• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

یہ دَور مہارت چاہتا ہے، نیا فن یا ہنر۱۰؍ گنا تیزی سے کیسے سیکھیں؟

Updated: May 26, 2023, 3:33 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

طالب علمی کے دور ہی میں ایسا طالب علم بننے کی کوشش کیجئے جو اپنی ’’پاور‘‘ (صلاحیت یا مہارت) پر توجہ مرکوز کرے اور اسے اَپ گریڈ کرتا رہے۔ عملی زندگی میں آپ ’’سپر ہیومن‘‘ بن سکتے ہیں

You can also focus on your skills while studying and learn a lot during vacations
تعلیم حاصل کرنے کے دوران آپ اپنی مہارتوں کی جانب بھی توجہ مرکوز کرسکتے ہیں اور تعطیلات میں بہت کچھ سیکھ بھی سکتے ہیں

نیا فن یا ہنر سیکھنے کیلئے وقت اور صبر دونوں ہونے چاہئیں۔ تاہم، جب آپ کچھ نیا سیکھنے کا عہد کرتے ہیں تو آپ مستقبل میں نہ صرف اپنے بہتر کریئر کی جانب ایک قدم اٹھارہے ہوتے ہیں بلکہ اپنی شخصیت سازی اور ذاتی ترقی پر بھی توجہ مرکوز کررہے ہوتے ہیں۔ اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر آپ عملی زندگی میں بیک وقت کئی کام انجام دے سکتے ہیں۔ نیا فن یا ہنر سیکھنا ابتداء میں مشکل معلوم ہوتا ہے لیکن اگر آپ اس پر توجہ مرکوز کریں گے تو کم وقت میں اسے سیکھ لیں گے۔ دور حاضر میں ’’سپر ہیومن‘‘ وہی کہلاتا ہے جو وقت کے ساتھ اپنے آپ کو اَپ گریڈ کرتا ہے لہٰذا آپ ایسا طالب علم بنئےجو طالب علمی کے دور ہی میں اپنی ’پاور‘ پر کام کرتا رہے اور جب عملی زندگی میں قدم رکھے تو متعدد پاور سے لیس ’سپر ہیومن‘ کہلاسکے۔

کوئی بھی نیا ہنر سیکھنے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اس کیلئے روزانہ کم سے کم ایک گھنٹہ مختص کریں۔ ایسا نہ کرنے کی صورت میں آپ نئے ہنر میں ماہر نہیں ہو سکیں گے۔ جانئے کوئی بھی نیا ہنر ۱۰؍ گنا زیادہ تیزی سے سیکھنے کیلئے کیا کریں
اگلے دن کے منصوبے کا انحصار آج پر
 اگر آپ ٹائم ٹیبل بنالیں تو بیک وقت کئی چیزیں سیکھ سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر، تعطیلات میں طلبہ کے پاس کافی وقت ہوتا ہے لہٰذا آپ منصوبہ بناسکتے ہیں کہ چھٹیوں میں مَیں یہ ۲؍ مہارت سیکھنا چاہوں گا۔ اب ان کیلئے آپ کو وقت مقرر کرنا ہوگا، جیسے صبح ۱۰؍ سے ۱۱؍  بجے یا دوپہر میں ۲؍ سے ۳؍ بجے، یا، اپنی سہولت سے آپ وقت کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
 مثال کے طور پر آپ نے فیصلہ کیا کہ آپ ایم ایس آفس میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس کیلئے آپ کومنتخب کرنا ہوگا کہ کون سا سافٹ ویئر سب سے پہلے سیکھیں گے، جیسے پاور پوائنٹ۔ اب آپ جو آج سیکھ رہے ہیں، وہ کل کیلئے ایک سیڑھی بننا چاہئے، یعنی آج سیکھی جانے والی بات کل کی بنیاد ہونی چاہئے تاکہ آپ سیڑھیاں طے کرتے ہوئے آگے بڑھتے رہیں۔ اس طرح آپ پہلے سیکھی ہوئی بات بھولیں گے نہیں۔ روزانہ اس کا اعادہ بھی ہوگا اور آپ آگے کا سبق بھی آسانی سے سیکھ سکیں گے۔
ایسے فرد کو تلاش کیجئے جو آپ کی رہنمائی کرسکے
 واضح رہے کہ کوئی گائیڈ ہی بتاسکتا ہے کہ موجودہ صلاحیتوں کی بنیاد پر آپ کو نیا ہنر سیکھنے کیلئے کہاں سے شروعات کرنی ہے۔ اگر نیا فن یا ہنر سکھانے کیلئے براہ راست کوئی شخص مل جائے تو آپ کو کافی سہولت ہوگی لیکن اگر ایسا ممکن نہیں ہے تو آن لائن ویڈیوز دیکھ کر بھی کوئی فن سیکھا جاسکتا ہے۔ علاوہ ازیں، کتابوں کا بھی سہارالیا جاسکتا ہے۔
روزانہ کا ہدف طے کیجئے
 کوئی فن سیکھتے وقت ہدف طے کرنا بہت ضروری ہے۔ مثال کے طورپر اگر آپ کوئی نئی زبان سیکھنا چاہتے ہیں تو روزانہ آپ کا ہدف مختلف ہوگا، جیسے کسی دن آپ اس کے حروف تہجی یاد کریں گے، کسی دن اس کے قواعد کے اصول پڑھیں گے، کسی دن اسی زبان کا ایک صفحہ پڑھیں گے، کسی دوسرے دن اس زبان میں ۵؍ منٹ کا کوئی ویڈیو دیکھیں گے۔ خیال رہے کہ یہ آپ کے چھوٹے چھوٹے ہدف ہوں گے جن کی بنیاد پر آپ بڑے ہدف کی جانب بڑھیں گے۔
طویل مدتی ہدف
 چھوٹے چھوٹے اہداف آپ کو طویل مدتی مقصد کی طرف لے جائیں گے، یعنی آپ نئی زبان سیکھیں گے اور پھر اتنے ماہر ہوجائیں گے اس میں آسانی سے بات کرسکیں گے، اس زبان کی کوئی کتاب کا مطالعہ کرسکیں گے، اس زبان میں مشمولات دیکھ سکیں گے حتیٰ کہ اس زبان کی کسی کتاب یا مضمون کا اپنی مادری زبان میں ترجمہ کرنے کے قابل بھی ہوسکیں گے۔
روزانہ کے اہداف کی تقرری صلاحیتوں کی بنیاد پر
 روزانہ کے اہداف، یا چھوٹے چھوٹے اہداف اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر مقرر کیجئے، مثلاً آپ روزانہ ۵؍ الفاظ، معنی کے ساتھ آسانی سے یاد کرسکتے ہیں لیکن اپنی قوت حافظہ کو بڑھایئے، دوسرے دن ۷؍ الفاظ کا ہدف مقرر کیجئے، تیسرے دن ۱۰، چوتھے دن اس سے بھی زیادہ۔ اس طرح آپ کی قوت حافظہ بہتر ہوگی اور ذخیرۂ الفاظ میں بھی اضافہ ہوگا۔
تفریح کے ذریعے سیکھنے کی کوشش کیجئے
 ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ کوئی بھی نیا فن بآسانی اس طرح سیکھ سکتے ہیں کہ اسے سیکھنے والا کوئی اور ساتھی آپ کے ساتھ ہو۔ اس طرح آپ میں بہتر کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ آپ اپنا موازنہ اس کے ساتھ کرتے ہیں اور وہ آپ کے ساتھ۔ دونوں ایک دوسرے کیلئے محرک بنتے ہیں، دونوں کے درمیان صحتمند مقابلہ ہوتا ہے ، اور اس کا فائدہ دونوں کو ہوتا ہے۔ اس طرح دونوں ہی کم وقت میں نئی مہارت سیکھ لیتے ہیں۔
سیکھنے کے دوران اپنی انا کو نظر انداز کردیجئے
 اگر آپ نے اپنے بارے میں فیصلہ کرلیا کہ آپ ہر کام میں پرفیکٹ ہیں تو یہ چیز آپ کو آگے بڑھنے سے روک دے گی۔واضح ہو کہ سیکھنے اور صلاحیتوں کو نکھارنے کا عمل زندگی بھر جاری رہتا ہے۔ جو انسان زندگی بھر سیکھتا رہتا ہے، وہ دیگر تمام میں ممتاز ہوتا ہے۔ اسی طرح سیکھنے کے دوران کبھی بھی اپنی انا کو آڑے نہ آنے دیں بلکہ اپنے استاد کی بات دھیان سے سنئے۔ اپنے ساتھیوں اور چھوٹوں سے سیکھنے میں شرم محسوس مت کیجئے۔ اس طرح آپ دوسروں سے پیچھے رہ جائیں گے، اور کوئی بھی نیا فن کبھی نہیں سیکھ سکیں گے۔
بتدریج ترقی بہتر ہے
 کچھ نہ سیکھنے سے بہتر ہے آہستہ آہستہ سیکھنا۔ اگر آپ نے فیصلہ کرلیا ہے کہ کسی کام میں آپ کو مہارت حاصل کرنی ہے، لیکن وقت نہیں ہے تو روزانہ کچھ منٹوں کا وقت نکالئے۔ کچھ نیا سیکھنا بہت ضروری ہےاس لئے آہستہ آہستہ ہی سہی سیکھنے کا عمل ہمیشہ جاری رکھئے۔
اپنی ترقی کا ریکارڈ رکھئے
 اس بات کو ہمیشہ یاد رکھئے کہ آپ نے کہاں سے شروعات کی تھی، اور اب کہاں ہیں۔ یہ ریکارڈ آپ کو حوصلہ دے گا اور آپ ایک فن سیکھنے کے بعد دوسرا سیکھیں گے۔ آپ کی کوشش ہوگی کہ دوسرا فن پہلے والے سے کم وقت میں سیکھیں۔ مثال کے طور پر آپ نے نئی زبان ۳؍ مہینے میں سیکھی ہے تو پاور پوائنٹ صرف ایک مہینے میں سیکھنے کی کوشش کریں گے۔
کمزوریوں کو طاقت سے تبدیل کردیجئے
 ہر انسان میں کمزوریاں ہوتی ہیں۔ کوئی سست ہوتا ہے، کسی کو مطالعہ میں دلچسپی نہیں ہوتی، کسی کو کھیل کود کا بالکل شوق نہیں ہوتا، کوئی ذہنی یکسوئی سے کام نہیں کر پاتا، وغیرہ۔ اپنی کمزوریوں کو طالب علمی کے دور ہی میں شناخت کرلیجئے اور انہیں اپنی طاقت میں تبدیل کرنے کی کوشش کیجئے۔ اگر آپ اس میں کامیاب ہوگئے تو کم عمری ہی میں بہت کچھ سیکھ لیں گے جو آئندہ زندگی میں آپ کے کام آئے گا۔
 اسی طرح جب کوئی فن سیکھ رہے ہوں اور آپ کی کسی صلاحیت کی کمزوری کی بناء پر وہ سیکھنے میں مشکل پیش آرہی ہے تو گھبرانے یا مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ اس بات پر توجہ مرکوز کیجئے کہ آخر کس وجہ سے ایسا ہورہا ہے۔ اس نشاندہی میں آپ گھر کے بڑوں، اساتذہ اور دوستوں کی مدد بھی لے سکتے ہیں۔ اسی طرح اپنی کمزوریوں کی نشاندہی کرتے جایئے اور انہیں اپنی طاقت بناتے جایئے۔

 طے کیجئے کہ کیا سیکھنا چاہتے ہیں
 سب سے پہلے ہدف طے کریں کہ آپ کون سی مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ مثلاً، اگر آپ مقرر بننا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو یہ طے کرنا ہوگا کہ آپ اس میں کتنی مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

پنی مہارتوں کو جانچئے
 نئی مہارت سیکھنے کیلئے آپ میں کون کون سی صلاحیتیں ہونی چاہئیں، ان کا جائزہ لیجئے، مثلاً آپ کا لب ولہجہ کیسا ہے، ذخیرۂ الفاظ کتنا بہتر ہے، دوسروں کے سامنے آپ کس طرح باتیں کرتے ہیں، وغیرہ۔

ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی کیجئے
 نئی مہارت سیکھنے کیلئے سب سے آسان راستہ تلاش کیجئے۔ وہ مہارت سیکھتے وقت ممکنہ رکاوٹوں کی نشاندہی کرنی چاہئے، مثلاً اس کیلئے کتنا وقت صرف کرنا ہوگا یا آپ کتنے مہینوں میں یہ مہارت سیکھ سکیں گے۔

 ۲۰۔۸۰؍ اصول کو اپنایئے
 مہارت سیکھنے کی ۲۰؍ فیصد چیزوں کی شناخت کیجئے، اور  ان کے ذریعے اپنے ۸۰؍ فیصد اہداف کو پانے کی کوشش کیجئے۔ اپنے ۸۰؍ فیصد ہدف کو پانے کیلئے  اپنی۲۰؍ فیصد صلاحیتوں پر توجہ دیجئے۔

 ایک وقت میں ایک صلاحیت پر توجہ دیجئے
  اگر آپ اچھا مقرر بننا چاہتے ہیں تو یہ طے کریں کہ کون سی صلاحیت پر پہلے توجہ دیں گے، لب و لہجہ درست کریں گے، انداز پر توجہ دینگے یا ذخیرہ الفاظ پر، پھرمدت طے کیجئے کہ کتنے وقت میں اسے سیکھیں گے۔

 ذاتی ترقی پر توجہ دیجئے
 کوئی بھی نئی مہارت سیکھتے وقت اس بات پر توجہ دیجئے کہ اس کے ذریعے آپ کی ذاتی ترقی ممکن ہے یا نہیں۔ مہارت سیکھتے وقت اس بات پر توجہ دیجئے کہ مستقبل میں اس سے آپ کو فائدہ ہوگا یا نہیں۔

طویل مدتی اہداف مقرر کیجئے
 مہارت سیکھنے کیلئے قلیل مدتی اہداف ضروری ہیں لیکن مہارت کس حد تک سیکھنا چاہتے ہیں، وہ طویل مدتی ہدف ہے، مثلاً ایک مقرر کی حیثیت سے آپ کون سے پلیٹ فارم سے خطاب کرنا چاہتے۔

 مشق کے مواقع تلاش کیجئے
 جو کچھ آپ سیکھ رہے ہیں، اس کی مشق کیجئے۔ ایسے مواقع تلاش کیجئے جن سے آپ کی صلاحیت میں نکھار آئے۔بڑا مقرر بننے کیلئے چھوٹی چھوٹی تقاریب میں چند منٹوں کی تقریر کرنے کی کوشش کیجئے۔

اضافی وسائل حاصل کیجئے
 اگر آپ مقرر بننا چاہتے ہیں تو درج بالا مراحل میں بتائی گئی اہم چیزوں کے علاوہ اضافی وسائل بھی تلاش کیجئے، مثلاً ٹیڈ ٹاک یا ٹاک شو دیکھئے، اور اس بات پر غور کیجئے کہ اینکر یا مقرر کس طرح بات چیت کرتا ہے۔

غلطیوں سے سیکھئے
 نئی مہارت سیکھتے وقت آپ متعدد غلطیاں کریں گے لیکن ان سے مایوس ہونے کے بجائے سیکھئے۔ کوشش کیجئے کہ ایک غلطی دوبارہ نہ ہو۔ غلطیوں سے سیکھتے ہوئے آگے بڑھیں گے تو کامیابی ملے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK