• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جوزف کانراڈ مشہور برطانوی ناول نگار اور افسانہ نگار تھے

Updated: December 15, 2023, 3:43 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

بحری جہاز کے کیپٹن کے عہدے سے سبکدوشی کے بعد انہوں نے اپنا پہلا ناول’ المائرز فولی‘ لکھنا شروع کیا۔ انہوں نے تقریباً ۲۰؍ ناول لکھے۔

Joseph Conrad wrote many famous stories. Photo: INN
جوزف کانراڈ نے کئی مشہور کہانیاں لکھیں۔ تصویر : آئی این این

جوزف کانراڈ(Joseph Conrad) پولش نژاد برطانوی ناول نگار اور افسانہ نگار تھے۔ صرف بیس سال کی عمر میں ان کا شمار بہترین نثر نگاروں میں کیا جانے لگاتھا۔ کانراڈ کو انگریزی زبان و ادب میں ابتدائی جدیدیت پسند سمجھا جاتا ہے۔ ان کی تخلیقات میں ۱۹؍ویں صدی کی حقیقت پسندی کے عناصر نمایاں طور پر نظر آتے ہیں ۔ ان کے اسلوب اور ان کے تخلیق کردہ ویلن کے کرداروں نے معاصر مصنفین اور نقادوں کو اپنی جانب متوجہ کیا۔
جوزف کانراڈ کی پیدائش ۳؍ دسمبر۱۸۵۷ء کو پولینڈ، یوکرین(اس وقت روسی سلطنت کا حصہ تھا ) میں ہوئی تھی۔ان کے والد کا نام اپولو کورزینیوسکی تھاجو ایک مصنف، مترجم اورسیاسی کارکن تھے جبکہ ان کی والدہ کا نام ایوا بوبروسکا تھا۔ جوزف اپنے والدین کے اکلوتے تھے۔جب جوزف کونراڈ کی عمر پانچ سال تھی تو ان کے والد کو مبینہ طور پر روسیوں کے خلاف انقلابی سازشوں میں حصہ لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا اور شمالی روس کے وولوگدا میں جلاوطن کر دیا گیاجہاں ان کے ساتھ کونراڈ اوران کی والدہ بھی گئے۔ جیل کی مشقتوں اور سخت آب و ہوا کی وجہ سے ان کی والدہ تپ دق کا شکار ہوگئیں اور بالآخر ۱۸۶۵ء میں ان کا انتقال ہوگیا۔
 اپنی والدہ کے انتقال کے بعد جوزف کانراڈ کے والد نے اسے ماموں کے پاس تعلیم حاصل کرنے کیلئے واپس بھیج دیا، یہ باپ اور بیٹے کی آخری ملاقات ثابت ہوئی۔والدہ کے انتقال کے چار سال بعد۱۸۶۹ء میں ان کے والد اپولو بھی سخت علالت کے بعد انتقال کرگئے۔۱۱؍ سالہ جوزف پر ان سانحات کا گہرا اثر ہوا۔ یہی اداسی کا اثر ان کی زیادہ تر تحریروں میں جھلکتا ہے۔
جوزف کانراڈ نے پولینڈ کے شہر کراکو میں تعلیم حاصل کی اور اٹلی اور سوئزرلینڈ کے سفر کے بعد انہوں نے اپنے آبائی وطن واپس نہ آنے کا فیصلہ کیا۔ کانراڈ کو روسی جاگیرداروں سے پہلے ہی بہت نقصان اٹھانا پڑا تھا۔ انہوں نے مرچنٹ نیوی میں کریئر بنا نے کا منصوبہ بنایا اور ۱۸۷۴ء میں وہ اسی ارادے سے مارسیل روانہ ہوئے۔ اگلے پندرہ سال تک انہوں نے مختلف قسم کے بحری جہازوں پر عملے کے رکن (اسٹیورڈ، اپرنٹس،ایبل سیمین) کے طور پر کام کیا اور تجربہ کی بنیاد پر آخر کار انہوں نے کپتان کا درجہ حاصل کر لیا۔
 ۱۸۸۹ء میں جوزف کانراڈ نے اپنا پہلا ناول’ المائرز فولی‘ لکھنا شروع کیا۔ ۱۸۹۴ء میں ۳۶؍ سال کی عمر میں کانراڈ نے خرابیٔ صحت کی وجہ سے ملازمت ترک کردی اور ادب کی خدمت کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنے پہلے ناول کو مکمل کیا جو ۱۸۹۵ء میں شائع ہوا تھا۔
جوزف نے تقریباً ۲۰؍ ناول لکھے جن میں ’لارڈ جِم‘ (۱۹۰۰ء)، ’نوسٹرومو‘ (۱۹۰۴ء)، ’ دی سیکریٹ ایجنٹ ‘ (۱۹۰۷ء) اور’ چانس‘ (۱۹۱۳ء) مشہور ہیں۔ انہوں نے ناول کے علاوہ ایک درجن سے زائد افسانے بھی تخلیق کئے جن میں ’ہارٹ آف ڈارک نیس‘(۱۹۰۲ء) جوزف کانراڈ کی تخلیقات کا اثر بعد کے ناول نگاروں پر بھی پڑا اور انہوں نے بھی جوزف کے موضوعات اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے مدد کی۔ ان کا انتقال ۳؍ اگست ۱۹۲۴ءکو ۶۶؍ برس کی عمر میں انگلینڈ میں ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK