• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

زیر تعمیر عمارتوں کے اطراف سبز کپڑے لگائے جاتے ہیں، کیوں؟

Updated: February 21, 2025, 3:58 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

جب تعمیراتی صنعت کی بات آتی ہے تو بہت سے اصولوںکو مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ تعمیراتی کاموں کو صحیح طریقے سے انجام دیا جاسکے۔

Green cloth acts as a safety net around buildings under construction. Photo: INN
زیر تعمیر عمارتوں کے اطراف سبز کپڑے سیفٹی نیٹ کا کام کرتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

جب تعمیراتی صنعت کی بات آتی ہے تو بہت سے اصولوںکو مدنظر رکھا جاتا ہے تاکہ تعمیراتی کاموں کو صحیح طریقے سے انجام دیا جاسکے۔ انہیں طریقوں میں سے ایک تعمیراتی مقامات کو ڈھانپنے کیلئے سبز کپڑے کا استعمال بھی ہے۔آپ نے اپنے اطراف زیر تعمیر عمارتوں کا جائزہ لیا ہوگا ، اس دوران کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ تعمیراتی جگہوں کو سبز کپڑوں سے کیوں ڈھانپا جاتا ہے اور ڈھانپے گئے کپڑے کا رنگ سبز ہی کیوں ہوتا ہے؟
یہ سیفٹی نیٹ(حفاظتی جالی) کا کام کرتا ہے
 تعمیراتی سائٹ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے عمارت کے گرد سبز کپڑا باندھا جاتا ہے تاکہ تعمیراتی سامان، جیسے ملبہ، بلاکس یا اینٹ، شیشہ، یا چنگاریاں تعمیراتی سائٹ کے نیچے یا اس کے آس پاس کسی شخص پر نہ گریں۔اس کے علاوہ جب عمارتوں کی تعمیر شروع ہوتی ہے تو بڑی مقدار میں مٹی، سیمنٹ اور دھول اڑ تی ہیں۔ ایسی صورتحال میں گرد و غبار سے آس پاس کے لوگوں یا آنے جانے والوں کو پریشانی ہو سکتی ہے۔ اس سے بچنے کیلئے کپڑے استعمال کئے جاتے ہیں۔ 
پروجیکٹ کی رازداری 
 جب تعمیر کی بات آتی ہے تو ٹھیکیدار اپنے ڈیزائن اور بلیو پرنٹ کے بارے میں محتاط رویہ اختیار کرتا ہے تاکہ کوئی بھی اس کے آئیڈیاز کو کاپی کرنے یا دوبارہ تخلیق کرنے کی کوشش نہ کرے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر وہ کسی چھوٹے پروجیکٹ پر بھی کام کر رہا ہو تب بھی تعمیراتی کارکن اسٹرکچر کے گرد سبز کپڑا لگانے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی شخص یا حریف یہ نہ دیکھ سکے کہ وہ کیا کام کر رہے ہیں۔
مزدوروں کی توجہ مرکوزکرنےکیلئے
 اسٹرکچرکے ارد گرد سبز کپڑے کی وجہ سے مزدور اور دیگر کام کرنے والے افراد بآسانی اپنے کام پر توجہ مرکوز کر سکتے ہیں اور سائٹ سے باہر کے شور یا دیگر توجہ بھٹکانے والی چیزوں میں مشغول نہیں ہوتے ہیں۔ 
سورج کی براہ راست روشنی سے بچاتا ہے
سورج کی براہ راست روشنی پروجیکٹ کو متاثر کر سکتی ہے۔اس کی وجہ سے وقت سے پہلے کنکریٹ یا سیمنٹ سوکھ جاتا ہے۔اس کے علاوہ سورج کی روشنی سے مزدوروں میں پانی کی کمی ہوسکتی ہے یا وہ بیمار پڑ سکتے ہیں۔
کپڑے کا رنگ سبز ہی کیوں؟
 سبزواحد رنگ ہے جو دن اور رات میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔سبز کپڑے عوام یا راہگیروں کو اس بات سے بھی آگاہ کراتے ہیں کہ اطراف میں تعمیراتی کام جاری ہےاور ہر وقت ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK