• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

چاند کی طرح سورج گھٹتا بڑھتا نہیں، کیوں؟

Updated: October 18, 2024, 1:46 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

سورج کی اپنی روشنی ہوتی ہے اس لئے بھی وہ اپنی شکل نہیں بدلتا۔

The moon does not change shape but the sun shines on it from different angles. Photo: INN
چاند `شکل نہیں بدلتا بلکہ سورج اس پر مختلف زاویوں سے روشنی ڈالتا ہے۔ تصویر : آئی این این

اس کائنات میں کئی راز ایسے ہیں جن تک سائنسدانوں کی رسائی ہوچکی ہے اور کئی ایسے ہیں جن تک پہنچنایا ان کی مکمل معلومات اخذ کرنا ہنوز معمہ ہیں۔زمین سے ہمیں چاند کی ۴؍شکلیں نظر آتی ہیں جن میںمحاق(چاند کا گھٹنا)،ہلال(نیا چاند)، تربیع (آدھا چاند)اور بدر(مکمل چاند یا چودھویں کا چاند) شامل ہیں۔لیکن کیا آپ نے کبھی سوچا کہ چاند کی طرح سورج کیوں نہیں گھٹتا بڑھتا؟ جبکہ چاند ایک مہینے میں کئی بار شکلیں بدلتا ہے؟
 سورج اپنی شکل کیوں نہیں بدلتا؟ اس سوال کا جواب جاننے سے قبل یہ جاننا ضروری ہے کہ چاند اپنی شکلیں کیوں اور کیسےبدلتا ہے؟
چاند کی شکل کیوں بدلتی ہے؟
 چاند اپنے محور پر زمین کے گرد ۲۹؍ دن میں ایک چکر مکمل کرتا ہے۔ ہمیں اس کی جو صورت نظرا ٓتی ہے وہ سورج اور زمین کے مقابلے پر اس کی بدلتی ہوئی جگہوں کے سبب نظر آتی ہے۔ چونکہ چاند، سورج کی روشنی کے انعکاس سے چمکتا ہے نہ کہ اپنی ذاتی روشنی سے، اس لئے چاند ہمیں مختلف اشکال میں نظر آتا ہے۔ یعنی چاند کی بدلتی ہوئی ظاہری شکل اس کے مدار اور جس طرح سے سورج کی روشنی اس کی سطح کو روشن کرتی ہے، کا نتیجہ ہے۔ آسان الفاظ میں کہا جائے تو چاند `شکل نہیں بدلتا بلکہ سورج اس پر مختلف زاویوں سے چمکتا ہے جس کی وجہ سے چاند کا کچھ حصہ روشن نظر آتا ہے اور جو حصہ روشن نظرآتا ہے وہ ایک مخصوص شکل کا بن جاتا ہے۔
سورج اپنی صورت کیوں نہیں بدلتا؟
 سورج کی اپنی خود کی روشنی ہے اس لئے سورج کی شکل تبدیل نہیں ہوتی۔ اس کی دوسری وجہ سورج کی نوعیت ہے۔ سورج گیس کی ایک بڑی گیند ہے جس میں ہائیڈروجن اور ہیلیم موجود ہیں۔ اس کی سطح چاند کی طرح ٹھوس نہیں ہے۔نیز یہ پلازما حالت میں ہے اور اس کی شکل کشش ثقل کی قوتوں سے طے ہوتی ہے اور سورج چاند کی طرح مراحل سے نہیں گزرتا ہے کیونکہ یہ ہمیشہ تمام سمتوں میں روشنی خارج کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK