• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’اپنے مقصد پر ثابت قدم رہئے اور کر گزریئے‘‘

Updated: September 14, 2024, 3:45 PM IST | Aliya Sayyed | Mumbai

ڈاکٹر شنیزہ الماس ساجد سید، ڈینٹسٹ کے ساتھ پروفیشنل ڈانسربھی ہیں، منصوبہ بندی کے ذریعے دونوں کام انجام دیتی ہیں۔ ’’ طلبہ کیلئے اہم ہے کہ وہ اس شعبے میں کریئر بنائیں جس میں ان کی دلچسپی ہو۔ اپنی پڑھائی اور دیگر کاموں کے علاوہ وقت نکال کر نئے ہنر سیکھنے کی کوشش کیجئے اور اپنے اندر نئی صلاحیتیں پیدا کیجئے۔ ایک کامیاب زندگی گزارنے کیلئے ضروری ہے کہ وقت کی پابندی کی جائے۔ ہر کام کو منظم طریقے سے انجام دینے کی کوشش کیجئے۔ ڈجیٹل دور میں اپنے آپ کوملٹی ٹاسکر بنایئے اورہر چیلنج کا ثابت قدمی سے سامنا کیجئے۔‘‘

Dr. Shaniza started her career as a dentist in 2014. Photo: INN
ڈاکٹر شنیزہ نے ۲۰۱۴ء میں بطور ڈینٹسٹ اپنے کریئر کی ابتداء کی تھی۔ تصویر : آئی این این

ڈاکٹر شنیزہ الماس ساجد ڈینٹسٹ ہیں جبکہ ان کا مشغلہ رقص ہے۔ انہوں نے ٹیرنا کالج (نوی ممبئی) سے بی ڈی ایس اور بھرت ناٹیم میں ایم اے کی ڈگری لی ہے۔ وہ بالی ووڈ،کنٹیمپری اور ہپ ہاپ ڈانس میں بھی ماہر ہیں۔ ڈاکٹر شنیزہ نے سائیکولوجی میں ایم اے بھی کیا ہے۔

ڈاکٹر شنیزہ نے بھرت ناٹیم میں ایم اے کیا ہے۔

کریئر اور مشغلہ کے درمیان توازن کیسے رکھتی ہیں؟
 مَیں نے اپنا شیڈول بنایا ہےکہ مجھے کس وقت کون سا کام کرنا ہے جس سے مجھے دونوں کاموں میں توازن برقرار رکھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ میرے دو کلینک ہیں۔ ناگپاڑہ، ممبئی میں ’برائٹ اسمائیل ‘ اور مجگاؤں میں ’پرسٹین اسمائیل۔‘ میں پیر سے جمعہ تک کلینک پر رہتی ہوں۔ علاوہ ازیں، سنیچر اور اتوارکو ملنے والا وقت میرے مشغلے کیلئے مختص ہے۔ میرا ڈانس کلاس بھی ہے۔ مجگاؤں میں کڈز کلب کی طرف سے سمر کیمپ منعقد کیا جاتاہے جس میں مَیں بچوںکو رقص سکھاتی ہوں۔ 
آپ کو اپنے کریئر میں کون سے چیلنجز درپیش آئے؟
 جاب ملنے کے بعد میرے لئے سب سے بڑا چیلنج اپنے کریئر اور مشغلے کے درمیان توازن برقرار رکھنا تھا۔ مجھے اپنے مشغلے کو فوقیت دینے کیلئے مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑا لیکن مَیں نے طے کر لیا تھا کہ مجھے اپنے پیشہ اور مشغلہ دونوں کو اہمیت دینی ہے۔ مجھے شروعات میں دونوں چیزوں کو وقت دینے میں تھوڑی مشکلات پیش آئی تھیں ،البتہ مسلسل کوششوں اور درست منصوبہ بندی سے اب آسانی ہو گئی ہے۔
بیک وقت دونوں کام کرنے کا فیصلہ کیسے کیا؟ 
 بی ڈی ایس کرنے کے بعد ۲۰۱۴ء میں مَیں نے ملازمت کی شروعات کی تھی۔ اس دوران مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اپنے مشغلے کو بھی اہمیت دینی چاہئے کیونکہ مجھے اس سے دماغی سکون ملتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے کلینک جاری رکھنے کے ساتھ ڈانس کی پریکٹس اور ڈانس سکھانے کا آغاز کیا۔ 
ٹائم مینجمنٹ کی کچھ ٹپس دیجئے؟
 اپنے کاموں کے حساب سے اپنا شیڈول بنایئے۔ ’’ٹوڈو لسٹ‘‘ بنایئے، پھر اس کے لحاظ سےکام کرنے کی کوشش کیجئے۔ ایک وقت میں صرف ایک کام کیجئے، اس سے توجہ مرکوز کرنے میں آسانی رہے گی اور احسن طریقے سے کام مکمل ہوگا۔ 
طلبہ کیلئے پیغام 
 پڑھائی اور دیگر کاموں کے علاوہ اپنے مشغلے کو بھی اہمیت دیجئے۔ وقت نکال کر نئے ہنر سیکھئے۔ اپنا مقصد طے کیجئے اور اسے حاصل کرنے کیلئے پوری محنت کے ساتھ کام کیجئے۔ اپنی صلاحیتوں کونکھارنے کیلئے سوشل میڈیاکا استعمال کیجئے۔ درست استعمال ہو تو یہ پلیٹ فارم اہم ہے۔ اس کے ذریعے آپ بہت کچھ سیکھ بھی سکتے ہیں اور سکھا بھی سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK