ہاوڑہ پل کا شمار ملک کے قدیم ترین پلوں میں کیا جاتا ہے۔ جانئے اس کے بارے میں چند دلچسپ حقائق:
EPAPER
Updated: November 22, 2024, 7:17 PM IST | Mumbai
ہاوڑہ پل کا شمار ملک کے قدیم ترین پلوں میں کیا جاتا ہے۔ جانئے اس کے بارے میں چند دلچسپ حقائق:
(۱) ہاوڑہ بریج مغربی بنگال کے دریائے ہوگلی پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس کی تعمیر کا آغاز ۱۹۳۶ء (۸۸؍ سال قبل) میں ہوا تھا جبکہ ۱۹۴۲ء میں تعمیرمکمل ہوئی تھی۔
(۲) ۸۲؍سال پرانے اس بریج کا افتتاح ۱۹۴۳ء میں کیا گیا تھا۔
(۳) یومیہ ایک لاکھ گاڑیاں جبکہ ایک لاکھ ۵۰؍ ہزار افراد اس بریج سے گزرتے ہیں۔
(۴) اس بریج کا سرکاری نام ’’رابندر سیتھو‘‘ ہے جونوبیل انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور سے منسوب ہے۔
(۵) یہ بریج کولکاتا پورٹ ٹرسٹ کی زیر نگرانی ہے۔ اسے اسٹیل سے بنایا گیا ہے۔
(۶) یہ ۷۰۵؍ میٹر طویل جبکہ ۸۲؍ میٹر بلند ہے ۔اس کی چوڑائی ۲۱؍ میٹر سے زیادہ ہے۔
(۷) تعمیر کے بعد اس کا حقیقی نام ’’نیوہاوڑہ بریج‘‘ تھا کیونکہ اسے ’’پونٹون بریج‘‘ کی جگہ تعمیر کیا گیا تھاجو مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کو ہاوڑہ شہر سے جوڑتا تھا۔
(۸) ۱۹۶۵ء میں اس بریج کا نام تبدیل ہوا تھا لیکن اب بھی یہ ’’ہاوڑہ بریج ‘‘ کے نام سے ہی مشہور ہے۔
(۹) ہاوڑہ بریج کے علاوہ دریائے ہوگلی پر مزید ۳؍ پل بنائے گئے ہیں۔
(۱۰) طرز تعمیر کے مطابق یہ دنیا کا چھٹا طویل پل ہے۔اس پل نے کئی تاریخی دور دیکھے ہیں جن میں جنگ عظیم دوم قابل ذکر ہے۔
(۱۱) اس پل میں ایک بھی ستون نہیں اور یہ بغیر کسی ستون کے صرف دریا کے دونوں کناروں کے سہارے کھڑا ہے۔ تعمیر کے بعد یہ اس طرز تعمیر کا تیسراطویل بریج تھا۔
اضافی معلومات
(۱۲) ۱۹۹۳ء میں گاڑیوں کے ٹریفک کے سبب پل پر ’’ٹرام‘‘ کی نقل و حمل پر پابندی عائد کی گئی تھی ۔
(۱۳) اس پل کی تعمیر کے بعد اس پر سے گزرنے والی پہلی گاڑی ’’ٹرام‘‘ تھی۔
(۱۴) کولکاتا پورٹ ٹرسٹ (کے او پی ٹی) پل کی صفائی کیلئے سالانہ ۵؍ لاکھ روپے مختص کرتا ہے۔ اس دور میں کے او ٹی پی نے پل کو پینٹ کرنے کیلئے ۵ء۶؍ ملین روپے خرچ کئے تھے۔
(۱۵) اس پل کی تعمیر میں ۲۶؍ ہزار ۵۰۰؍ ٹن اسٹیل خرچ ہوا تھا۔ اس کی تعمیر میں ٹاٹااسٹیل کا بنایا گیا اسٹیل بھی استعمال کیا گیا تھا۔
(۱۶) ہاوڑہ بریج پر متعدد فلمیں بنائی جاچکی ہیں جن میں ’’غنڈے‘‘، ’’برفی‘‘، ملیالم فلم ’’کلکتہ نیوز‘‘ اور ’’سٹی آف جوائے‘‘ قابل ذکر ہیں۔