• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’مشغلہ دن بھر کی تھکن دورکردیتا ہے‘‘

Updated: September 14, 2024, 5:29 PM IST | Afzal Usmani

ممبئی کے فیضان ارشد انصاری ماہر فطرت اور ریسرچر ہیں، انہیں وائلڈ لائف فوٹوگرافی کا بھی شوق ہے۔ ’’ میں نے یوٹیوب پر اپنا چینل بھی بنایا ہے جس میں جانوروں کے متعلق ویڈیوز اپلوڈ کرتا ہوں، فارغ اوقات میں فوٹواور ویڈیوز ایڈیٹ بھی کرتا ہوں۔ دیہاتوں کے تعلیمی اداروں میں خصوصی لیکچر کیلئے جاتا ہوں۔ طلبہ کوجانوروں سے بچنے کے اقدامات اور تدابیر بتاتاہوں۔ یہ سبھی میرے مشاغل کا حصہ ہیں۔‘‘

Faizan Ansari has been associated with wildlife for the past 8 years. Photo: INN
فیضان انصاری گزشتہ ۸؍ سال سے وائلڈ لائف سے وابستہ ہیں۔ تصویر : آئی این این

فیضان انصاری محکمہ جنگلات کے افسران کو معلومات دیتے ہوئے۔

جنگلاتی دنیا ایڈونچر سے بھر پور ہے جس میں انسانوں کے سیکھنے کیلئے بھی کئی چیزیں ہیں۔ جنگلات اور جانداروں کے متعلق جاننے کا تجسس آپ کو ماہر فطرت (Naturalist) بنا سکتا ہے۔ جانئے ممبئی سے تعلق رکھنے والے فیضان انصاری کے متعلق جو ست پورہ ٹائیگر ریزرو (مدھیہ پردیش) میں بطور ماہر فطرت اور ریسرچر اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہیں وائلڈ لائف فوٹو گرافی کا شوق ہے۔
آپ کی تعلیم اور پیشے کے متعلق مختصراً بتایئے؟
 میں نے زولوجی سے گریجویشن مکمل کیا ہے۔ بعد ازاں دو سالہ وائلڈلائف مینجمنٹ میں ماسٹرز کیا۔ میں گزشتہ دوبرسوں سے ست پورہ ٹائیگر ریزرو، مدھیہ پردیش میں نیچرلسٹ اور محقق ہوں۔ یہاں میرا کام اپنی ٹیم کے علاوہ فاریسٹ ڈپارٹمنٹ کے افسران کوٹریننگ گائیڈ کرنا اور جانوروں کے رویے اور وائلڈ لائف کے متعلق معلومات فراہم کرنا ہے۔ میں گزشتہ ۸؍ سال سے اس شعبے میں کام کر رہا ہوں۔
آپ کو وائلڈلائف فوٹو گرافر بننے کا خیال کیسے آیا؟
 نوعمری میں ٹیلی ویژن اور میگزین میں جانوروں کے متعلق دیکھ اور پڑھ کر ان کے بارے میں جاننے کا شوق پیدا ہوا۔ ان کی حیرت انگیز تصویریں میرے تجسس میں اضافہ کرتی تھیں۔پھر جب میں نے وائلڈ لائف مینجمنٹ کا کورس کیا اور پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھا تو مجھے اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کا موقع مل گیا۔ میں مختلف قسم کے چھوٹےجانوروں پر تحقیق کرنے کے ساتھ ان کی تصاویر بھی لینے لگا۔ دھیرے دھیرے اس میں مہارت حاصل کی اور اب دوسری ذمہ داریوں کے ساتھ وائلڈ لائف فوٹو گرافی بھی کرتا ہوں۔
اپنے پروفیشن اور مشغلہ کے درمیان توازن کیسے قائم رکھتے ہیں؟
 چونکہ میرا پروفیشن اور پسندیدہ مشغلہ جنگلات ہی ہیں، اس لئے مجھے زیادہ مشکل نہیں پیش آتی۔جانوروں پر تحقیق اور ٹریننگ گائیڈ کے بعد جب بھی وقت ملتا ہے میں اپنے پروفیشنل کیمرے سے جانوروں کی تصاویر لینا پسند کرتا ہوں، اس دوران جانوروں کا انتظار کبھی کبھی طویل بھی ہوجاتا ہے مگر مجھے اپنا شوق پورا کرنے کی خوشی ہوتی ہے۔ بعض دفعہ کام کاج کے اوقات پورے ہوجاتے ہیںمگر اپنے مشغلے کیلئے میں اضافی وقت دیتا ہوں۔یہ اضافی وقت مجھے بہت کچھ سکھاتاہے۔
یہ ایک پُر خطر شعبہ ہوسکتا ہے،کیا آپ کے والدین اس معاملے میں آپ کا سپورٹ کرتے ہیں؟
  والدین کےتعاون کے بغیرکامیابی اور کامیابی کی خوشی دونوں محال ہیں۔ابتدا میں والدین میرے شوق اور پیشے کے متعلق فکر مند تھے مگر کام کے تئیں میرے جنون کو دیکھتے ہوئے وہ راضی ہوگئے البتہ وہ احتیاطی اقدامات اور گائیڈ لائن پر عمل کرنے کی خاص تاکید کرتے ہیں۔
طلبہ کیلئے آپ کا پیغام؟ 
 کامیابی کیلئے سخت محنت درکار ہوتی ہے، لہٰذا محنت کو اپنی زندگی کا لازمی حصہ بنا لیں۔ایسا ہرگز نہ کریں کہ تعلیم کیلئے اپنے شوق اور پسندیدہ مشغلے کو چھوڑ دیں،دونوں کو متوازن انداز میں ساتھ لے کر بھی چلا جاسکتا ہے۔گھر والوں کو اعتماد میں لے کر کوئی بھی کام کریں۔ اپنے کریئرکے تئیں لگن اور جنون پیدا کریں۔ عملی زندگی میں کوئی بھی کام کریں تو خود پر بھروسہ رکھیں، تبھی آپ پر دوسروں کا بھروسہ قائم ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK