انقلاب کے مشہور کالم ’’کریئر گائیڈنس‘‘ میں پڑھئے طلبہ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے تفصیلی جواب۔
EPAPER
Updated: December 20, 2023, 12:39 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
انقلاب کے مشہور کالم ’’کریئر گائیڈنس‘‘ میں پڑھئے طلبہ کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالوں کے تفصیلی جواب۔
میں بی ایس سی تھرڈ ایئر میں ہوں، یہ جاننا چاہتا ہوں کہ گریجویشن کے بعد فارمیسی فیلڈ میں کیسے جاسکتے ہیں۔ اس کے لئے کورسیز کون سے ہیں ؟
مومن شحیم احمد ، بھیونڈی
جواب : آپ بی ایس سی کیمسٹری کی بنیاد پر ہی فارمیسی کمپنیز جوائن کرسکتے ہیں ۔ فارمیسی کے شعبے میں بہتر ملازمت کے لئے ایم بی اے بھی کیا جاسکتا ہے ۔ اسی طرح کچھ مخصوص کورسیز جیسے کوالیٹی کنٹرول ، کوالیٹی مینجمنٹ ، انالیٹیکل اسکلز ، پی جی ڈپلوما ان کوالیٹی کنٹرول ، لیباریٹری مینجمنٹ وغیرہ اس طرح کے کورسیز کے ذریعے ملازمت کے مواقع بڑھ سکتے ہیں۔ بی ایس سی کیمسٹری کے بعد کئی کورسیز کئے جاسکتے ہیں ۔ فارما کمپنیز کی لسٹ بنائیں ان کے ویب سائٹ دیکھیں۔ ریکروٹمنٹ کے پروسیس کو سمجھیں، اسی طرح آپ ان لوگوں کو رابطہ کریں جو فارما کمپنیز میں فی الوقت ملازمت کر رہےہیں تاکہ انڈسٹری کی ڈیمانڈ اور ریکروٹمنٹ کے لئے اپنے آپ کو تیار کرسکیں۔
میں نویں جماعت میں پڑھ رہی ہوں ، ایم ایس ڈاکٹر بننا چاہتی ہوں۔ اس کے لئے مجھے آگے کیا کرنا ہوگا۔ کس مضمون پر زیادہ دھیان دینا ہو گا؟ آپ سے رہنمائی کی گزارش ہے۔
انصاری نعیمہ ،ممبئی
جواب : ماشا اللہ ! یہ بہت ہی اچھی بات ہے کہ آپ نے ابھی سے اپنے مستقبل کے متعلق کچھ ارادہ کرلیا ہے یہ ایک خوش آئند بات ہے ، اللہ آپ کو بہترین ڈاکٹر بنائے۔ آمین میڈیکل شعبے کے ماہرین عام طور سے سائنس مضمون میں نہایت تیز ہوتے ہیں۔ ڈرائنگ ، انگریزی ، مشاہدے کی عادت نیز مطالعہ کی عادت ضروری ہے۔ آپ فی الوقت تمام مضامین پرتوجہ دیں خصوصی طور سے سائنس مضمون کوبہت زیادہ سمجھ کر پڑھنے کی کوشش کریں۔ سائنس مضمون کے مختلف تصو رات کو سمجھیں اور ان پر خو د کی نوٹس بنائیں ۔ ایم ایس ڈاکٹر بننے کیلئے پہلے آپ کوگیارہویں اور بارہویں سائنس اسٹریم سے پڑھائی کرنا ہوگا۔ ساتھ میں این سی ای آر ٹی کی کتابوں کا مطالعہ شروع کرنا ہوگا۔ بارہویں بعد این ای ای ٹی امتحان میں کامیابی ضروری ہے اس امتحان میں ۷۲۰؍ مارکس کا پرچہ ہوتا ہے جس میں ۶۰۰؍ سے زائد مارکس حاصل کرنا ضروری ہے۔ اس کے بعد ایم بی بی ایس مکمل کریں اس کے بعد پی جی نیٖٹ میں کامیابی ضروری ہے ،اس کے بعد ۳؍ سال کا ایم ایس ایم ڈی پروگرام میں داخلہ ممکن ہے۔ این ای ای ٹی امتحان فزکس ، کیمسٹری اور بایولوجی تینوں مضامین ہوتے ہیں ۔ اگر آپ سائنس اردو میں پڑھ رہی ہیں تو اردو اصطلاحات کے انگریزی معنی کو ضرور یاد کریں اور پڑھائی کریں ۔ آپ خان اکیڈیمی سے آن لائن استفادہ کرسکتی ہیں ، جہاں کئی مضامین کی آن لائن رہنمائی کی جاتی ہے۔