یہ رنگ صرف سجاوٹ کا حصہ نہیں بلکہ جمہوری نظام کی فکری گہرائی کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔
EPAPER
Updated: April 14, 2025, 4:53 PM IST | Taleemi Inquilab Desk | Mumbai
یہ رنگ صرف سجاوٹ کا حصہ نہیں بلکہ جمہوری نظام کی فکری گہرائی کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔
نئی دہلی میں واقع پارلیمنٹ کی عمارت وہ جگہ ہے جہاں ملک کے مختلف علاقوں اور سیاسی پارٹیوں سے نمائندے منتخب ہوکر آتے ہیں اور اپنے اپنے حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے دو ایوان (ہاؤسیز) ہوتے ہیں، پہلا ایوان بالا (راجیہ سبھا ) اور دوسرا ایوان زیریں(لوک سبھا)۔ آپ نے پارلیمنٹ کے ان دونوں ایوانوں کے اندرونی مناظر کو ٹی وی ، نیوز چینلوں یا پھر سوشل میڈیا پر ضرور دیکھا ہوگا ۔ اس دوران کیا آپ نے کبھی غور کیا کہ راجیہ سبھا میں سرخ جبکہ لوک سبھا میں سبز کارپٹ کا استعمال ہوتا ہے، کیوں؟
راجیہ سبھا میں سرخ کارپٹ کی وجہ
راجیہ سبھا میں سرخ کارپٹ کا استعمال صرف ایک جمالیاتی انتخاب نہیں بلکہ اس کے پیچھے ایک گہرا تاریخی، علامتی اور نظریاتی پس منظر موجود ہے۔ یہ روایت برطانوی پارلیمانی نظام سے ماخوذ ہے، جہاں ہاؤس آف لارڈز میں بھی سرخ کارپٹ بچھا ہوتا ہے۔
اختیار اور وقار کی علامت:سرخ رنگ تاریخی طور پر اقتدار، شاہی شان و شوکت اور وقار سے جڑا ہوا ہے۔چونکہ راجیہ سبھا کو ایوانِ بالاکہا جاتا ہے اور اس میں بیشتر تجربہ کار، تعلیم یافتہ اور اعلیٰ سوچ رکھنے والے افراد شامل ہوتے ہیں، اس لئے سرخ رنگ ان کی وقار ، شان اور سنجیدہ مشاورت کی نمائندگی اور عکاسی کرتا ہے۔
سنجیدگی کا مظہر:سرخ رنگ ذہن میں ایک سنجیدہ ، گرم اور رسمی ماحول پیدا کرتا ہے جو قانون سازی، مباحث اور پالیسی پر غور و فکر کیلئے موزوں ہے۔ راجیہ سبھا میں اکثر اہم اور سنجیدہ قومی معاملات پر بحث ہوتی ہے جہاں ہلکا پھلکا پن نہیں بلکہ اہم، معیاری اور سنجیدہ مکالمہ ہوتا ہے۔
نفسیاتی اثرات: سرخ رنگ انسان پر تحمل، سنجیدگی اور توجہ کا اثر ڈالتا ہے جو راجیہ سبھا جیسے ادارے میں گفتگو اور فیصلے کیلئے موزوں فضا فراہم کرتا ہے۔سرخ رنگ انسانی نفسیات پر بھی اثر ڈالتا ہے۔
لوک سبھا میں سبز کارپٹ کی وجہ
عوامی نمائندگی کی علامت: سبز رنگ کو عام طور پر عوام، کھیتوں اور زمین سے جُڑا ہوا تصور کیا جاتا ہے۔ چونکہ لوک سبھا عوام کے ذریعے منتخب نمائندوں پر مشتمل ہوتی ہے، اس لئے سبز رنگ عوامی نمائندگی کی علامت ہے۔ سبز رنگ کسانوں، ترقی اور امید سے منسوب ہے، جو لوک سبھا کے عوامی کردار کی عکاسی کرتا ہے۔
تازگی اور امید کی علامت:سبز رنگ ذہنی طور پر تازگی، امید، ترقی اور امن کی فضا بناتا ہے۔
نظام میں فرق کا اظہار:راجیہ سبھا اور لوک سبھا کے درمیان رنگ کے ذریعے فرق ظاہر کرنا بھی ضروری ہوتا ہے، تاکہ دونوں ایوانوں کی پہچان الگ ہو۔اس کے ذریعے دونوں ایوانوں کا کردار اور مزاج الگ الگ جھلکتا ہے۔
مباحثے کا مثبت ماحول:سبز رنگ ذہنی سکون، ارتکاز اور مثبتیت(Positivity) پیدا کرتا ہے جو عوامی نمائندوں (ممبران پارلیمان)کو مؤثر مکالمے میں مدد دیتا ہے۔