انقلاب کے مشہور کالم ’’کریئر گائیڈنس‘‘ میں پڑھئے طلبہ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے تفصیلی جواب۔
EPAPER
Updated: December 26, 2023, 3:03 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
انقلاب کے مشہور کالم ’’کریئر گائیڈنس‘‘ میں پڑھئے طلبہ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے تفصیلی جواب۔
مجھے لاء کے بارے میں پوچھنا ہے، پچھلے سال میرا گریجویشن مکمل ہوا، اردو ، پالیٹکل سائنس سبجیکٹ سے تو کیا میں لاء کرسکتی ہوں؟ اگر لاء کرسکتی ہوں تو کون سی کتاب دیکھنی چاہئے کلیٹ امتحان کے لئے اور کون سا کالج سب سے بہتر ہوگا لاء کے لئے جس میں کم پیسے لگیں۔
شیخ صالحہ ،ممبئی
جواب: ایل ایل بی کورس بارہویں بعد ۵؍ سال کا اور گریجویشن کے بعد ۳؍ سال کا ہوتا ہے۔ عنقریب یہ کورس گریجویشن کے بعد بند کر دیا جائے گا۔ لیکن ابھی تک یہ کورس گریجویشن کے بعد بھی کیا جاسکتا ہے۔ گریجویشن کے بعد اس کورس میں داخلے کیلئے ضروری ہے کہ آپ انٹرنس امتحان کی تیاری میں لگ جائیں۔ ایل ایل بی کورس میں داخلے کیلئے اسٹریم اور مضمون کی کوئی قید نہیں البتہ آپ کو گریجویشن میں کم از کم ۴۵؍فیصد سے زائد مارکس سے کامیابی ضروری ہے۔ ایل ایل بی ۳؍ سال پر مشتمل کورس کا انٹرنس امتحان مہا سی ای ٹی سیل منعقد کرتی ہے۔ امسال یہ امتحان مارچ کے دوسرے ہفتے میں منعقد ہونے کا امکان ہے جس کیلئے جنوری میں ہی درخواست فارم پُرکئے جائیں گے۔ کلیٹ امتحان کی بنیاد پر نیشنل لا یونیورسٹیز میں ایڈمشن ملتا ہے لیکن یہ امتحان صرف بارہویں کے طلبہ کیلئے ہوتا ہے۔ یا پھر ان گریجویٹس کیلئے جو ایل ایل بی کے بعد این ایل یو میں پوسٹ گریجویشن کرنا چاہتے ہیں۔ نارمل گریجویشن کے بعد کلیٹ کی بنیاد پر ایل ایل بی میں داخلہ ممکن نہیں۔ آپ ابھی ایم ایچ لا سی ای ٹی ۳؍ سال پر مشتمل کورس کی تیاری کریں۔ سی ای ٹی ایک سو پچاس مارکس کا ہوتا ہے۔ چار ضمنی عناوین کے تحت سوالات پوچھے جاتے ہیں ۔پہلا : لیگل اپٹی ٹیوڈ اینڈ لیگل ریزننگ : ۳۰؍ سوالات ۳۰؍ مارکس دوسرا : جنرل نالج وِد کرنٹ افیئرس : چالیس سوالات ، چالیس مارکس تیسرا : لوجیکل اینڈ انالیٹکل ریزننگ : ۳۰؍ سوالات ۳۰؍ مارکس چوتھا : انگلش : پچاس سوالات پچاس مارکس کل ایک سو پچاس مارکس ۔ بازار میں اس سی ای ٹی امتحان کی تیاری کیلئے کئی پبلیکشن کی بکس موجود ہیں جیسے اری ہنت پبلیکشن وغیرہ اس سے تیاری شروع کریں۔
میرا لڑکا بارہویں کا امتحان کامرس سے دینے والا ہے، ایگزام کے بعد دہلی میں اچھے کالج یا علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ایڈمیشن کے لئے کیا کرنا ہوگا؟ انٹرنس کیسے ہوتا ہے اور کیسے معلومات ملے گی؟براہ کرم رہنمائی فرمائیں.
اسد احمد ،دہلی
جواب: نئی تعلیمی پالیسی کے تحت تمام سینٹرل یونیورسٹیز میں انڈر گریویٹ لیول اور پوسٹ گریجویٹ لیول کورسیس میں داخلہ سینٹرل یونیورسٹی انٹرنس ٹیسٹ ( سی یو ای ٹی ) کی بنیاد پر ہوں گے ، یہ انٹرنس گذشتہ دو سال سے منعقد کیے جارہے ہیں ، ان امتحانات کو منعقد کرنے کی ذمہ داری این ٹی اے کو دی گئی ہے۔ نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی امسال بھی سی یو ای ٹی منعقد کرے گا، جس کی تفصیلات این ٹی اے کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہے۔ دہلی میں تمام اچھے کالجز نؤبشمول علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے داخلہ سی یو ای ٹی کی بنیاد پر ہوگا۔ اس لیے آپ سی یو ای ٹی کی تیاری میں لگ جائیں۔