دل کی کیفیت بیان کرتا ہے۔ یہ نظم وطن کی محبت، جدائی کے درد اور اپنوں سے دوری کے احساسات کو سموئے ہوئے ہے۔
(۶) میرا سفر(شاعر: علی سردار جعفری)
یہ نظم درحقیقت ایک نظریاتی اور فکری انقلاب کی نمائندہ ہے۔ اس میں امید، جدوجہد اور روشن مستقبل کا پیغام ہے۔ یہ ایک ایسے سماج کا خواب ہے جہاں ہر شخص کو برابری کے حقوق حاصل ہوں۔
(۷) ایک لڑکا(شاعر: اخترالایمان)
اس نظم میں شاعر نے لڑکے کو ایک علامت کے طور پر استعمال کیا ہے جو بچپن کی آزادی، معصومیت اور جستجو کو ظاہر کرتا ہے۔ لیکن جیسے ہی وہ سماجی دباؤ اور حقیقت کی سختیوں کا سامنا کرتا ہے، اس کی سوچ میں تبدیلی آتی ہے اور وہ اپنی معصومیت کھو دیتا ہے۔ یہ نظم سکھاتی ہے کہ زندگی میں سوالات کرنااور آزادیٔ فکر کی حفاظت ضروری ہے۔
(۸) سڑک بن رہی ہے(شاعر: سلام مچھلی شہری)
یہ ایک علامتی نظم ہے جس میں ترقی کے عمل اور اس کے اثرات کو منفرد انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس نظم میں شاعر نے عام آدمی کی زندگی، اس کے مسائل کو ایک حساس زاویے سے اجاگر کیا ہے۔ یہ نظم اس لئے بھی دلچسپ ہے کہ اسے موسم گرما کی مناسبت سے لکھا گیا ہے جہاں مزدور ایک سڑک بنارہے ہیں۔
(۹) اردو زباں (شاعر: گلزار)
یہ نظم اردو زبان کی عظمت، اس کی گنگا جمنی تہذیب، اور اس کی مٹھاس کو اجاگر کرتی ہے۔ شاعر اس نظم میں اردو کے الفاظ، ان کی نرمی، اور اس زبان کے مختلف ثقافتی حوالوں کو بیان کرتا ہے۔
(۱۰) وقت(شاعر: جاوید اختر)
یہ وقت کی اہمیت، اس کے تغیر اور انسانی زندگی پر اس کے اثرات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ نظم وقت کی بے رحمی، اس کی مسلسل روانی اور انسان پر اس کے اثرات کو فلسفیانہ انداز میں پیش کرتی ہے۔
انگریزی کی بہترین ۱۰؍ نظمیں
1. A Fairy Song by William Shakespeare
برطانوی شاعر ولیم شیکسپیئر نے یہ نظم ۱۵۹۶ء میں لکھی تھی جس میں ایک پری اور ’کو سلیپس‘ نامی پھول کی کہانی بیان کی گئی ہے جس پر پری شبنم کے قطرے ڈالتی ہے اور انہیں اپنی ’فیری کوئین‘ کہتی ہے۔
2. No Man Is An Island by John Donne
برطانوی شاعر جون ڈون نے یہ نظم ۱۶۲۴ء میں لکھی تھی۔ اس میں انہوں نے بتایا ہے کہ کوئی بھی انسانیت سے علاحدہ نہیں۔ لوگوں کو زندگی کے ہر قدم پر ایک دوسرے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اس لئے لوگوں کو ایک دوسرا کا ہاتھ تھام کر چلنا چاہئے۔
3. A Dream Within A Dream
by Edgar Allan Poe
امریکی مصنف اور شاعر نے یہ نظم ۱۸۴۹ءمیں لکھی تھی۔ شاعر کو اپنے محبوب سے جدا ہونے کا غم ہے۔ وہ ناامید ہے اور اسے ایسا لگ رہا ہے کہ زندگی بذات خود ایک وہم ہے۔
4. O Captain! by Walt Whitman
امریکی مصنف والٹ وہٹ مین نے یہ نظم ۱۸۶۵ء میں لکھی تھی جس میں انہوں نے ۱۶؍ ویں امریکی صدر ابراہم لنکن کو خراج عقیدت پیش کیا ہے، اور انہیں کیپٹن قرار دیا ہے۔
5. Still I Rise by Maya Angelou
امریکی شاعرہ مایا اینجلو نے یہ شاہکار نظم ۱۹۷۸ء میں لکھی تھی۔ یہ سیاہ فام نسل پرستی کے خلاف لکھی گئی ہے۔ مایا اینجلو نے نظم میں نشاندہی کی ہے کہ سیاہ فام یا معاشرے کے پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد دہائیوں سے ہورہے استحصال کو بھول کر سماج میں اپنی شناخت قائم کریں گے اور اپنا وقار بلند کریں گے۔
6. Hope Is The Thing With Feathers
by Emily Dickinson
یہ نظم ۱۸۹۱ء میں شائع ہوئی تھی جس میں شاعرہ نے امید کوایک پرندے کے طور پر پیش کیا ہے جو انسانی روح کے اندر رہتی ہے۔
7. Invictus by William Ernest Henley
برطانوی مصنف ولیم ارنیسٹ کی یہ نظم ۱۸۸۸ء میں شائع ہوئی تھی جس میں شاعر کہہ رہا ہے کہ مشکلات میں انسان کو مزاحمت کرنی چاہئے، اور ناامیدی سے بچتے ہوئے خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے۔
8. If by Rudyard Kipling
برطانوی مصنف رڈیارڈ کپلنگ کی یہ نظم ۱۹۱۰ء میں شائع ہوئی تھی جس میں ایک باپ اپنے بیٹے کو نصیحت کررہا ہے کہ اگر اسے زندگی میں کامیاب انسان بننا ہے تو اسے مسلسل جدوجہد کرنی ہوگی اور اعتدال پسندی، صبر اور ثابت قدمی اختیار کرنی ہوگی۔
9. Stopping by Woods
On a Snowy Evening by Robert Frost
امریکی شاعر رابرٹ فراسٹ کی تخلیق کردہ یہ نظم ۱۹۲۲ء میں شائع ہوئی تھی۔ اس نظم کو ایک سیاح کے نقطۂ نظر سے بیان کیا گیا ہے جو اپنے سفر کے دوران رات کے وقت اپنے گھوڑے کے ساتھ جنگل میں ٹھہر جاتا ہے۔ شاعر کی یہ خواہش ہے کہ وہ قدرتی منظر سے لطف اندوز ہو لیکن کئی ذمہ داریاں اسے ایسا کرنے سے روک دیتی ہیں۔
10. Dreams by Langston Hughes
امریکی شاعر لینگسٹن ہیوزکی نظم یہ نظم ۱۹۲۳ء میں شائع ہوئی تھی جس میں انہوں نے خوابوں کی طاقت کو واضح کیا ہے اوربتایا ہے کہ خوابوں کو کبھی مرنے نہیں دیا جانا چاہئے۔ خواب ہی ہیں جو انسان کو کامیاب اور منفرد بناتے ہیں اس لئے ان کا پیچھا کرنا چاہئے۔