• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

سانپ، بین کی آواز پر رقص کرتا ہے، کیوں؟

Updated: September 15, 2023, 4:19 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai

’بھینس کے آگے بین بجانا‘ ایک محاورہ کے طور پر مشہور ہے ۔ یہ محاورہ ہم اس وقت کہتے ہیں جب ہماری باتوں کا سامنے والے پر کوئی اثر نہیں ہوتا اور وہ اپنی ہی دھن میں مگن رہتا ہے۔

Photo. INN
تصویر:آئی این این

’بھینس کے آگے بین بجانا‘ ایک محاورہ کے طور پر مشہور ہے ۔ یہ محاورہ ہم اس وقت کہتے ہیں جب ہماری باتوں کا سامنے والے پر کوئی اثر نہیں ہوتا اور وہ اپنی ہی دھن میں مگن رہتا ہے۔اس کے برعکس سانپ کے آگے بین بجایا جائے تو وہ جھومتا یا رقص کرتا ہوا نظر آتا ہے۔ لیکن کیا آ پ نے کبھی غور کیا ہے کہ سانپ کے کان نہیں ہوتے اس کے باوجود وہ بین کی آواز پر کیوں رقص کرتا ہے۔؟
اسنیک چارمنگ کیا ہے؟
اسنیک چارمنگ بانسری یا `پنگی نامی آلے کو سانپ کے ارد گرد بجا کر ہپناٹائز کرنے کا عمل ہے ۔یہ ایک خطرناک عمل خیال کیا جاتا ہے۔تاریخی لحاظ سے ہندوستان میں اسنیک چارمنگ کا رواج کچھ قبائلیوں کا پیشہ تھا۔ قدیم مصر اسنیک چارمنگ کا ایک اہم مرکز تھا لیکن آخر کار یہ جنوب مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ ایشیا اور شمالی افریقہ میں پھیل گیا۔بہت سے پیشہ وارانہ اسنیک چارمر سانپوں کا کھیل دکھانے کیلئے کسی بھی تہوار کے موقع پر قصبوں اور دیہاتوں کا دورہ کرتے ہیں۔
سانپ کیسے سنتے ہیں ؟
 کسی بھی جاندار کی سننے کی صلاحیت اس کی ماحول سے آنے والی وائبریشن کو جذب کرنے پر منحصر ہوتی ہے۔ انسانوں میں کان کے پردے کوئی بھی آواز سننے کا سبب بنتے ہیں۔سانپوں کے کان کے پردے نہیں ہوتے لیکن وہ مکمل طور پر اندرونی کان کے ڈھانچے بنا لیتے ہیں۔ کان کی اندرونی ساخت ان کے جبڑے کی ہڈی سے براہ راست جڑی ہوتی ہے جو زمین پر ٹکی ہوتی ہے۔وہ کسی بھی چیز کی آہٹ زمین سے لیتا ہے اور اس کی کھال اس آہٹ کو محسوس کرتی ہے۔
سانپ بین کو خطرہ سمجھتےہیں
جب سانپ کے سامنے بین بجائی جاتی ہے تو وہ ان آواز کی لہروں کو محسوس کرتے ہیں اور جواب دینے کیلئے اسے اندرونی کان میں منتقل کرتے ہیں۔ سانپ اس سے حاصل ہونے والی آواز کی لہروں کے جواب میں اپنے جسم کو حرکت دیتا ہے۔ سانپ کا تماشہ دکھانے والے بین کو سانپ کے آگے ہلاتے ہیں جس کو خطرہ سمجھ کر اس سے بچنے اور اپنی حفاظت کیلئے سانپ اِدھر اُدھر ہٹتا ہے اور بین کی پوزیشن میں تبدیلی کےساتھ اپنی پوزیشن بدلتا ہے جس کو ہم سانپ کا ناچنا سمجھتے ہیں۔یہ سپیروں کی صرف شعبدہ بازی ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK