طلبہ سارا دن پڑھائی میں مصروف ہوتے ہیں، ایسے میں ان کیلئے اپنے مشاغل کیلئے وقت نکالنا مشکل ہوسکتا ہے، ذیل میں چند تدابیر پیش کی گئی ہیں۔ ان سے استفادہ کرتے ہوئے آپ پڑھائی اور مشاغل دونوں کیلئے وقت نکال سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 10, 2024, 4:58 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
طلبہ سارا دن پڑھائی میں مصروف ہوتے ہیں، ایسے میں ان کیلئے اپنے مشاغل کیلئے وقت نکالنا مشکل ہوسکتا ہے، ذیل میں چند تدابیر پیش کی گئی ہیں۔ ان سے استفادہ کرتے ہوئے آپ پڑھائی اور مشاغل دونوں کیلئے وقت نکال سکتے ہیں۔
بیشتر طلبہ کے ذہن میں سوال ہوگا کہ وہ سارا دن پڑھائی میں مصروف ہوتے ہیں، ایسے میں مشاغل کیلئے وقت کیسے نکالیں۔ جب بھی ان دو کاموں کے درمیان انتخاب کرنا ہوتا ہے تو بیشتر افراد اپنے کام کو ترجیح دیتے ہیں۔
تاہم، ذیل میں دیئے گئے نکات آپ کو اپنی پسندیدہ سرگرمی/ مشغلہ کیلئے وقت نکالنے میں اہم ثابت ہوں گے:
(۱) اپنے پسندیدہ مشغلہ کیلئے روزانہ وقت نکالنے میں مشکل پیش آرہی ہو تو طویل المدتی نقطہ نظر اپنائیں۔ اپنے شیڈول میں ایسا خلاء یا وقفہ تلاش کریں جسے آپ پُر کر سکتے ہیں۔ اگر آپ اسے روزانہ کرنے سے قاصر ہیں، تو ہر ہفتے یا ہر مہینے اس کیلئے چند گھنٹے مختص کریں۔
(۲) پڑھائی کے دوران اگر آپ وقفہ لیتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ اس دوران آپ کوئی سرگرمی انجام دے سکتے ہیں تو یہ وقفہ اپنے مشغلے کیلئے وقف کردیں۔ اس طرح آپ ذہنی طور پر تازہ محسوس کریں گے، پڑھائی میں یکسوئی بھی پیدا ہوگی اور مشغلہ میں آپ ماہر بھی ہوتے جائیں گے۔ مثال کے طور پر پڑھائی کے درمیان وقفہ میں باغبانی کرلیجئے، کوئی پوڈ کاسٹ سن کر اس کا تجزیہ کردیجئے، کوئی آسان پکوان بنالیجئے، کسی نغمہ کی تفصیل پڑھ کر اس پر اپنے تاثرات لکھ کر بلاگ پر ڈال دیجئے، قدرتی مناظر کی چند تصویریں کھینچ لیجئے۔ یاد رہے کہ یہ صرف مثالیں ہیں، آپ اپنی پسند کی مناسبت سے کام کیجئے۔
(۳) اکثر ایسا ہوتا ہے کہ طلبہ ایک ہی کام میں کئی گھنٹے گزار دیتے ہیں اور پھر وقت نہ ہونے کی شکایت کرتے ہیں۔ غور کیجئے کہ آپ کا زیادہ وقت کہاں صرف ہورہا ہے، اسمارٹ فون پر اسکرولنگ میں یا ٹی وی دیکھنے میں۔ جس کام میں زیادہ وقت ضائع ہورہا ہے، اس کا دورانیہ کم کردیجئے اور وہاں بچ جانے والے وقت میں اپنی پسندیدہ سرگرمی انجام دیجئے۔ ہدف یہی رہے کہ اس سرگرمی میں آپ کو مہارت حاصل کرنی ہے۔
کئی بار ہم ایسے کام کرتے ہیں جو ہمیں کم پسند ہوتے ہیں،ان حالات میں کاموں میں دلچسپی کیسے پیدا کریں؟
ہدف تک پہنچنے کیلئے کئی پسندیدہ اور کم پسندیدہ کام کرنے پڑتے ہیں۔ یہی زندگی کی خوبصورتی ہے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ یہ ایک ’’صحت بخش‘‘ پیکیج ہے، جو انسان کو مزیدطاقتور بناتا ہے۔ اپنی حقیقی صلاحیت کو تلاش کرنے اور اپنے مقصد کو حاصل کرنے کیلئے سب سے پہلے ’’کمفرٹ زون‘‘ (وہ جگہ جہاں آرام سے کام کیا جاتا ہے) سے باہر آنے کی ضرورت ہے۔ انسان عام طور پر ان چیزوں کو کم پسند کرتا ہے جن میں اسے آرام اور سکون نہیں ملتا کیونکہ وہ ناکامی سے ڈرتا ہے۔ خیال رہے کہ خوشی آسان کام کرنے سے نہیں ملتی بلکہ انسان اپنے اندر اطمینان اس وقت محسوس کرتا ہے جب وہ ایک مشکل کام بحسن خوبی انجام دیتا ہے۔ اپنے آپ کو چیلنج دیں۔ چیلنج دینے اور پھر کام کر گزرنے کے بعد جو خوشی میسر آتی ہے، وہی حقیقی خوشی ہے۔ اسے مثال کے ذریعے سمجھئے:
اگر آپ کیلئے ’’نیٹ‘‘ ایک مشکل مرحلہ ہے تو آپ کو اسی وقت اطمینان حاصل ہوگا جب آپ اس میں اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کریں گے۔ اپنے خوابوں کو پانے کیلئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ جو کام کررہے ہیں، وہ آپ کی پسند کا ہے یا نہیں، فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ آپ کو اس میں خوشی اور اطمینان حاصل کرنا ہے، وہ بھی اپنے آپ کو چیلنج دے کر۔
تخلیقی اور پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے ۱۲؍ اہم مشاغل
واضح رہے کہ یہ مشاغل ماہرین سے بات چیت کی بنیاد پر بتائے جارہے ہیں۔ ہوسکتا ہے کہ اس میں سے بعض آپ کے مشغلے میں پہلے ہی شامل ہوں۔ لیکن جو طلبہ اپنی تخلیقی اور پیداواری صلاحیت بڑھانا چاہتے ہیں،یا، وہ طلبہ جنہیں معلوم نہیں ہے کہ ان کا مشغلہ کیا ہے، وہ اِن میں سے کسی ایک یا دو کا انتخاب کرکے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں:
کسرت (ورزش اور یوگا)
کرافٹ (کاغذات کے ذریعے)
موسیقی (گلوکاری، موسیقی ترتیب دینا)
تحریر کرنا (مضامین، کہانیاں، نظمیں، ناول، مختصر کہانیاں، اشعار وغیرہ)
مطالعہ (مختلف کتابوں کا)
مٹی کے برتن بنانا
ڈارما (اداکاری کرنا، ہدایتکاری کرنا، ڈراما لکھنا، اسکرین پلے وغیرہ)
باغبانی (گھر یا قریبی پارک میں)
فوٹوگرافی (عام طور پر قدرتی مناظر کی)
مختلف زبانیں سیکھنا
بلاگ لکھنا (تجزیاتی مضامین)
اہم موضوعات پر وولاگ بنانا