• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کے شنکر پلئی ہندوستانی سیاسی کارٹونسٹ اور سماجی خدمتگار تھے

Updated: July 19, 2024, 5:25 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

انہوں نے اپنے کارٹونوں کے ذریعہ اس وقت کے سیاسی منظر نامے کی بہترین عکاسی کی نیز بچوں کیلئے پینٹنگ اور ڈرائنگ کے مقابلے کروائے۔

K Shankar Pillai was awarded Padma Shri, Padma Bhushan and Padma Vibhushan. Photo: INN
کے شنکر پلئی کو پدم شری، پدم بھوشن اور پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا۔ تصویر : آئی این این

کیسوا شنکر پلئی (Kesava Shankar Pillai) جو کے شنکر پلئی کے نام سے مشہور ہیں، ایک ہندوستانی کارٹونسٹ تھے۔ انہیں ہندوستان میں سیاسی کارٹوننگ کا باوا آدم سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے ۱۹۴۸ء میں شنکرز ویکلی، انڈیاز پنچ کی بنیاد رکھی۔ شنکرز ویکلی نے ابو ابراہم، رنگا اورکُٹی جیسے مشہور کارٹونسٹ بھی تیار کئے۔انہیں ۱۹۷۶ءمیں پدم وبھوشن سے نوازا گیا تھا ۔ ایمرجنسی کے دوران ان کا میگزین بند ہوجانے کے بعد انہوں نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوںکو نکھارنے کی جانب توجہ مرکوز کی اور اس کیلئے خوب کام کیا ۔ ہندوستان میں انہیں ۱۹۵۷ء میں قائم چلڈرن بک ٹرسٹ اورشنکر کے انٹرنیشنل ڈولز میوزیم کے قیام کیلئے یاد کیا جاتا ہے۔
  کے شنکر پلئی کی پیدائش ۳۱؍ جولائی ۱۹۰۲ء کو کیمکولم، کیرالا میں ہوئی تھی۔انہوں نے کائم کلم اور ماویلکارا کے اسکولوں میں تعلیم حاصل کی۔ان کا سب سے پہلا کارٹون کلاس روم میں سوتے ہوئے اپنے استاد کا تھا جس کی وجہ سے انہیں پریشانی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا مگر ان کے چچا نے ان کی صلاحیت کو پہچانا اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ اسکول کی تعلیم کے بعدانہوں نے ماویلکارا (راجہ روی ورما کالج آف فائن آرٹس) کے روی ورما اسکول آف پینٹنگ سے مصوری کی تعلیم حاصل کی۔
 مہاراجہ کالج آف سائنس ، تریویندرم سے گریجویشن کرنے کے بعد، ۱۹۲۷ءمیں وہ اعلیٰ تعلیم کیلئےممبئی چلے گئے اور لاء کالج میں داخلہ لیا، لیکن قانون کی تعلیم کو درمیان ہی میں چھوڑ دیا اور کام کی تلاش شروع کردی۔کے شنکر نے ڈراموں، اسکاؤٹنگ ادبی سرگرمیوں وغیرہ میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے سیلاب زدگان کیلئے فنڈز جمع کرنے کی کامیاب مہم چلائی۔ غریبوں اور پریشان حال لوگوں کی ان کی یہ فکر ساری زندگی جاری رہی جس کی عکاسی ان کے کارٹونوں میں بھی دیکھی جاسکتی ہے۔
شنکر کے کارٹون دی فری پریس جرنل اور دی بامبے کرونیکل میں شائع ہوئے۔ ہندوستان ٹائمز کے ایڈیٹر پوتھن جوزف انہیں ۱۹۳۲ء میں اسٹاف کارٹونسٹ کے طور پر دہلی لے آئے جہاں وہ ۱۹۴۶ء تک اسٹاف کارٹونسٹ کے طور پر کام کرتے رہے۔ شنکر کو تقریباً ۱۴؍ماہ تک لندن میں ٹریننگ کا موقع ملا۔انہوں نے یہ عرصہ مختلف آرٹ اسکولوں میں گزارا۔اس موقع کو استعمال کرتے ہوئے کارٹوننگ کی جدید تکنیکوں کا مطالعہ کیا۔ انہوں نے برلن، روم، ویانا، جنیوا اور پیرس کا دورہ بھی کیا۔ جب وہ ہندوستان واپس آئے تو ملک آزادی کی جدوجہد کی لپیٹ میں تھا۔انہوں نے اس وقت کے سیاسی حالات کو اپنے کارٹونوں کے ذریعہ اجاگر کیا جس کی ہر طرف پذیرائی ہوئی۔
کے شنکر پلئی کو بچوں سے خاص لگاؤ تھا ۔ انہوں نے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کی تشخیص کیلئے قومی سطح پر پینٹنگ اور ڈرائنگ کے کئی مقابلے منعقد کروائے۔ان کے ذریعہ جاری کردہ بعض مقابلے آج بھی منعقد کرائے جاتے ہیں۔انہوں نے ۱۹۵۷ءمیں نئی ​​دہلی میں چلڈرن بک ٹرسٹ کی بنیاد بھی رکھی۔ دہلی یونیورسٹی نے انہیں ڈی لِٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا۔ کے شنکر پلئی کا انتقال ۲۶؍ دسمبر ۱۹۸۹ء کو ہوا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK