• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۸؍ جاپانی طریقےایسے ہیں جن کی مدد سےسستی بآسانی دور ہوسکتی ہے!

Updated: December 22, 2023, 2:11 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

ٹیکنالوجی اور حکمت کے میدان میں جاپان کو دنیا کا اہم ترین ملک خیال کیا جاتا ہے۔ وقت کی پابندی ہو یا ڈسپلن، جاپانی اپنی ثقافت کیلئے مشہور ہیں۔ یہاں بتائے گئے طریقے آپ کی ذہنیت بدل سکتے ہیں۔

It happens many times throughout the day that a person becomes lazy, or, unable to complete work due to boredom, but with a little attention it is possible to eliminate inactivity. Photo: INN
دن بھر میں کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ انسان سستی کا شکار ہوجاتا ہے، یا، اکتاہٹ کی وجہ سے کام مکمل نہیں کرپاتا مگر تھوڑی سی توجہ سے غیر فعالیت ختم کرنا ممکن ہے۔تصویر : آئی این این

ہر شخص کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے جب وہ محسوس کرتا ہے کہ اب وہ مزید کام نہیں کرسکتا، یا، ایک ہی کام کرکے بور ہوگیا ہے، یا، اب کسی کام میں اس کا دل نہیں لگتا، وہ اکتاہٹ کا شکار ہے، ہمہ وقت غیر فعال محسوس کرتا ہے وغیرہ۔ اس کے شب و روز ایک جیسے ہوجاتے ہیں جن میں وہ کوئی بھی پیداواری کام نہیں کرپاتا۔ اسی طرح طلبہ کو اکثر شکایت ہوتی ہے کہ وہ سستی محسوس کرتے ہیں۔ ان کے دن کا بڑا حصہ بغیر کوئی اہم کام کئے ہی ضائع ہوجاتا ہے اور وہ ہوم ورک، پروجیکٹ، یا امتحان کی تیاری وقت رہتے نہیں کرپاتے۔ 
متعدد تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالب علمی کے زمانے میں انسان کو سب سے زیادہ فعال ہونا چاہئے کیونکہ ابتدائی عمر میں کئے گئے کاموں ہی کے ذریعے وہ مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتا ہے۔ مستقبل میں کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ اس کا تعلیمی سفر ’’فعال‘‘ ہو۔ صرف نصابی یا نتائج کے اعتبار سے نہیں بلکہ غیر نصابی سرگرمیوں کے لحاظ سے بھی۔
طلبہ کیلئے فعال رہنا (خاص طور پر اس وقت) اس لئے بھی ضروری ہے کہ ابھی اسکولوں میں غیر نصابی سرگرمیاں شروع ہیں نیز امتحانات کا دور بھی شروع ہونے والا ہے۔ ایسے میں طلبہ کو سستی چھوڑ کر فعال ہوجانا چاہئے کیونکہ وقت کم رہ گیا ہے۔ 
جاپانی قوم، دنیا کی دیگر قوموں سے اس لئے آگے ہے کہ اس نے جنگ عظیم دوم کے بعد سے اپنا سارا وقت اور توانائی اپنے آپ کو بہتر بنانے میں صرف کردیا۔ جاپان نے نہ صرف تکنالوجی کے محاذ پر بلکہ دنیا کے ہر شعبے میں اہم کارنامے انجام دیئے۔ غور کیا جائے تو آج تکنیکی لحاظ سے جاپان سب سے ایڈوانس ملک ہے۔ امریکہ اور چین جیسے بڑے ممالک کو اس تک پہنچنے میں ابھی کافی وقت درکار ہے۔ 
جاپانی ثقافت میں بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے فعال رہنے کی ترغیب دی جاتی ہے اس طرح نوجوانی میں قدم رکھتے ہی وہ ہمہ وقت اسی فکر میں رہتے ہیں کہ کس طرح اپنے ملک، اپنی قوم اور دنیا کی خدمت کریں۔ یہی وجہ ہے کہ گزشتہ چند عشروں کے دوران ہر عمر کے افراد کو فعال رکھنے کیلئے جاپان میں متعددتکنیک متعارف کروائی گئیں جن کی مدد سے انسان چاہے وہ عمر کے کسی بھی حصے میں ہو، خود بہتری کی کوشش کرسکتا ہے۔ طلبہ کو ان میں سے کم از کم ایک تکنیک ضرور آزمانا چاہئے۔

Ikigai
 اس لفظ کا معنی ہے ’’زندگی کا مقصد۔‘‘ اس عمل میں آپ کو سب سے پہلے یہ تلاش کرنا ہے کہ آپ کی زندگی کا مقصد کیا ہے؟ یا آپ کا ہدف کیا ہے؟ اس پر ایک کتاب بھی لکھی جاچکی ہے جو آسانی سے دستیاب ہے۔ اس کے مصنفین فرانسیسک میرالس اور ہیکٹر گارسیا کا کہنا ہے کہ ’’ایسی چیز جو آپ کو خوشی دے اور آپ کو آگے بڑھنے کی ترغیب دے وہ آپ کا ’ای کی گائی‘ ہے۔‘‘
 تاہم، نیورو سائنٹسٹ کین میگی کہتے ہیں کہ انسان ۵؍ مرحلے میں اپنا ای کی گائی حاصل کرسکتا ہے۔
 (۱) سب سے پہلے اسے کام شروع کرنا چاہئے، (۲) اس دوران اپنے خیالات کو آزاد چھوڑ دینا چاہئے، (۳) پھر اپنے کام میں سکون اور اطمینان تلاش کرنا چاہئے، (۴) ایک وقت میں ایک کام اور ایک کام میں پوری توجہ ضروری ہے، (۵) چھوٹے چھوٹے کاموں میں خوشی حاصل کریں، اور آپ کو ای کی گائی مل جائیگا۔ اس کے بعد آپ خود بخود فعال ہوجائیں گے۔
Kaizen
اس کے ذریعے سیکھا جاسکتا ہے کہ آہستہ آہستہ ترقی کی جانب کیسے بڑھا جاتا ہے۔ ہدف کی جانب چھوٹی چھوٹی کامیابی آپ کو بڑی کامیابی سے روشناس کرواتی ہے۔ تاہم، جب طالب علم یہ تکنیک اپنائے تو اس بات کا خاص خیال رکھے کہ اسے اپنی صلاحیتوں اور طاقتوں کا اندازہ لگا لینا ہے اور اپنے ہدف کی طرف آہستہ آہستہ بڑھنا ہے۔ بڑی چھلانگ لگانے کی کوشش بالکل نہیں کرنی ہے بلکہ چھوٹے چھوٹے قدم بڑھاتے ہوئے اپنا ہدف پانا ہے۔ 
Pomodoro
 طلبہ کیلئے بہترین تکنیک یہی ہے۔ جو چیز آپ کے ذہنی خلل کا سبب بنتی ہے، مثلاً ٹی وی یا اسمارٹ فون، اس سے دوری اختیار کیجئے، صرف ۲۵؍ منٹ کیلئے۔ اور اس ۲۵؍ منٹ میں آپ کو پوری توجہ سے ایک کام انجام دینا ہے، مثلاً کوئی بڑا جواب اچھی طرح ذہن نشین کرلینا چاہئے۔ اس کے بعد ۵؍ منٹ کا وقفہ لیجئے۔ اس بریک میں آپ جو کرنا چاہیں کرلیجئے۔ تاہم، اس کے بعد ۲۵؍ منٹ کیلئے اپنے آپ کو دوبارہ مشغول کرلیجئے، پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لیجئے۔ اس تکنیک میں آپ کو اپنے لئے ہدف طے کرنا ہے اور ۲۵؍ منٹ میں پانے کی کوشش کرنی ہے، اور پھر ۵؍ منٹ کا وقفہ لینا ہے۔
Hara Hachi Bu
 بیشتر افراد دوپہر کے کھانے کے بعد سستی محسوس کرتے ہیں۔ ہرا ہاچی بو وہ طریقہ ہے جسے اپنا کر آپ اس سستی کو مات دے سکتے ہیں۔ماہرین کہتے ہیں کہ یہ طریقہ اپنا کر آپ صحتمند بھی رہیں گے اور آپ کی عمر بھی بڑھے گی۔ جاپان کے شہر اوکی ناوا کے لوگ طویل عمر پاتے ہیں جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ ابتدائی عمر ہی سے ہرا ہاچی بو طریقہ اپناتے ہیں۔ اس میں آپ کو صرف اتنا کرنا ہے کہ دوپہر کا کھانا بھر پیٹ نہیں کھانا ہے بلکہ صرف اتنا کھانا ہے کہ آپ کا پیٹ ۸۰؍ فیصد بھرے۔ ہر شخص کو اپنی بھوک اور خوراک کا اندازہ ہوتا ہے۔ اگر آپ کو محسوس ہوتا ہے کہ دو روٹی کھانے میں آپ کا پیٹ بھرتا ہے تو یہ طریقہ اپنانے کے بعد آپ کو ڈیڑھ روٹی کھانی ہوگی۔ اس طرح آپ پر غنودگی طاری نہیں ہوگی اور آپ فعال محسوس کریں گے۔
Shoshin
 اس لفظ کا معنی ہے ’’کورا ذہن۔‘‘ یہ اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے آپ کا ذہن صاف ہو، کامیابی ہو یا ناکامی، آپ اسے کھلے دل و دماغ کے ساتھ قبول کریں۔ پڑھائی کرنے کیلئے اپنے ذہن کو کھلا رکھیں اور پوری توجہ سے پڑھائی کریں۔ اکثر افراد ناکامی کے خوف سے کام چھوڑ دیتے ہیں یا کام شروع ہی نہیں کرتے۔ شوشین اس بات کی ترغیب دیتی ہے کہ کامیابی اور ناکامی آپ کے ہاتھ میں نہیں ہے البتہ اپنا کام ، ذہنی یکسوئی کے ساتھ وقت پر مکمل کرنا آپ کے ہاتھ میں ہے۔ اس لئے کام کے انجام کے بغیر اسے مکمل کریں۔
Wabi-Sabi
 اس کا معنی ہے ’’نا مکمل چیزوں میں خوبصورتی تلاش کرنا۔‘‘یہ ہمیں ترقی اور زوال کے قدرتی چکروں کی تعریف کرنا سکھاتا ہے۔ وابی سابی اپنا کر انسان موجودہ لمحے میں خوش رہنا سیکھ سکتا ہے۔ یہ طریقہ قناعت کا سبق دیتا ہے۔ چھوٹی چھوٹی تفصیلات پر زور دینے کے بجائے اس بات پر توجہ مرکوز کریں کہ سب سے اہم کیا ہے۔ سادگی کو گلے لگائیں اور خامیوں کی تعریف کریں۔ یاد رکھیں کہ کام کرنا زیادہ اہم ہے البتہ اسے مکمل کرنے کیلئے پوری کوشش کریں۔ یہ طریقہ آپ کا ذہن اس طرح بدلتا ہے کہ آپ سستی چھوڑ کر کام انجام دینے لگتے ہیں۔ 
Forest Bathing
اس کا لفظی ترجمہ ہوا ’’جنگل میں نہانا۔‘‘ تاہم، اس کا مفہوم ہے فطرت میں وقت گزارنا۔ فطرت میں ہمارے ذہنوں اور جسموں کو نئے سرے سے زندہ کرنے کی قابل ذکر صلاحیت ہے۔ ذہنی دباؤ کو کم کرنے اور موڈ کو بہتر بنانے کیلئے یہ طریقہ سائنسی طور پر تصدیق شدہ ہے۔ فطرت میں وقت گزارنا سستی پر قابو پانے کیلئے ایک ضروری تکنیک ہے۔ روزمرہ کی زندگی کی ہلچل سے تھوڑا سا وقفہ لیں۔ قریبی پارک کا دورہ کریں، تازہ ہوا میں سانس لیں، اور فطرت کو اپنی روح کو ری چارج کرنے کا موقع دیں۔ آپ نئی توانائی اور مقصد کے نئے احساس کے ساتھ واپس آئیں گے۔
Kakeibo
 یہ مالی پریشانیوں کے سبب طاری ہوجانے والی سستی یا غیر فعالیت سے نجات حاصل کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ یہ آپ کو بجٹ بنانے اور اسی کی مناسبت سے خرچ کی ترغیب دیتا ہے۔ یہ اقدامات اپنایئے:
(۱) ہر ماہ ہونے والے لازمی اخراجات کو نوٹ کیجئے۔
(۲) آپ کو ماہانہ کتنی رقم ملتی ہے، اسے لکھئے۔
(۳) یہ فیصلہ کیجئے کہ آپ ماہانہ لازمی اخراجات اور ماہانہ ملنے والی رقم سے تھوڑی بچت کریں گے۔
(۴) تجزیہ کیجئے کہ آپ کم سے کم کتنا خرچ کرسکتے ہیں۔ مثلاً، آپ کو ماہانہ ۵۰۰؍ روپے ملتے ہیں۔لازمی اخراجات ہیں ۲۰۰؍ روپے۔ آپ نے ۱۰۰؍ روپے بچانے کا ہدف طے کیا۔ اس طرح آپ کے پاس ۲۰۰؍ روپے مزید باقی رہ گئے۔
(۵) اپنے اضافی اخراجات کو ۴؍ سے تقسیم کیجئے۔ اس طرح آپ ہر ہفتے ۵۰؍ روپے خرچ کرسکتے ہیں۔ ککیبو آپ کو بجٹ سے زیادہ خرچ سے روکے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK