• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کریئر کے ساتھ مشغلہ، طالب علم کی زندگی میں مثبت تبدیلی کا محرک

Updated: September 06, 2024, 5:24 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

آسان فارمولا یہ ہے کہ طالب علمی کے زمانے اپنے مشاغل کیلئے وقت نکال کراس میں مہارت حاصل کیجئے، عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد کریئر کے متعلق فیصلہ کرنا آسان ہوجائیگا۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

آپ کے ذہن میں سب سے اہم سوال یہ ہوگا کہ کریئر کے ساتھ مشغلہ بھی کیوں ہو؟ جان لیجئے کہ اس کے کئی فائدے ہیں۔ مشاغل کریئر کی کامیابیوں کے علاوہ درجنوں فوائد فراہم کر سکتے ہیں، بشمول ذہنی اور جسمانی صحت میں بہتری، ذاتی ترقی، اور سماجی روابط۔ 
(۱) دماغی صحت
 مشاغل تناؤ کو دور کر سکتے ہیں، بوریت کو کم کر سکتے ہیں اور تنہائی سے نمٹنے میں آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔ ہارورڈ ہیلتھ اینڈ نیچر میڈیسن کی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ مشغلہ رکھنے والے افراد صحتمند ہوتے ہیں اور ان میں افسردگی کی علامات کم پائی جاتی ہیں۔ 
(۲) جسمانی صحت
 کھیل اور ورزش جیسے مشاغل جسمانی کارکردگی اور قوت مدافعت کو بہتر بنا سکتے ہیں۔ بعض تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مشغلہ موت کے خطرات کو ۵۰؍ فیصد تک کم کرسکتا ہے۔ چونکہ مشغلہ آپ کی اپنی پسند ہے، اس لئے اسے انجام دیتے وقت آپ خوشی اور اطمینان کی کیفیت سے گزرتے ہیں۔ 
(۳) ذاتی ترقی
 مشاغل آپ کی خود اعتمادی میں اضافہ کرتے ہیں۔ ان کے ذریعے آپ اپنی ذاتی شخصیت میں نکھار لاسکتے ہیں۔ موجودہ دور میں ہر طالب علم کیلئے ضروری ہے کہ وہ مضبوط شخصیت کا مالک ہو۔ خیال رہے کہ جب آپ بیک وقت چند صلاحیتوں کے ماہر ہوں گے تو آپ کی شخصیت ازخود مضبوط ہوجائے گی۔ 
(۴) سماجی روابط
 مشاغل آپ کو مشترکہ دلچسپیوں کے حامل نئے لوگوں سے ملنے میں مدد کر سکتے ہیں۔ اس طرح آپ میں نیٹ ورکنگ اور تعلقات استوار کرنے کی صلاحیتیں پیدا ہوسکتی ہیں۔ ایک تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ شرمیلے مزاج کے افراد بھی اُن لوگوں سے بات چیت کرنے میں نہیں گھبراتے جن کے مشاغل ایک جیسے ہوں، یعنی اگر آپ ایک ویب ڈیزائنر ہیں تو آپ اپنے جیسے دیگر ویب ڈیزائنرز سے بات چیت کرنے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ نہیں کریں گے بلکہ کام کے تئیں صحتمند گفتگو کریں گے۔ 
(۵) کام کا متبادل
 آپ روزانہ ایک کام کرتے ہیں مگر مشغلہ آپ کو کام کا متبادل فراہم کرتا ہے۔ اس سے آپ کو روزگار کے چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد مل سکتی ہے۔
(۶) کریئر میں ترقی 
 اگر کسی شخص میں بیک وقت کئی صلاحیتیں ہوں تو اسے اپنے کام میں ترقی مل سکتی ہے، مثلاً آپ ایک آئی ٹی ایکسپرٹ ہیں اور اسی میدان میں کریئر بنایا ہے مگر آپ کو کوڈنگ بھی آتی ہے جو آپ نے طالب علمی کے زمانے میں سیکھی تھی، اس طرح آپ کے پاس بیک وقت دو کام کرنے کی صلاحیت ہے۔ آپ کی یہی صلاحیتیں آپ کو دیگر سے ممتاز بناتی ہیں۔
وَن پلس کے فوائد
(۱) کام/ ملازمت کے بہتر مواقع
 اگر آپ ایک الیکٹریکل انجینئر (کریئر) ہونے کے ساتھ فوٹوگرافی (وَن پلس) کا شوق بھی رکھتے ہیں تو آپ بیک وقت دو کام کرسکتے ہیں۔ آپ کے پاس دوسرا کام کرنے کا بھی موقع ہے۔ فوٹوگرافی کو بطور ’’ایڈیشنل کریئر‘‘ اپنا کر آپ فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ایسا بھی ہوسکتا ہے کہ فوٹوگرافی آپ کا بنیادی کام (کریئر) بن جائے اور الیکٹریکل انجینئرنگ ’’ایڈیشنل‘‘ یا ’’وَن پلس۔‘‘ 
(۲) کام/ ملازمت کے تئیں کم فکرمندی
 جو افراد بیک وقت مختلف کاموں میں دلچسپی رکھتے ہیں، وہ کام کے متعلق کم فکر مند ہوتے ہیں۔ ذہنی سکون کیلئے وہ اپنے شوق پورا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ وہ اس شوق کو بطور پیشہ اپنا بھی سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان میں کام کے تئیں فکرمندی اور ذہنی دباؤ بہت کم ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK