• Mon, 20 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

بیشتر افراد جِم جانے کیلئے یکم جنوری یا پیر کا انتظار کرتے ہیں، کیوں؟

Updated: January 13, 2025, 5:11 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

نئے سال کے موقع پر نئی شروعات کا خیال خاصا عام ہے کیونکہ زیادہ تر لوگوں کیلئے اس سے انہیں ایک خاص مقصد حاصل کرنے کیلئے خود کو متحرک کرنے میں مدد ملتی ہے۔

People choose January 1st to improve their health. Photo: INN
اپنی صحت کو بہتربنانے کے مقصد کے تحت لوگ یکم جنوری کا انتخاب کرتے ہیں۔ تصویر: آئی این این

نئے سال کے موقع پر نئی شروعات کا خیال خاصا عام ہے کیونکہ زیادہ تر لوگوں کیلئے اس سے انہیں ایک خاص مقصد حاصل کرنے کیلئے خود کو متحرک کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس دوران بہت سے افراد خود سے مختلف عہد کرتے ہیںلیکن کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ بیشتر افراد اپنی جسمانی صحت یا فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے یکم جنوری یا ہفتہ کے پہلے دن یعنی پیر ہی کا انتظار کیوں کرتے ہیں؟
اس کی مختلف وجوہات ہیں
 نفسیات کے پروفیسر ڈاکٹر جان نورکراس نے ۴۰؍سال سے زائد عرصے تک نئے سال کی قراردادوں پر تحقیق کی اور ان کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ لوگ نئے سال کے موقع پر سب سے زیادہ اپنی صحت کے بارے میں عہد کرتے ہیں۔جن ہزاروں لوگوں کا انہوں نے مطالعہ کیا، ان میں سے ایک تہائی سے زیادہ نے کہا کہ ان کا بنیادی مقصد اپنی صحت کو بہتر بنانا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دوسرے نمبر پر ایسے لوگ آتے ہیں جو اپنا وزن کم کرنا چاہتے ہیں، ڈاکٹر جان کی تحقیق میں شامل ۲۰؍ فیصد افراد نے وزن کم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا جبکہ ۱۳؍فیصد نے کہا کہ وہ اپنی کھانے کی عادات تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔اس احساس کی ایک بڑی وجہ کرسمس کے دوران کھانے میں ہونے والی بے ضابطگی بھی ہے جس سے صحتیاب ہونے کی کوشش کرنے کیلئے لوگ تبدیلی کی ضرورت محسوس کرتے ہیں۔
بیشتر افراد اپنے اس عہد کو پورا نہیں کر پاتے
  تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ نئے برس کے آغاز پر اپنی جسمانی صحت یا فٹنس کے بارے میں جو عہد کرتے ہیں وہ اکثر پورے نہیں کرپاتے۔ ڈاکٹر جان نے یہ جاننے کی کوشش کی کہ ان عہدوں کو کس حد تک مکمل کیا گیا، تو انہیں پتہ چلا کہ ایک تہائی افراد نے صرف ایک ماہ بعد ہی اپنے عہد کی تکمیل کیلئے درکار کام کرنا چھوڑ دیئے جبکہ چھ ماہ بعد اکثریت اپنے نئے سال کے عہد کو چھوڑ یا بھول چکی تھی۔
بیشتر افرادجم جانے کیلئے پیر کا انتظار کرتے ہیں، کیوں؟
اتوار اور پیر کو ہفتے کا آغاز قرار دیا جاتا ہے۔ حالانکہ پیر کے ہفتے کا آغاز ہونے کا خیال صرف ایک سماجی تعمیر ہے۔تحقیق کے مطابق لوگوں کو اگر کوئی نیا کام کرنا ہو تو وہ پیر کا انتخاب کرتے ہیں کیونکہ وہ اسے غیر ارادی طور پر ’’تازہ شروعات‘‘ قرار دیتے ہیں۔جم جانے والے افراد بھی اسی وجہ سے اپنی صحت بہتر بنانے کیلئے اس دن کو مناسب سمجھتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK