• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’تخلیقی مشاغل آپ کو پُر اعتماداور ہنرمند بناتےہیں‘‘

Updated: September 16, 2024, 5:13 PM IST | Afzal Usmani | Mumbai

بنارس، یوپی سے تعلق رکھنے والے سید شہباز حسین’نیسلے انڈیالمیٹڈ‘ میں سنیئر سیلز آفیسر ہیں، شاعری اُن کا ’’کریئر وَن پلس‘‘ ہے۔ ’’کورونا وبا کے دوران والدہ کی وفات ہوگئی۔ وہ مجھے ڈاکٹر بنانا چاہتی تھیںمگر میرا رجحان انجینئرنگ کی طرف تھا،وہ اس میں بھی خوش تھیں،پھر میں نے ایم بی اے کا ارادہ کیا، تب بھی وہ خوش تھیں ۔آج میری کامیابی دیکھنے کیلئے وہ حیات نہیں ہیں مگر مجھے لگتا ہے کہ وہ اب بھی خوش ہوتیں۔اگر آپ میں کوئی ہنر ہے تو وہ پانی کی مانند نہ تو دب سکتا ہے اور نہ چھپ سکتا ہے ۔‘‘

Shahbaz Hussain worked in various companies including Airtel India. Photo: INN
شہباز حسین نے مختلف کمپنیوں میں ملازمت کی جس میں ’ایئر ٹیل انڈیا‘ بھی شامل ہے۔ تصویر : آئی این این

سید شہباز حسین ایک پروگرام میں اپنا کلام سناتے ہوئے۔

مصروف زندگی آپ کے مشاغل کے درمیان کبھی حائل نہیں ہوسکتی۔ اعلیٰ تعلیم، دفتری ذمہ داریاں اور نجی مصروفیات کے باوجوداپنے شوق کو پورا کرنے کی لگن آپ کو وقت نکالنے پر مجبور کرتی ہے۔ پڑھئے سید شہباز حسین کے بارے میں جنہوں نے الیکٹریکل اور الیکٹرونکس میں انجینئرنگ مکمل کی۔ بعد ازاں انہوں نے ایم بی اے (ماسٹرز آف بزنس ایڈمنسٹریشن) کیا۔ فی الحال’نیسلے انڈیا لمیٹڈ‘ میں سینئر سیلز آفیسر (ایس ایس او) کے عہدے پر فائز ہیں۔ شہباز حسین کو شاعری کا شوق ہے۔ان کی نظموں اور غزلوں کی تعداد ۱۵۰؍ سے زائد ہے۔
آپ کو شاعری کا شوق کیسے اور کب پیدا ہوا؟
 میرے والد سعودی عرب میں ملازمت کرتے تھے، وہ جب بھی ہندوستان آتے تو ان کے پاس مشاعروں کی سی ڈیز ہوتی تھیں۔وہ اکثر مشہور شعرا کے کلام کو سنتے تھے۔مجھ میں شعر کہنے کا شوق ان مشاعروں کو سننے کے بعد پیدا ہوا۔ اسکول کے زمانے ہی سے اردو اچھی تھی تو الفاظ پر کم محنت کرنی پڑی۔ شاعری کی باریکیاں سیکھی اور دھیرے دھیرے خود بھی مختلف موضوعات پر نظمیں اور غزلیں کہنے لگا۔
آپ نیسلے انڈیا میں اعلیٰ عہدے پر فائز ہیں، کیا اب بھی آپ کوکچھ لکھنےکا موقع ملتا ہے؟ 
 کالج کے زمانے میں کافی وقت میسر تھا۔ دفتری مصروفیات کے بڑھنے کے بعد بہت کم موقع ملتا ہے لیکن جب بھی وقت ملتا ہے یا چھٹی رہتی ہے یا طبیعت موزوں ہوتی ہے تو کچھ اشعار ضرور لکھتا ہوں۔ سماج اور اطراف کا ماحول بھی میری شاعری کے موضوعات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
 کتابوں کا مطالعہ آپ کی شاعری پر کس طرح اثر انداز ہوتا ہے؟
 اچھی کتابوں کا مطالعہ ہمیشہ ہی آپ کی شخصیت پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔میں نے قدیم اور جدید شعرا کے کلام کو بغور پڑھا ہے۔ اس سے مجھے نہ صرف شاعری میں بلکہ عملی زندگی میں بھی مدد ملتی ہے۔ ہر طالب علم کو اچھی کتابوں کا مطالعہ کرنا چاہئے۔
صرف تعلیم ہی پر توجہ دینا ضروری ہے یا اپنے مشاغل
 کو بھی پورا کرنا اہم ہوتا ہے؟آپ کی کیارائے ہے؟ 
 موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ اپنے مشغلےکو بھی وقت دینا طلبہ کی تخلیقی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے۔ اب تو والدین بھی چاہتے ہیں کہ ان کا بیٹا یا بیٹی تعلیم کے ساتھ دوسرے تخلیقی مشاغل کی طرف توجہ دے۔یہ آپ کی خود اعتمادی میں اضافہ کرتا ہے۔
طلبہ کو اپنے چند اشعار کے ذریعے پیغام دینا چاہیں گے؟
بہت اونچائی سے ہے وہ گرا پر شان باقی ہے
بدن میں درد لے کر پھر اڑا کہ جان باقی ہے
ندی ،تالاب، کھائی اور سمندر چھو لیا جس نے
ابھی اس کے لئے تو سارا ہی آسمان باقی ہے
خدا کی نعمتوں کو کس طرح ٹھکرائے گا بندے
ابھی تیرے لئے تو سورۂ رحمٰن باقی ہے

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK