• Thu, 19 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

یورپ کی ۵؍لیگ کے چمپئن کا فیصلہ ہوگیا

Updated: May 24, 2024, 1:18 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

کلب فٹبال میں یورپ کی لیگز کوبہت اہمیت حاصل ہے، ان میں بھی ۵؍لیگز کو خصوصی طورپر شائقین دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ اس سیزن میں انگلش پریمیر لیگ میں مقابلہ دلچسپ رہا اور مانچسٹر سٹی نے چمپئن شپ جیتی۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

انگلش پریمیرلیگ میں اتوار کو فاتح کا فیصلہ ہونے کے ساتھ ہی یورپ کی ۵؍ بڑی لیگز کے فاتحین کا فیصلہ ہوگیا ہے۔ اتوار کی رات پریمیر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے ۹۱؍ پوائنٹس کے ساتھ چمپئن شپ پر قبضہ کرلیا۔ اس سیزن میں آرسنل کو مایوسی ہاتھ لگی۔ حالانکہ اس کے اور مانچسٹر سٹی کے درمیان محض ۲؍ پوائنٹس کا فرق تھا لیکن سٹی کی ٹیم نے سبقت حاصل کرلی تھی۔ 
 کلب ورلڈ کپ میں یورپ کی لیگز کو بہت پسند کیا جاتاہے اور ان میں سے بھی ۵؍  لیگز میں شائقین کی دلچسپی بہت زیادہ ہوتی ہے۔ جن میں انگلینڈ کی انگلش پریمیر لیگ، اسپین کی لالیگا ، جرمنی کی بنڈس لیگا ، اٹلی کی سیری اے اور فرانس کی لیگ وَن کو شائقین دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔ اسپین ، جرمنی، اٹلی اور فرانس میں چمپئن شپ کا فیصلہ سیزن ختم ہونے سے پہلے ہی ہوگیا تھا اور پریمیر لیگ میں آرسنل اور سٹی کے درمیان خطاب کیلئے چوہا بلی کی دوڑجاری تھی لیکن سٹی کی ٹیم نے اس ریس میں کامیابی حاصل کرلی اور آرسنل کو ایک بار پھر خطاب سے محروم ہونا پڑا ہے۔انگلش پریمیر لیگ میں اس بار مقابلہ زبردست تھا کیونکہ ایک وقت ایسا بھی جب لیورپول کی ٹیم خطاب کی طرف گامزن تھی لیکن آخری مقابلوں میں اسے شکست ہوئی اور وہ تیسرے نمبرپر چلی گئی۔ بہرحال سٹی کے چمپئن بننے سے لیگ کا سیزن ختم ہوگیا۔ 

 انگلش پریمیر لیگ میں مانچسٹر سٹی نے مسلسل چوتھی بار ٹرافی پر قبضہ کیا اور مانچسٹر یونائٹیڈ کے مسلسل ۳؍بار خطاب جیتنے کے ریکارڈ کو توڑ دیا۔ اس سیزن میں اس کے ۳۸؍ میچو ںمیں ۹۱؍ پوائنٹس رہے۔اس نے ۲۸؍ میچ جیتے، اس کے ۷؍میچ ڈرا ہوئے، ۳؍ میچ میں اسے شکست کا سامنا کرناپڑا۔ ۲؍پوائنٹس کے فرق سے چمپئن شپ جیت لی۔ 

 جرمنی کی گھریلو فٹبال لیگ بنڈس لیگا میں اس بار بائرن میونخ کو تیسری پوزیشن پر اکتفا کرناپڑا۔ بائر لیورکوزین نے شاندار کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے لیگ میں بائرن کے تسلط کا خاتمہ کیا۔ لیورکوزین نے ۳۴؍ میچوں میں ۲۸ ؍ جیت، ۶؍ڈرا اور بغیر شکست کے ۹۰؍پوائنٹس حاصل کئے ۔ لیورکوزین اس بار چمپئن لیگ میں کھیلے گی۔ 

 فرانس کی لیگ وَن میں بھی سیزن کے اختتام سے پہلے ہی چمپئن کا فیصلہ ہوگیا تھا۔ پیرس سینٹ جرمین کی ٹیم نے ایک بار اس چمپئن شپ پر قبضہ کرلیا۔ پیرس کے فٹبال کلب نے ۳۴؍میچوں میں ۷۶؍پوائنٹس کے ساتھ ٹرافی پر قبضہ کرلیا۔ اسے ۲۲؍میچوں میں کامیابی اور ۲؍ میں شکست ہوئی تھی۔ اس کے ۱۰؍ میچ ڈرا پر ختم ہوئے تھے۔ 

۱نگلش پریمیر لیگ کے بعد یورپ میں سب سے زیادہ اسپینش لیگ لا لیگا کو پسند کیا جاتاہے۔ اس بارریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے اسٹار کھلاڑیوں کی غیرموجودگی کے باوجود اس چمپئن شپ پر قبضہ کرلیا۔ اس بار یہ ٹیم چمپئن لیگ کا فائنل بھی کھیلے گی۔ اس کا سیزن ابھی ختم نہیں ہوا ۔ ۳۷؍ میچوں میں ریئل نے ۹۴؍ پوائنٹس حاصل ہوئے۔ اس نے ۲۹؍ میچ جیتے اور ایک میچ گنوا دیا۔ 

 اٹلی کی گھریلو فٹبال لیگ سیری اے میں بھی چمپئن شپ کا فیصلہ ۶؍ راؤنڈ میچ پہلے ہی ہوگیا تھا اور انٹر میلان فٹبال کلب نے اس پر قبضہ کرلیا تھا۔ فی الحال سیری اے کا سیزن ختم نہیں ہوا ہے اور اس کا میچ باقی ہے۔ انٹر میلان نے ۳۷؍ میچوں میں ۹۳؍ پوائنٹس حاصل کئے ہیں۔ ۲۹ ؍ میچوں میں اسے کامیابی ملی ہے اور ۲؍ میچ اس نے گنوائے ہیں۔ اس کے میچ ڈرا پر ختم ہوئے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK