ایچ ایس سی کے امتحانات کو بمشکل ۱۰؍ دن رہ گئے ہیں جن میں ’اسمارٹ اسٹڈی‘ کے ذریعےآپ کم وقت میں بہتر پڑھائی کرسکتے ہیں۔ یہ دن بہت قیمتی ہیں لہٰذا غیر اہم سرگرمیوں سے مکمل دوری اختیار کیجئے۔
EPAPER
Updated: January 31, 2025, 9:57 PM IST | Aliya Sayyed | Mumbai
ایچ ایس سی کے امتحانات کو بمشکل ۱۰؍ دن رہ گئے ہیں جن میں ’اسمارٹ اسٹڈی‘ کے ذریعےآپ کم وقت میں بہتر پڑھائی کرسکتے ہیں۔ یہ دن بہت قیمتی ہیں لہٰذا غیر اہم سرگرمیوں سے مکمل دوری اختیار کیجئے۔
۱۱؍فروری ۲۰۲۵ء سے بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہوجائیں گے۔ وقت کم ہے اسی لئے طلبہ اپنی پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز کریں اور زیادہ نمبرات حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ امید ہے کہ بیشتر طلبہ نے اب تک اپنی پڑھائی مکمل کر لی ہو گی۔ تاہم، بہت سے طلبہ ایسے بھی ہیں جن کی پڑھائی اب تک مکمل نہیں ہوئی ہوگی اور وہ اس کشمکش میں مبتلا ہوں گے کہ کم وقت میں نصاب کا زیادہ احاطہ کس طرح ممکن ہے۔ ایسے ہی طلبہ ذہنی تناؤکا شکار ہوجاتے ہیں ۔ اگر آپ نے تیاری اچھے طریقے سے کی ہے توآپ کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ جس طرح آپ نے پریلم امتحانات میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اسی طرح پُراعتماد رہ کر آپ بورڈ کے امتحانات میں اچھے نمبرات حاصل کر سکتے ہیں۔ اب تک تعلیمی انقلاب کی کئی کور اسٹوریز میں امتحانات کے تعلق سے طلبہ کی رہنمائی کی جاچکی ہے۔ ان باتوں کو ذہن نشین رکھئے۔ آج کے شمارے میں گزشتہ سال کے بارہویں امتحانات میں مختلف اسٹریم میں ٹاپر رہے۴؍ طلبہ سے بات چیت کی گئی ہے۔ صفحہ ۲؍ پر ان طلبہ نے آپ کیلئے کچھ اہم مشورے دیئے ہیں جن کے ذریعے آپ بورڈ امتحانات میں اپنی کارکردگی کو سنوار سکتے ہیں اوراپنا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
کامرس مشکل فیلڈ ہے مگر ناممکن نہیں
نام: خان شفاء ناز محمد ابراہیم
بارہویں کا فیصد: ۸۷ء۶۷، (کامرس)
زیر تعلیم: گریجویشن، سال اول
کالج کا نام: ولسن کالج، ممبئی
مستقبل کا منصوبہ: فائنانشیل منیجر
کامرس ایک مشکل فیلڈ ہے لیکن ناممکن نہیں ۔ چونکہ بورڈ امتحانات میں اب وقت کم رہ گیا ہے اسی لئے طلبہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ تمام مضامین سےاہم چیزوں پر توجہ دے۔
پریشان ہونے اور بورڈ کے امتحانات سے خوفزدہ ہونےکے بجائے جو وقت باقی ہے اس میں بہترین تیاری کرنے کی کوشش کیجئے اور اپنی پوری توجہ پڑھائی پر مرکوز کیجئے۔
جوابات کو رٹنے کے بجائے انہیں سمجھیں اور اہم نکات یاد رکھئےجس سے آپ کیلئے یہ آسانی پید اہوگی کہ آپ اپنے الفاظ میں بھی جوابات لکھ سکتے ہیں۔
’’بلٹس پوائنٹس‘‘ یاد رکھئے۔ وقت کی منصوبہ بندی کیجئے۔ ایسے مضامین کو زیادہ وقت دیجئے جو آپ کو مشکل معلوم ہوتے ہیں۔ زیادہ نمبرات والے اسباق کو زیادہ توجہ دیجئے۔
متعدد طلبہ کیلئے ’’اکنامکس‘‘ اور ’’آرگنائزیشن آف کامرس‘‘ جیسے مضامین مشکل معلوم ہوتے ہیں۔ ان مضامین کےاہم نکات اور سوالوں کے جواب یاد کر لیجئے۔
اس بات پر توجہ دیجئے کہ ایک سوال کا جواب حل کرنے کیلئے آپ کتنا وقت مختص کر رہے ہیں۔ کوشش کیجئے کہ آپ ایک سوال کے جواب میں ہی زیادہ وقت نہ لیں بلکہ کم وقت میں اسے حل کرنے کی کوشش کریں۔ جو سوال نہ آرہا ہو اس پر رکنے کے بجائے آگے کے سوالات حل کیجئے، بعد میں اگر اس سوال کا جواب یاد آجائے تو لکھ لیں۔ امتحان سے ایک دو گھنٹہ قبل کچھ بھی نہ پڑھیں۔ جو پڑھا ہے اسے یادرکھئے اور مثبت سوچئے۔
اساتذہ کےبتائے گئے سوالات کا مطالعہ کیجئے
نام: خان الفیہ محمد آزاد
بارہویں کا فیصد: ۸۶، (سائنس)
مصروفیت: نیٹ کی تیاری کررہی ہیں
کالج کا نام: این جی اچاریہ ڈی کے مراٹھاکالج
مستقبل کا منصوبہ: ڈاکٹر
بایولوجی ایک آسان مضمون ہے اس کے ڈائیگرامز کے ذریعےزیادہ مارکس حاصل کیا جاسکتا ہے۔ اسی لئے بایولوجی کے ڈائیگرامز کی مشق کیجئے اور ایم سی کیوز پر بھی توجہ دیجئے۔
فزکس میں نیومیریکلز کے ذریعے زیادہ نمبرات حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ طلبہ فارمولے یاد رکھیں جن کے ذریعے وہ کوئی بھی نیومیریکل حل کر سکتے ہیں۔ گزشتہ سال کے فزکس کے بورڈ کے پرچے دیکھئے۔ بعض دفعہ ایسا ہوتا ہے کہ نیومیریکلز کے سوالات گزشتہ سال پوچھے گئے سوالات سےکچھ حدتک یکساں ہوتے ہیں۔ ان سوالات کو حل کرنے کی کوشش کیجئے۔ فزکس میں جو ’’ڈیری ویشنز‘‘ (Darivations) گزشتہ سال یا اس سے پہلے کے پرچوں میں بار بار آئے ہوں انہیں حل کرنے کی کوشش کیجئے۔
کیمسٹری میں تھیری اور ری ایکشنز سے متعلقہ زیادہ سوالات آتے ہیں۔ ہرمرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ ’’نیم بیسڈ ری ایکشنز‘‘ سے متعلقہ سوالات یکساں ہوتے ہیں۔ اپنی نوٹ بک میں تمام ’’نیم بیسڈری ایکشنز‘‘ لکھ لیجئے اور انہیں وقتاً فوقتاً دہراتے رہئے۔ گزشتہ سال کے بورڈ امتحان کے کیمسٹری کے پرچے میں پوچھے گئے ری ایکشنز کے سوالات بھی حل کیجئے۔
اب تک جتنے مضامین میں سے جن اسباق کامطالعہ کیا ہے ان کا اعادہ کر لیجئے۔ اگر کوئی نیا سبق پڑھنے کے خواہشمند ہیں تو اس کے اہم نکات اور اہم جوابات یاد کر لیجئے۔
اساتذہ نے جن اسباق یا سوالات کو اہم قرار دیا ہے ان پر زیادہ توجہ دیجئے۔
اپنی ذہنی و جسمانی صحت پر توجہ دیں
نام: مریم شیخ
بارہویں کا فیصد: ۸۹ء۳۳، (سائنس)
تعلیم: ایم بی بی ایس (سال اول)، گرانٹ گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ جے جے ہاسپٹل، ممبئی
مستقبل کا منصوبہ: ڈاکٹر
آپ نے اب تک جو پڑھا ہے اس کا اعادہ کیجئے یا سرسری طور پر دیکھ لیجئے۔ نئے سبق نہ پڑھیں ۔ ٹائم ٹیبل بنایئے اور روزانہ اس کی بنیاد پر پڑھائی کیجئے۔
اعادہ کا بہترین طریقہ پرچے حل کرنا ہے۔ ٹائمر لگا کر گزشتہ سال کے سوالیہ پرچے حل کیجئے جس سے آپ کو یہ معلوم ہوگا کہ آپ کو پرچہ حل کرنے میں کتنا وقت درکار ہورہا ہےاور آپ بورڈ کا پرچہ بآسانی حل کر سکیں گے۔ پرچے اچھی تحریر میں لکھئے۔
سائنس اسٹریم سے تعلق رکھنےو الےطلبہ فزکس، کیمسٹری، ریاضی اور بایولوجی کا اعادہ پہلے مکمل کر لیں۔ دیگر مضامین کا اعادہ اس کے بعد کریں۔ بعض دفعہ ایسا بھی ہوتا ہے کہ سائنس اسٹریم کے طلبہ ان مضامین کی وجہ سےزباندانی کے مضامین جیسے اردواور انگریزی وغیرہ کو توجہ نہیں دے پاتے۔ زباندانی والے مضامین کے پرچے پہلے ہوتے ہیں اسی لئے ان پرچوں سے دو دن قبل گزشتہ سال کے پرچے حل کیجئے۔ اردو اور انگریزی جیسے مضامین کیلئے ’’رائٹنگ اسکلز‘‘پر زیادہ توجہ دیجئے۔ اس میں زیادہ نمبرات حاصل کر سکتے ہیں۔
ریاضی کے سوالات یا فزکس کیلئے نیومیریکلز کیلئے مشق ضروری ہے اسی لئے نیومیریکلز اور ریاضی کے سوالات کی مشق کیجئے۔ پر اعتماد رہ کر مثبت سوچ کے ساتھ پڑھائی کیجئے۔
بورڈامتحانات سے قبل بہت سے طلبہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوجاتے ہیں۔ اگر آپ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا چاہتے ہیں تو اپنی ذہنی و جسمانی صحت پر توجہ دیں۔
کانسپٹ سمجھنے میں سوشل میڈیا مفید
نام: انصاری مبشرہ عبدالہادی
بارہویں کا فیصد: ۸۸ء۸۳، (آرٹس)
تعلیم: گریجویشن سال اول، آرٹس
کالج کا نام: برہانی کالج، ممبئی
مستقبل کا منصوبہ: پروفیسر
آرٹس کے زیادہ تر طلبہ کو معاشیات مشکل مضمون لگتا ہے۔ اس مضمون میں زیادہ نمبرات حاصل کرنے کیلئے ڈائیگرامز کی مشق کیجئے اور ایم سی کیوز یادرکھئے۔
چونکہ امتحانات میں کم وقت ہے اسی لئے طلبہ اساتذہ کی جانب سے نشان زد کئے گئے اور ایسے سوالات پر توجہ دیں جو اکثر وہ بیشتر بورڈ کے امتحانات میں پوچھے جاچکے ہیں۔
ٹائم ٹیبل کی بنیاد پر پڑھائی کیجئے۔ اگر آپ کو مشکل درپیش آرہی ہے تو شارٹ نوٹس بنا لیجئے اور کسی بھی جواب کو آسانی سے سمجھنے کے بعد اپنے طریقے سے لکھنے کی کوشش کریں۔
زباندانی کےپرچے جیسے، انگریزی، اردو اور فارسی وغیرہ میں آپ نثر اور نظم کے اقتباس میں زیادہ مارکس حاصل کر سکتے ہیں۔ شرط یہ ہے کہ جو اقتباس دیا گیا ہے اسے بغور پڑھئے اور اس کی مناسبت سے سوالات درست طریقے سے حل کیجئے۔
بورڈ کے امتحانات میں پرچہ اچھی تحریر میں لکھئے۔ متعدد طلبہ سوالات کو لائن سے نہیں لکھتے اور کبھی کبھار سوال کے نمبر بھی نہیں ڈالتے۔ اس سے آپ کے نمبر کٹ سکتے ہیں۔
انگریزی میں ’’اسپیلنگ‘‘ پر بھی نمبرات کٹتے ہیں ۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ انگریزی کے پرچے میں لفظوں کا ہجا غلط نہ لکھیں ۔ پرچے کو صاف ستھرا اور غلطیوں سے پاک رکھیں۔
آپ کو جہاں مشکلات پیش آتی ہیں وہاں اپنے اساتذہ سے رجوع کیجئے۔ علاوہ ازیں آپ کسی کانسپٹ کو سمجھنے کیلئے سوشل میڈیا یا دیگر تعلیمی ایپس کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔