• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

کارلسن کو صرف ۳؍ ہندوستانی شکست دینے میں کامیاب

Updated: October 28, 2023, 1:04 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

میگنسکارلسن اس وقت شطرنج کی دنیا کا سب سے معتبر نام ہے۔ اس نام نے شطرنج کی دنیا پر حکمرانی قائم کی ہے اور اسے مسلسل برقرار رکھا ہے۔

Magnus Carlsen. Photo: INN
میگنسکارلسن۔ تصویر:آئی این این

میگنسکارلسن اس وقت شطرنج کی دنیا کا سب سے معتبر نام ہے۔ اس نام نے شطرنج کی دنیا پر حکمرانی قائم کی ہے اور اسے مسلسل برقرار رکھا ہے۔ ایک دور وہ تھا جب شطرنج کے کھیل پر روسی کھلاڑیوں کا دبدبہ تھا، اس وقت ہندوستان کے گرینڈ ماسٹر وشوناتھن آنند نے روسی کھلاڑیوں کا غلبہ ختم کرکے ہندوستان کی اس کھیل میں شناخت قائم کی۔ ان کی کامیابی کے بعد کئی ہندوستانی نوجوانوں نے اس کھیل میں دلچسپی لینی شروع کردی تھی اور آج ہندوستان کے پاس کئی نوجوان گرینڈ ماسٹرز موجود ہیں۔دوسری طرف ناروے سے تعلق رکھنے والے میگنس کارلسن جب شطرنج کے افق پر نمودار ہوئے تو اس وقت آنند کی چمک ماند پڑنی شروع ہوگئی تھی۔ میگنس کارلسن کے ہاتھوں شکست کے بعد ہی آنند نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ 
میگنس کارلسن کو ۲۰۰۴ء میں گرینڈ ماسٹر کا اعزاز ملا تھا۔ جنوری ۲۰۱۰ء میں وہ نمبروَن بنے تھے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں جاری ہونے والی درجہ بندی میں بھی وہ نمبر وَن ہیں۔ ۲۰۱۳ء سے ۲۰۲۳ء تک وہ عالمی چمپئن رہے۔ایسے کھلاڑی کو شکست دینا آسان کام نہیں ہے لیکن ہندوستان کے ۳؍ شطرنج کے بہترین کھلاڑیوں نے عالمی نمبروَن کھلاڑی کومات دی ہے۔ 
حال ہی میں ختم ہونے والی قطرماسٹرس شطرنج چمپئن شپ میں ہندوستان کے کارتھیکین مرلی نے میگنس کارلسن کو شکست دے کر تاریخ میں اپنا نام درج کروا لیا۔ ہندوستانی شطرنج کھلاڑی نے کالے مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کے ۷؍ویں راؤنڈ میں ناروے کے چمپئن کھلاڑی کو مات دی۔ کارتھیکین نے مضبوط کھلاڑی کے سامنے زبردست چالیں چلیں اور انہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا۔ 
تمل ناڈو سے تعلق رکھنے والے مرلی نے عالمی نمبروَن کھلاڑی کو زیادہ سوچنے کا موقع نہیں دیا اور اپنی زبردست حکمت عملی سے زیر کردیا۔ مرلی کی کامیابی ہندوستانی کھلاڑیوں کے لئے حوصلہ فراہم کرے گی اور ان نوجوان کھلاڑیوں میں جوش بھر دے گی جو عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کے سامنے کھیلنے سے کتراتے ہیں۔ 
مرلی سے قبل وشوناتھن آنند اور پینٹالا ہری کرشن نے ناروے کے کھلاڑی کو زیرکیا ہے۔وشوناتھن آنند نے ناروے چیس ٹورنامنٹ کے کلاسیکل راؤنڈ میں میگنس کارلسن کو مات دی تھی۔ یہ مقابلہ ۲۰۲۲ء میں ہوا تھا۔ ہندوستان کے ہری کرشنا نے میگنس کارلسن کو سینٹ لوئیس ریپڈ اور بلٹز مقابلے میں شکست دی تھی۔ یہ مقابلہ آن لائن کھیلا گیا تھا جو ۲۰۲۰ء میں کورونا وبا کے دوران ہوا تھا۔ اس میں پینٹالاہری کرشن نے تیسرے راؤنڈ میں ۶۳؍چالوں میں عالمی نمبروَن کھلاڑی کو شکست دی تھی۔ ہری کرشن نے سفید مہروں کے ساتھ کھیلتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK