ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے طلبہ کے بورڈ امتحانات کا آغاز ابھی نہیں ہوا ہے لیکن اس ماہ کے آخر تک ان کے منعقد ہونے کے امکانات ہیں۔ چونکہ اب وقت کم رہ گیا ہے اور طلبہ کو جم کر پڑھائی کرنی ہے اس لئے وہ امتحان کے اس موسم میں اپنی صحت کی جانب سے غفلت نہ برتیں۔ دنیا بھر میں کووڈ۔۱۹؍ کی وباء پھیلی ہوئی ہے اس لئے طلبہ کو اس دوران صحت کا زیادہ خیال رکھناہوگا۔
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی اسٹاک
اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ کے امتحانات شروع ہوگئے ہیں ۔ ایس ایس سی اور ایچ ایس سی کے طلبہ کے بورڈ امتحانات کا آغاز ابھی نہیں ہوا ہے لیکن اس ماہ کے آخر تک ان کے منعقد ہونے کے امکانات ہیں ۔ چونکہ اب وقت کم رہ گیا ہے اور طلبہ کو جم کر پڑھائی کرنی ہے اس لئے وہ امتحان کے اس موسم میں اپنی صحت کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں بلکہ اس دوران صحت کا مزید خیال رکھیں ۔ دنیا بھر میں کووڈ۔۱۹؍ کی وباء پھیلی ہوئی ہے اس لئے طلبہ کیلئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی صحت کا پہلے سے زیادہ خیال رکھیں ، اور کسی بھی قسم کی بیماری سے بچنے کیلئے احتیاط برتیں ۔یا د رکھیں احتیاط علاج سے بہتر ہے۔
دوران امتحان طلبہ معمول کے مقابلے میں زیادہ سے زیادہ وقت تعلیم حاصل کرنے میں صرف کرتے ہیں ۔ مضبوط ذہن کیلئے صحت مند غذا کا استعمال ضروری ہوتا ہے۔ آپ جو کھاتے ہیں وہ آپ کے جسم کو طاقت بخشتا ہے اس لئے امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کیلئے امتحان کے دوران صحتمند رہنا بھی ضروری ہے۔ صحتمند اور غذائیت سے بھرپور غذا آپ کی صحت کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔ ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ امتحان سے پہلے ٹھیک طریقے سے نہ کھانے سے، نہ صرف یادداشت متاثر ہوتی ہے بلکہ ذہنی دباؤ بھی ہوتا ہے۔ اس لئےغذائیت سے بھرپور کھانا ذہن کو مستحکم کرتا ہے۔ ذیل میں امتحان کے سیزن میں صحتمند رہنے کے چند نسخے یہ ہیں :
گھر کا پکا ہوا کھانا کھائیں
یہ بہت ضروری ہے کیونکہ اب طلبہ گھر کے کھانوں پر باہر کے کھانوں کو فوقیت دیتے ہیں ۔ ماہرین غذائیت کہتے ہیں کہ امتحان کے دوران طلبہ کو گھر میں پکایا ہوا کھانا ہی کھانا چاہئے۔ جب دن کی شروعات صحت بخش اور گھر سے بنے ناشتے سے ہوتی ہے تو پورا دن اچھا گزرتا ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ امتحان شروع ہونے سے ایک ماہ پہلے ہی باہر کا کھانا بند کردیں ۔ خیال رہے کہ پیکجڈ فوڈ جیسے کارن فلیکس وغیرہ بھی نہ کھائیں ۔ پیکجڈ فوڈ میں کئی مصنوعی اشیاء ملائی جاتی ہیں جو ہمارے جسم اور دماغ کیلئے صحت بخش نہیں ہوتیں ۔ انہیں کھانے سے سستی آتی ہے۔ طلبہ گھر میں پکایا ہوا ناشتہ کریں اور صبح میں خشک میوے ضرور کھائیں ۔
غذامیں دیسی گھی شامل کریں
دیسی گھی کئی لحاظ سے صحت بخش ہے اور ہر انسان کو اسے اپنے پکوان کا حصہ بنانا چاہئے۔ ماہرین غذائیت مشورہ دیتے ہیں کہ دیسی گھی میں اومیگا تھری فیٹی ایسڈ ہوتا ہے جو انسانی جسم کیلئے بہت مفید ہوتا ہے۔ اس سے یادداشت بہتر ہوتی ہےاور دماغ مستحکم ہوتا ہے۔ اگر کھانوں میں دیسی گھی ملا کر کھایا جائے تو اس کے صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
دہی، آنتوں کو صحت مند رکھتی ہے
امتحانات کے دوران آنتوں کو صحت مند رکھنا بہت ضروری ہوتا ہے تاکہ نظام ہضم میں کوئی مسئلہ نہ ہو۔ ماہرین کہتے ہیں کہ زیادہ تر بیماریاں پیٹ کے مسائل ہونے کے سبب ہی رونما ہوتی ہیں ۔ دہی ایک ایسی چیز ہے جسے اپنی غذا کا حصہ بنا کر صحت مند بیکٹیریا کو جسم میں داخل کیا جاسکتا ہے۔ دہی کھانے سے ہمارے جسم میں سیروٹونین نامی ہارمون خارج ہوتا ہے جو انسان میں خوش مزاجی پیدا کرتا ہے۔ امتحان کے دوران چونکہ طلبہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں اس لئے اس دوران انہیں خوش رہنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ ماہرین غذائیت کہتے ہیں کہ امتحان گاہ میں جانے سے قبل طلبہ کو دہی شکر کے چند چمچے ضرور کھانے چاہئیں ۔
شکر کے بجائے شہد
امتحانات کا سیزن شروع ہوتے ہی اپنی غذا سے شکر کی مقدر انتہائی کم کردیں ۔ جب بہت ضروری ہو تبھی شکر کھائیں ورنہ اس کے بجائے شہد کا استعمال کریں ۔ شہد نہ صرف جسم بلکہ دماغ کو بھی طاقت بخشتا ہے۔ اس سے توانائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس سے خون میں شکر کا توازن برقرار رہتا ہے۔ لیموں پانی میں شہد کو بطور شکر ملا کر استعمال کریں ۔ علاوہ ازیں ، اگر آپ اچھی نیند کے خواہشمند ہیں تو سونے سے قبل ایک چمچہ شہد کھائیں ۔
کھٹے میٹھے پھلوں کا استعمال
ماہرین غذائیت متعدد تحقیقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ کھٹے میٹھے پھل یا سٹرس فروٹ غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں ، اور انہیں کھانے کے جسم پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔امتحان کے دوران سنترہ اور موسمبی جیسے پھل کھائیں ۔ان میں پائے جانے والے اجزاء دماغی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں ، اور یادداشت بہتر ہوتی ہے۔ اس دوران ان پھلوں کے رس بھی پئے جاسکتے ہیں ۔
علاوہ ازیں ، گاجر، چقندر اور انار کے رس کو بھی اپنی خوراک میں شامل کرنے کی کوشش کریں ۔
انڈا، ذہن کو چاق و چوبند رکھتا ہے
انڈے میں پائے جانے والے اجزاء دماغ کے ساتھ جسم کو بھی چا ق و چوبند رکھتے ہیں ۔ یہ غذائیت سے بھرپور ہوتا ہے اور اس میں وٹامن بی ۱۲، کولین اور سیلینیم جیسے اجزاء پائے جاتے ہیں ۔ وٹامن بی ۱۲؍ آپ کو اعصابی دباؤ سے بچاتا ہے جبکہ کولین اور سیلینیم سے یادداشت بہتر ہوتی ہے اور دماغ تیزی سے کام کرتا ہے۔انڈا ابال کر کھانا زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ ثابت انڈا کھائیں ، یعنی زردی کے ساتھ سفیدی بھی۔
مچھلی، دماغی صحت کیلئے بہتر ہے
دماغی صحت کیلئے اومیگا تھری ایس بہت ضروری ہوتا ہے، اور یہ اجزاء ہمیں مچھلیوں سے حاصل ہوتا ہے۔ یہ اجزاء دماغ میں وٹامن بی ۱۲؍ اور سیلینیم کو فروغ دیتے ہیں ۔ کئی تحقیقات میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ امتحانات کے دوران طلبہ کو مچھلیوں کو اپنی خوراک کا حصہ بنانا چاہئے۔لیکن اگر مچھلی سے الرجی ہے تو اسے نہ کھائیں ورنہ آپ کو نظام ہضم کی تکلیف ہوسکتی ہے۔
کم از کم ۸؍ گھنٹہ سوئیں
امتحانات کے دوران بھی طلبہ کیلئے بھرپور نیند لینا ضروری ہے۔آپ وقت پر کھانا کھائیں ، پڑھائی کریں ، اور سوئیں ۔ نیند کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کریں ۔ دماغ اور جسم کو آرام کی ضرورت ہوتی ہے، اور اچھی نیند کے بعد تازہ ہوجاتے ہیں ۔