انہوں نے تفتیشی صحافت کے شعبے کو آگے بڑھایا اور اسے ایک نئی سمت عطا کی، اس کے علاوہ صنفی مسائل پر انہوں نے ۱۱؍ ناول اور کئی کالم لکھے۔
EPAPER
Updated: February 21, 2025, 4:10 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
انہوں نے تفتیشی صحافت کے شعبے کو آگے بڑھایا اور اسے ایک نئی سمت عطا کی، اس کے علاوہ صنفی مسائل پر انہوں نے ۱۱؍ ناول اور کئی کالم لکھے۔
نیلی بیلے (Nellie Bly) کا اصل نام ایلزبتھ کوکرین سیمن تھا جو اپنے قلمی نام ’’نیلی بیلے‘‘ کے نام سے مشہور ہیں۔نیلی ایک امریکی تفتیشی صحافی ، مصنفہ ، سماجی کارکن ،موجد اور صنعت کار تھیں۔ جولس ورن کے افسانوی کردار فلیز فوگ کی تقلید کرتے ہوئے ریکارڈ توڑ ۷۲؍دن میں دنیا کے گرد سفر کرنا اور ایک میٹنل انسٹی ٹیوشن کو جانچنے کیلئے پاگل ہونے کا بہروپ بھرنا، نیلی بیلے کی وجہِ شہرت بنا۔انہوںنے تفتیشی صحافت کے شعبے کو آگیا بڑھایا اور اسے ایک نئی سمت عطا کی۔
ایلزبتھ جین(نیلی بیلے) ۵؍ مئی۱۸۶۴ءکو کوکرین ملز میں پیدا ہوئی تھیں جو اب بریل ٹاؤن شپ، پنسلوانیا کا حصہ ہے۔ ان کے والدمائیکل کوکرین نےمقامی مل اور اپنے خاندان کے فارم ہاؤس کے آس پاس کی زیادہ تر زمین خریدنے سے پہلے ایک مزدور اور مل ورکر کی حیثیت سے شروعات کی تھی۔مائیکل کوکرین کا انتقال ۱۸۷۰ءمیں ہوا تھا جب ایلزبتھ کی عمر ۶؍ سال تھی۔
زیادہ تر گلابی رنگ کا لباس پہننے کے باعث ایلزبتھ کو اکثر ’’پنکی‘‘ (گلابی) کہہ کر پکارا جاتا تھا۔ جب وہ بڑی ہوئیں تو انہوں نے اپنا عرفی نام بدل کوکرین رکھ لیا۔۱۸۷۹ءمیںانہوں نے انڈیانا نارمل اسکول (اب انڈیانا یونیورسٹی آف پنسلوانیا) میں ایک مدت کیلئے داخلہ لیا لیکن فنڈز کی کمی کی وجہ سے انہیں مجبوراًاسکول چھوڑنا پڑا۔
۱۸۸۰ءمیں وہ اور اُن کی فیملی پٹسبرگ منتقل ہو گئی۔ جب ’’پٹسبرگ ڈسپیچ‘‘(ایک مشہور اخبار) میں ایک خواتین بیزار کالم بعنوان ’’واٹ گرلز آر گڈ فار‘‘ شا ئع ہوا تو ایلزبتھ نے ’’لونلی آرفن گرل‘‘ (تنہا یتیم لڑکی) کے قلمی نام کے تحت اس کالم کا جواب لکھنے پر مجبور ہوئیں۔اس میں انہوں نے جوش و جذبات کے ساتھ اپنے درد کا اظہار کیا تھا۔ اخبار کے مدیرجارج میڈن اُن کے جذبے سے متاثر ہوئے اور ایک اشتہار کے ذریعے مصنف کو اپنی شناخت ظاہر کرنے کو کہا۔ جب کوکرین نے اپنے آپ کو مدیر سے متعارف کروایا تو جارج نے انہیں اخبار میں اپنے قلمی نام ہی سے مزید لکھنے کی پیش کش کی۔ ڈسپیچ میں اُن کے پہلے مضمون، ’’دی گرل پزل‘‘ (The Girl Puzzle) نے جارج کو ایک بار پھر متاثر کیا اور اُنہوں نے ایلزبتھ کو کُل وقتی ملازمت کی پیش کش کردی۔ اُس زمانے میں اخبارات میں کام کرنے والی خواتین قلمی نام استعمال کیا کرتی تھیں اور ایلزبتھ کیلئے مدیر کی جانب سے ’’نیلی بیلے‘‘ کا قلمی نام تجویز کیا گیا۔
بطورمصنفہ اور کالم نگار ایلزبتھ نے ابتدا میں زیادہ تر کام کرنے والی خواتین کے ابتر حالات کو اپنا موضوع بنایا۔ اُنہوں نے کارخانوں میں کام کرنے والی خواتین کے بارے میں تحقیقی و تفتیشی مضامین کا ایک سلسلہ تحریر کیالیکن ادارتی دباؤ کی وجہ سے وہ زیادہ دنوں تک مضامین نہیں لکھ سکیں۔اپنی ذمہ داریوں سے غیر مطمئن ایلزبتھ نے ایک قدم اٹھاتے ہوئے ۱۴؍ نومبر۱۸۸۹ء کووہ ہیمبرگ امریکہ لائن کی ایک اسٹیمر آگسٹا وکٹوریہ پر سوار ہوئیں اور دنیا کے گرد اپنے سفر کا آغاز کیا۔ دنیا بھر میںان کے سفر کی دھوم ہوئی مگر ایلزبتھ نے رپورٹنگ چھوڑ دی اور پبلشر نارمن منرو کے نیویارک فیملی اسٹوری پیپر کیلئے قسط وار ناول لکھنے لگیں۔ ۱۸۸۹ء تا ۱۸۹۵ء انہوں نے ۱۱؍ ناول لکھے۔
۱۸۹۵ءمیں ایلزبتھ نے صنعت کار رابرٹ سیمن سے شادی کی۔اپنے شوہر کی خراب صحت کی وجہ سے ان کی جگہ آئرن کلیڈ مینوفیکچرنگ کمپنی کی سربراہ بنیں۔وہ ایک موجد بھی تھی۔ان کا انتقال ۲۷؍ جنوری۱۹۲۲ء کونیو یارک سٹی میں ہوا تھا۔