• Tue, 17 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

وَن پلس کا معنی ہے منتخب کردہ کریئر کے علاوہ کوئی ہنر جو کارآمد ثابت ہو

Updated: September 06, 2024, 5:18 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

بعض اوقات منتخب کردہ کریئر پیچھے رہ جاتا ہے اور سیکھا ہوا ہنر یعنی ون پلس اصل کریئر بن جاتا ہے۔ اس لئے اپنی صلاحیتوں اور مشاغل پر توجہ دیںتاکہ اپنے ’’وَن پلس‘‘ کی تشخیص کرسکیں۔

Subjects like drawing craft have been included in the curriculum to test the creativity of the students. Photo: INN
نصاب میں ڈرائنگ کرافٹ جیسے مضامین طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو جانچنے کیلئے ہی شامل کئے گئے ہیں۔ تصویر : آئی این این

مشہور امریکی مصنف مارک ٹوین کے مذکورہ قول کا ترجمہ: ’’وہ کام تلاش کرنے کی کوشش کیجئے جسے کرنے میں آپ کو لطف آتا ہو، اس طرح آپ کو اپنی زندگی میں کبھی کام نہیں کرنا پڑےگا۔‘‘
 یہ قول موجود دور میں بہت سے افراد کی زندگی تبدیل کرنے کا محرک ثابت ہوا ہے۔ ابتدائی عمر ہی میں طلبہ کو بتایا جاتا ہے کہ وہ اپنی دلچسپی اور پسند کے مطابق کریئر کا انتخاب کریں اور پھر اپنے ہدف کو پانے کیلئے کڑی محنت کریں۔ یاد رہے کہ کریئر کے انتخاب میں والدین اور اساتذہ کے تجربات کی روشنی میں فیصلہ کرنا آسان ہوجاتا ہے اس لئے ان کے مشوروں سے ضرور استفادہ کریں۔
 آج کے تعلیمی انقلاب کا تھیم ہے ’’کریئر وَن پلس۔‘‘ کریئر کے متعلق یہ اخبار گزشتہ ۷؍ برسوں سے آپ کی رہنمائی کررہا ہے، آج جانئے ’’وَن پلس‘‘ کے بارے میں: 
 ’’وَن پلس‘‘ اسمارٹ فون اور ٹیبلٹ بنانے والی مشہور ٹیک کمپنی کا نام نہیں ہے بلکہ ہم نے کریئر کے ساتھ آپ کے ایسے شوق، مشغلے اور صلاحیت کو جوڑا ہے جس کی مدد سے آپ بیک وقت ۲؍ کام کرسکتے ہیں، یہ آپ کیلئے کریئر کا دوسرا متبادل بھی بن سکتا ہے، یا، ہو سکتا ہے کہ آپ اس ’’وَن پلس‘‘ میں اتنی مہارت حاصل کرلیں کہ اسے ہی بطور کریئر اپنالیں۔ اسے آسان زبان میں یوں سمجھئے کہ آپ ڈاکٹر بننے کے خواہشمند ہیں مگر آپ کی پینٹنگ بہت اچھی ہے۔ میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ آپ نے اپنے مصوری کے ہنر پر بھی توجہ دی اور ایک اچھے مصور بھی بن گئے۔ یہ فن ہے آپ کا ’’وَن پلس۔‘‘اب میڈیکل کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ ایک ڈاکٹر کے طور پر اپنا کریئر شروع کریں گے مگر پینٹنگ کا ہنر ’’وَن پلس‘‘ کے طور پر آپ کے ساتھ ہمیشہ رہے گا۔ مستقبل میں آپ اسے بطور کریئر بھی اپنا سکیں گے،یا، یوں بھی کرسکیں گے کہ بیک وقت دونوں ہی کو کریئر بنالیں۔ آپ ڈاکٹر بھی ہوں گے اور پینٹر بھی۔ضروری نہیں کہ آپ ’’وَن پلس‘‘ پر ٹھہر جائیں آپ اسے ’’ٹو پلس‘‘، ’’تھری پلس‘‘ حتیٰ کہ ’’فور پلس‘‘ بھی بناسکتے ہیں۔ اگر آپ کو بیک وقت کئی چیزوں میں دلچسپی ہے اور آپ سبھی میں مہارت حاصل کرنے کیلئے وقت نکال پاتے ہیں تو آپ ڈاکٹر کے ساتھ پینٹر، باغباں، خطاط، کوڈر، یا ، جو چاہیں وہ بن سکتے ہیں۔’کریئر وَن پلس‘ کے تناظر میں طلبہ کو ۳؍ حصوں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے:
(۱) ایسے طلبہ جو اپنے شوق کی مناسبت سے مستقبل کا ہدف طے کرتے ہیں اور پھر اسی کی مناسبت سے تعلیم حاصل کرتے ہوئے، اسی میدان میں کامیاب کریئر بناتے ہیں۔
(۲) ایسے طلبہ جو کریئر کے متعلق تذبذب کا شکار ہوتے ہیں۔ وہ داخلہ کسی اور کورس میں لیتے ہیں اور عملی زندگی کی شروعات کسی اور کریئر کے ساتھ کرتے ہیں۔
(۳) ایسے طلبہ جو اپنے شوق اور مشغلہ کی بنیاد پر ہدف تو طے کرتے ہیں مگر بعض وجوہات کی بناء پر اپنے شوق کی مناسبت سے کورس نہیں کرپاتے اور بحالت مجبوری انہیں کسی دوسرے کریئر کا انتخاب کرنا پڑتا ہے۔ 
 ان سوالوں کے جواب دیجئے: 
(۱) پڑھائی کرنے کے علاوہ آپ کیا کرتے ہیں؟
(۲) آپ کا پسندیدہ مشغلہ کیا ہے؟
(۳) کیا آپ میں کوئی صلاحیت ہے؟
(۴) کیا آپ کے مشغلے یا صلاحیت کی بنیاد پر ایسی کوئی ملازمت یا کام ہے جسے کرنے پر آپ پیسے کماسکیں گے؟ 
(۵)  کیا آپ اپنے مشغلے اور صلاحیتوں کی بنیاد پر اس کام کو بطور کریئر اپناسکتے ہیں؟
 ان سوالوں کے جواب لکھئے اور پھر غور کیجئے۔ اس ضمن میں اپنے والدین اور اساتذہ کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔
 آج اپٹی ٹیوڈ ٹیسٹ کی مدد سے فیصلہ کرنا آسان ہوگیا ہے کہ طالب علم کون سی راہ کا انتخاب کرے مگر ایسا نہیں ہے کہ آپ نے جس شعبے کا انتخاب کیا صرف اسی میں کریئر بنائیں۔ آپ خالی اوقات میں اپنے شوق اور مشاغل پورے کرسکتے ہیں۔ اگر آپ اسے پروفیشن کا رُخ دیں تو اس طرح بیک وقت ۲؍ کام کرسکیں گے۔ آپ کی آمدنی بھی دگنی ہو جائیگی اور آپ کو کبھی محسوس نہیں ہوگا کہ آپ کام کررہے ہیں۔

ہندوستانی طلبہ میں مقبول مشاغل 
اسٹیسٹا کی ایک حالیہ رپورٹ میں ہندوستانی طلبہ میں مقبول سرگرمیاں اور مشاغل بتائے گئے ہیں۔ اسی رپورٹ میں ماہرین کہتے ہیں کہ عام طور پر ہندوستانی طلبہ یہ مشاغل اپناتے ہیں مگر طالب علمی کا دور گزرنے کے بعد وہ ان سے کنارہ کشی اختیار کرلیتے ہیں، یا، طلبہ کی بہت معمولی تعداد مشاغل کی بنیاد پر اپنے کریئر کا فیصلہ کرتی ہے۔ جانئے طلبہ میں مقبول ۱۰؍ سرگرمیوں اور مشاغل کے بارے میں:
آن لائن گیمنگ ،یوگا ،ڈانس ،موسیقی (گلوکاری اور موسیقی ترتیب دینا) ،مطالعہ ،نظمیں یا مضامین لکھنا ،کوئی آؤٹ ڈور کھیل کھیلنا ،باغبانی ،پینٹنگ ،مہندی۔
 دلچسپ بات یہ ہے کہ دنیا بھر میں درجنوں مشاغل ہیں مگر ہندوستانی طلبہ ان چیزوں میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ جانئے چند منفرد مشاغل کے بارے میں:لکڑیوں سے سامان بنانا ،فوٹوگرافی ، مٹی کے برتن بنانا ،کھلونے بنانا ،اداکاری، ویب ڈیزائننگ ،ہائکنگ ،کروشیہ کا کام ،تیر اندازای ،ڈجیٹل آرٹ ،کتابوں کی بائنڈنگ۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK