• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

بلیا ضلع کے چندر شیکھر ملک کے ۸؍ ویں وزیر اعظم تھے

Updated: May 31, 2024, 3:58 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

انہوں نے ہمیشہ اقتدار کی سیاست کو مسترد کیا اور جمہوری اقدار اور سماجی تبدیلی سے وابستگی کی سیاست کا انتخاب کیا اور اسی کیلئے کام کیا۔

Chandra Shekhar  was attracted towards politics during his student days. Photo: INN
چندر شیکھر زمانہ طالب علمی ہی میں سیاست کی طرف راغب ہوگئے تھے۔ تصویر : آئی این این

چندر شیکھر(Chandra Shekhar) جنہیں’’جنانائک‘‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ہندوستانی سیاستداں تھے جنہوں نے ۱۰؍ نومبر ۱۹۹۰ء تا۲۱؍ جون ۱۹۹۱ء ہندوستان کے ۸؍ ویں وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دیں۔
چندر شیکھر ۱۷؍اپریل ۱۹۲۷ءکو اتر پردیش کے بلیا ضلع کے ایک گاؤں ابراہیم پٹی میں راجپوت خاندان میں پیدا ہوئے تھے۔ وہ ایک کسان گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ انہیں نے ستیش چندر پی جی کالج سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے الہ آباد یونیورسٹی سے ۱۹۵۰ء میں سیاسیات میں ایم اے کیا۔ زمانہ طالب علمی ہی سے ایک فائر برانڈ آئیڈیلسٹ کے طور پر جانے جاتے تھے۔ انہوں نے اپنے سیاسی کریئر کا آغاز ڈاکٹر رام منوہر لوہیا کے ساتھ کیا۔ گریجویشن مکمل کرنے کے بعد، وہ سوشلسٹ سیاست میں سرگرم ہو گئے۔
آچاریہ نریندر دیو کے ساتھ چندر شیکھرکا گہرا تعلق تھا۔ وہ ڈسٹرک پرجا سوشلسٹ پارٹی(پی ایس پی) بلیا کے سیکریٹری منتخب ہوئے۔ ایک سال کے اندر وہ یو پی کے جوائنٹ سیکریٹری منتخب ہو گئے۔ ۱۹۵۵ء-۵۶ء میں انہوں نے یو پی میں ریاستی پرجا سوشلسٹ پارٹی کے جنرل سیکریٹری کا عہدہ سنبھالا۔۱۹۶۲ء میں وہ اتر پردیش سے راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے۔ انہوں نے جنوری ۱۹۶۵ء میں انڈین نیشنل کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ ۱۹۶۷ء میں وہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے۔ ایک رکن پارلیمنٹ کے طور پر انہوں نے پسماندہ لوگوں کی حمایت میں آواز بلند کی اور تیز رفتار سماجی تبدیلیوں کیلئے پالیسیوں کا نفاذ کیا۔
چندر شیکھر ہمیشہ شخصیات کی سیاست کے خلاف کھڑے رہے اور انہوں نے نظریات اور سماجی تبدیلی کی سیاست کی حمایت کی ہے۔ جلد ہی کانگریس پارٹی سے ان کا اختلاف ہوگیا۔ ایمرجنسی کے اعلان کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ایمرجنسی میں قید کے دوران انہوں نے ایک ڈائری لکھی جو بعد میں ہندی ’میری جیل ڈائری‘ کے عنوان سے شائع ہوئی۔ قید سے رہائی کے بعدانہوں نے جنتا پارٹی میں شمولیت اختیار کیا جہاں انہیں پارٹی کا صدر بنایا گیا ۔لوک دَل (اے) کو جنتا پارٹی میں ضم کرنے کے بعد مئی ۱۹۸۸ء میں انہوں نے جنتا پارٹی کے صدر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔
 پی وی نرسمہا راؤ نے اتحادوں کی حمایت کھونے کی وجہ سے وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دینے کے بعد چندر شیکھر ۱۰؍ نومبر ۱۹۹۰ء تا ۲۱؍ جون ۱۹۹۱ء سات ماہ تک وزیر اعظم رہے۔ اس دوران انہوں نے دفاع اور امور داخلہ کے قلمدان بھی سنبھالے۔
 انہوں نے کیرالا، تمل ناڈو، کرناٹک، مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، گجرات، اتر پردیش اور ہریانہ سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تقریباً ۱۵؍بھارت یاترا مراکز قائم کئے ہیں تاکہ سماجی اور سیاسی کارکنوں کو تعلیم اور پسماندہ علاقوں میں نچلی سطح پر کام کرنے کی تربیت دی جا سکے۔ سابق وزیر اعظم چندر شیکھر کا انتقال ۸؍ جولائی ۲۰۰۷ء کو دہلی میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK