• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’منصوبہ بندی کے ذریعے ہر کام آسان ہے‘‘

Updated: September 14, 2024, 5:37 PM IST | Aliya Sayyed | Mumbai

ڈاکٹر دانیہ نور محمد خان ڈائٹیشین اور کاسمیٹولوجسٹ ہیں، انہوں نے یوگک سائنس میں ڈپلوما بھی کیا ہے۔ ’’ ہر طالب علم منفرد ہوتا ہے۔ ضرورت بس اس بات کی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتیوں کو پہچانیں اور انہیں نکھاریں۔ اپنے ہدف کا تعین کریں اور اسے حاصل کرنے کیلئے محنت کریں۔ زندگی میں بہت سے چیلنجز آئیں گے ، ان سے خوفزدہ ہونے کے بجائے ان کا سامنا کرنا سیکھیں۔ہر کسی کی مدد کیلئے ہمہ وقت تیار رہیں۔‘‘

Dr Daniya  Khan has made herself capable of performing multiple tasks simultaneously. Photo: INN
ڈاکٹر دانیہ خان نے خود کو بیک وقت متعدد کام انجام دینےکے قابل بنالیا ہے۔ تصویر : آئی این این

ڈاکٹر دانیہ نور محمد خان، مریض کے علاج کے دوران۔

ڈاکٹر دانیہ خان کاسمیٹولوجسٹ اور ڈائٹیشین ہیں۔ انہوں نے ایس این ڈی ٹی یونیورسٹی، ممبئی سے نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹیکسمیں گریجویشن کے بعد ایڈوانسڈ کلینکل ڈائٹیٹیکس  میں پی جی ڈپلوما کیا ہے۔ یہی نہیں، انہوں نےنیچروپیتھی اور یوگک سائنس، اور کاسمیٹولوجی میں ڈپلوما بھی کیا ہے۔ فی الحال وہ پریل کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کاسمیٹولوجی میں کاسمیٹولوجی اور ڈائٹیشین کی لیکچرار اور کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ وہاٹس ایپ اور انسٹاگرام کے ذریعے بھی مریضوں سے بات چیت کرتی ہیں۔ ڈاکٹر دانیہ بھیونڈی کے دھانگے اسپتال میں آن کال ڈائٹیشین بھی ہیں۔
دو کاموں کے درمیان توازن کیسے رکھتے ہیں؟
  وقت کی منصوبہ بندی کے ذریعے میں نے اپنے کاموں میں توازن برقرار رکھا ہے۔ میں پیر تا جمعہ پریل کے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف کاسمیٹولوجی میں خدمات انجام دیتی ہوں۔ وہاں سے آنے کے بعد کبھی کبھار ایمرجنسی والے معاملات کیلئے اسپتال جانا پڑتا ہے۔ علاوہ ازیں سنیچر اور اتوار کو شام کے وقت دھانگے اسپتال، بھیونڈی میں مریضوں کا علاج کرتی ہوں۔ ہفتے بھر مَیں اپائنمنٹ کے حساب سے بذریعہ آن لائن مریضوں سے کنسلٹ کرتی ہوں۔ سفر کے دوران مجھے جو وقت ملتا ہے اس میں بقیہ کام انجام دیتی ہوں۔ مجھے ڈجیٹل اسکلز میں دلچسپی ہے۔ میں نے ڈیٹا سائنس اور گرافک ڈیزائننگ کا بھی کورس کیا ہے۔ مجھے کوڈنگ اور کمپیوٹر کی دیگر زبانیں بھی آتی ہیں۔ مَیں نے بہت سی چیزیں ایک ساتھ سیکھی ہیں۔ مجھے ایک ساتھ کئی کام کرنے کی عادت ہے اسی لئے تھکاوٹ محسوس نہیں ہوتی۔ ملٹی ٹاسکنگ اور مسلسل کوششوں کی وجہ سے میرے لئے یہ تمام کام آسان ہو گئے ہیں۔
بیک وقت اتنے سارے کام انجام دینے کافیصلہ کیسے کیا؟ 
  پڑھائی کے بعد انٹرن شپ کے دوران مریضوں کا علاج کرنے کے بعد مَیں نے فیصلہ کیا کہ مجھے ڈائٹیشین اور کاسمیٹولوجی دونوںشعبوں میں کام کرنا ہے۔کورونا کی وباء کے بعد لوگ صحت کے تعلق سےبیدار ہوگئے تھے۔ میں نے عوامی خدمت کیلئے یہ سب کرنے کا فیصلہ کیا۔میرا مقصد بھیونڈی میں صحت کےمتعلق آگاہی پیدا کرنا تھا۔ 
ٹائم مینجمنٹ (وقت کی منصوبہ بندی ) کی کچھ ٹپس بتایئے؟
  اپنے مقصد کا تعین کریں۔ یہ طے کریں کہ کن چیزوں کو اولین ترجیح دینی ہے ۔ جو کام کر رہے ہیں وہ منظم طریقے سے اور فعالیت کے ساتھ کریں۔زندگی میں ڈسپلن قائم رکھنا ضروری ہے۔ آپ منصوبہ بندی کے ذریعے بہت سے کام ایک ساتھ انجام دے سکتے ہیں۔ 
طلبہ کیلئے آپ کا پیغام؟
دسویں جماعت کے بعد کریئر کی منصوبہ بندی اچھی طرح کیجئے۔ اپنے مقصد کو پانے کیلئے بھرپور محنت کیجئے۔ کتنی بھی مشکلات ہوں، کبھی شکایت نہ کریں۔اپنا موازنہ دوسروں سے ہرگز نہ کریں۔ ہر حال میں خوش رہئے۔ ہر طالب علم میں مخصوص صلاحیتیں ہوتی ہے۔ آپ کو انہیں پہچاننا ہے اور انہیں نکھارنے کی جانب توجہ دینی ہے۔ اپنے آپ میں عوامی خدمت کا جذبہ پیدا کیجئے۔ ایسے دوست بنایئے جو آپ کو آپ کے مقصد تک پہچانے کیلئے تحریک دیں۔ ایسے لوگوں سے دور رہئے جو آپ کے ہدف کے راستے میں رکاوٹ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK