وی وی گری واحد صدر ہیں جو بطور آزاد امیدوار منتخب ہوئے تھے، انہوں نے ہندوستان کی جنگ آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاتھا۔
EPAPER
Updated: June 28, 2024, 4:39 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
وی وی گری واحد صدر ہیں جو بطور آزاد امیدوار منتخب ہوئے تھے، انہوں نے ہندوستان کی جنگ آزادی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیاتھا۔
وی وی گری (V. V. Giri) ملک کے چوتھے صدر جمہوریہ تھے۔ وی وی گری آزاد ہندوستان کی تاریخ میں واحد صدر ہیںجو بطور آزاد امیدوار منتخب ہوئے تھے۔۱۹۷۴ء میں ان کے بعد فخر الدین علی احمد صدر جمہوریہ بنے تھے۔ ۱۹۷۵ءمیں حکومت ہند نے انہیں بھارت رتن سے نوازا تھا۔
وی وی گری کی پیدائش ۱۰؍ اگست ۱۸۹۴ءکوبرہم پور، ادیشہ میں ہوئی تھی۔ ان کے والد وی وی جوگیا پنتولو ایک کامیاب وکیل اور انڈین نیشنل کانگریس کے رکن تھے۔ وہ ایک فعال سیاسی کارکن بھی تھے۔ان کی والدہ سبھدرما عدم تعاون اور سول نافرمانی کی تحریکوں کے دوران برہم پور میں قومی تحریک میں سرگرم تھیں۔تحریکوں میں شمولیت کی وجہ سے انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا۔
وی وی گری نے اپنی ابتدائی تعلیم ہل پٹنہ پرائمری اسکول، برہم پور میں اور اعلیٰ تعلیم خلی کوٹ کالج سے مکمل کی ۔وہ مسلسل تین بار خلی کوٹ کالج کی طلبہ یونین کیلئے بھی منتخب ہوئے اور برہم پور میں اپنے طالب علمی کے زمانے میں تحریک آزادی میں بھی سرگرم رہے۔۱۹۱۳ءمیں، وہ قانون کی تعلیم حاصل کرنے کیلئے آئرلینڈ گئے جہاں انہوں نے یونیورسٹی کالج ڈبلن آنر ایبل سوسائٹی آف کنگز انز، ڈبلن سے تعلیم حاصل کی۔
اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد وہ ۱۹۱۶ء میں ہندوستان لوٹے اور مدراس ہائی کورٹ میں ملازمت کرنے لگے۔ اس دوران وہ کانگریس کے رکن بن گئے اور کانگریس کے لکھنؤ کے اجلاس میں شرکت کی اور اینی بیسنٹ کے ہوم رول تحریک میں شمولیت اختیار کی۔ ۱۹۲۰ء میں انہوں نے اپنا قانونی کریئرترک کردیاکیونکہ وہ گاندھی جی کی تحریک عدم تعاون سے متاثر ہوئے اور اس تحریک میں شرکت کی۔ ۱۹۲۲ء میں شراب کی فروخت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وہ پہلی بار گرفتار ہوئے تھے۔
وی وی گری ۱۹۳۴ء میں امپیریل لیجسلیٹو اسمبلی کے رکن بنے جہاں وہ ۱۹۳۷ء تک رکن رہے اور اسمبلی میں مزدوروں اور ٹریڈ یونین کی ترجمان بنے۔ ۱۹۳۶ء کے عام انتخابات میں، وی وی گری مدراس قانون ساز اسمبلی کے رکن بنے۔ ۱۹۴۷ء سے۱۹۵۱ء تک وی وی گری نے سیلون (سری لنکا) میں ہندوستان کے پہلے ہائی کمشنر کے طور پر خدمات انجام دیں۔۱۹۵۱ء کے عام انتخابات میں، وہ ریاست مدراس کے پاتھاپٹنم لوک سبھا حلقہ سے پہلی لوک سبھا کیلئےمنتخب ہوئے تھے۔ ۱۹۵۲ء سے ۱۹۶۹ء تک وہ ملک کے مختلف اعلیٰ عہدوںپر فائز رہے جن میں مرکزی وزیر محنت،کیرالاکے گورنر اور نائب صدر جمہوریہ قابل ذکر ہیں۔
۲۴؍اگست۱۹۶۹ءکوانہوں نے بحیثیت صدر جمہوریہ حلف لیا اور۲۴؍ اگست ۱۹۷۴ء تک عہدہ پر برقرار رہے۔ اس کے بعد نئے صدر فخرالدین علی احمد ہوئے۔
اہم بات یہ ہے کہ وی وی گری پہلے صدر ہیں جو بطور آزاد امیدوار انتخاب میں کامیابی حاصل کی اور عہدہ صدارت پر جلوہ افروز ہوئے تھے۔ انہیں ۱۹۷۵ء میں بھارت رتن سے نوازا گیاتھا۔ ان کا انتقال ۲۴؍ جون ۱۹۸۰ء کو چنئی میں ہوا تھا۔