بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر تقریباً ۹؍ ماہ تک پھنسے رہنے کے بعد ناسا کے خلا باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور ۱۹؍ مارچ کو زمین پر لوٹ آئے، اِن دونوں کا دلچسپ خلائی سفر ایک نظر میں ۔
EPAPER
Updated: March 27, 2025, 12:30 PM IST | Mumbai
بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر تقریباً ۹؍ ماہ تک پھنسے رہنے کے بعد ناسا کے خلا باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور ۱۹؍ مارچ کو زمین پر لوٹ آئے، اِن دونوں کا دلچسپ خلائی سفر ایک نظر میں ۔
۹؍ ماہ تک خلا میں پھنسے رہنے کے بعد ناسا کے دو خلا باز سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور بالآخر زمین پر واپس آگئے ہیں۔ ناسا کے کمرشیل کریو پروگرام کے منیجراسٹیوا سٹیچ نے بتایا کہ دونوں خلا باز بالکل ٹھیک ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان کی واپسی سے ایک ایسا مشن اختتام کو پہنچاجو بنیادی طور پر صرف آٹھ دن کیلئے تھا۔ یاد رہے کہ ناسا کے دو خلا باز۶۱؍ سالہ بیری ولمور اور۵۸؍ سالہ سُنیتا ولیمز گزشتہ سال ۵؍ جون کو صرف ۸؍ روز کے تجرباتی مشن کیلئے اسٹار لائنر پر بین الاقوامی خلائی سٹیشن(آئی ایس ایس) کے سفر پر روانہ ہوئے تھے۔ تاہم، لانچ کے بعد پیش آنے والے تکنیکی مسائل کے وجہ سے اس کیپسول کو خلابازوں کو واپس لانے کیلئے محفوظ تصور نہیں کیا جا رہا تھا۔ لہٰذا ناسا نے فیصلہ کیا کہ سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور کو اسپیس ایکس کی خلائی گاڑی کے ذریعے فروری ۲۰۲۵ءمیں زمین پر واپس لایا جائے گا۔ اس طرح ان کا مختصر مشن تقریباً ۹؍ ماہ طویل ہوگیا۔ دونوں خلا بازوں کا یہ مشن خلائی تحقیق میں غیر متوقع چیلنجز اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت کی مثال ہے۔
دونوں خلا بازوں نے خلاء میں کیا کیا؟
خلا میں اپنے طویل قیام کے دوران سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر مختلف سائنسی تجربات اور تحقیقی کاموں میں حصہ لیا۔ وسیع و عریض بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کی دیکھ بھال اور صفائی سے لے کر پرانے ہارڈ ویئر کی تبدیلی تک، سنیتا ولیمز اور بوچ ولمور نے خلائی اسٹیشن کو مؤثر طریقے سے چلانے میں عملی کردار ادا کیا۔ اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر انہوں نے متعدد سائنسی تجربات بھی کئے اور جاری تحقیقی منصوبوں میں نمایاں حصہ ڈالا۔ ناسا کے مطابق ولیمز اور ولمور نے حیران کن طور پر۹۰۰؍ گھنٹے سائنسی تحقیق میں صرف کئے ہیں۔ اپنے طویل قیام کے دوران انہوں نے۱۵۰؍ سے زائد تجربات انجام دیئے۔ اس کے علاوہ سنیتا ولیمز نے خلا میں سب سے زیادہ وقت گزارنے والی خاتون کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ آئی ایس ایس پر اپنے وقت کے دوران ان کی سب سے نمایاں کامیابی ۶۲؍ گھنٹے اور ۹؍منٹ کی اسپیس واک تھی جو۹؍ مختلف مواقع پر انجام دی گئی۔ اس کے علاوہ انہوں نےانسانی جسم پر مائیکرو گریویٹی کے اثرات کابھی تحقیقی مطالعہ کیا۔
۹؍ ماہ کے خلائی سفر پر ایک نظر میں
۵؍جون۲۰۲۴ء:
سنیتا ولیمز اور ولمور اسٹار لائنر خلائی جہاز پر فلوریڈا سے روانہ ہوئے۔
۶؍ جون ۲۰۲۴ء:
کیپسول کامیابی کے ساتھ آئی ایس ایس تک پہنچ گیا، لیکن اس کے۲۸؍ تھرسٹرز میں سے پانچ ناکام ہو گئے جس سے ڈاکنگ کے عمل میں تاخیر ہوئی۔
۱۸؍جون۲۰۲۴ء:
پہلی مرتبہ واپسی میں تاخیر کا اعلان کیا گیا اور ۲۶؍ جون تک عملے کی واپسی ملتوی کر دی۔
۲؍ جولائی ۲۰۲۴ء:
مشن میں ۴۵؍ دن کی توسیع کی گئی۔
۲۴؍ اگست ۲۰۲۴ء:
ناسا نے اعلان کیا کہ ا سٹار لائنر طیارہ عملے کے بغیر واپس آئے گا۔
۲۲؍ ستمبر ۲۰۲۴ء:
سنیتا نے آئی ایس ایس کی کمان سنبھالی۔
۱۲؍نومبر ۲۰۲۴ء:
سنیتا ولیمز نے اپنی صحت کے متعلق میڈیا میں پھیلے خدشات کا جواب دیا۔
۳۰؍ جنوری ۲۰۲۵ء:
ولیمز نے اسپیس واک کا ریکارڈ قائم کیا۔
۱۸؍ مارچ ۲۰۲۵ء:
کرو ۹؍ خلا بازوں کو لے کر روانہ ہوا۔
۱۹؍ مارچ ۲۰۲۵ء:
دونوں خلا باز زمین پر بحفاظت لوٹ آئے۔