گزشتہ چند عشروں میں ٹیکنالوجی کے میدان میں کئی اہم پیش رفت ہوئی ہیں۔ہر دور میں ایسے افراد پیدا ہوئے ہیں جو اپنی ذہانت ، صلاحیت ، محنت اور لگن سے دنیا کو کچھ بہتر دینے کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ۲۰۰۰ء کے بعد سے ٹیکنالوجی کے میدان میں زبردست انقلاب آیا ہے اور بے شمار چیزیں ایجاد کی گئی ہیں۔جانئے ۵؍ اہم موجد اور ان کی ایجادات کے بارے میں۔ تمام تصاویر: آئی این این
اسٹیو جابس Steve Jobs اسٹیو جابس ۲۴؍ فروری ۱۹۵۵ء کو پیدا ہوئے تھے جبکہ ان کا انتقال ۵؍ اکتوبر ۲۰۱۱ء کو ہوا تھا۔ اسٹیو دنیا کی سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل انکارپوریٹڈ کے بانیوں میں سے ایک تھے۔ وہ موجد بھی تھے۔ انہوں نے میک بک، آئی پوڈ، آئی فون اور ایپل کلاؤڈ جیسی کئی اہم چیزیں بنائیں۔ ان کے تمام لوازمات بہت مہنگے مگر محفوظ خیال کئے جاتے تھے۔ ان کا بنایا ہوا ہر پروڈکٹ انوکھا اور منفرد ہوتا تھا۔
ایلون مسک Elon Musk ایلون مسک ۲۸؍ جون ۱۹۷۱ء کو جنوبی افریقہ میں پیدا ہوئے تھے۔وہ انجینئر اور ٹیکنالوجی انٹرپرینیور ہیں۔ ان کے پاس ۳؍ ممالک (کینیڈا، امریکہ اور جنوبی افریقہ) کی شہریت ہے۔ ایلن، اسپیس ایکس کے سی ای او، ڈیزائنر اور انجینئر ہیں۔ مکمل طور پر بجلی سے چلنے والی کار، دوبارہ استعمال کے قابل راکٹ کی تیاری اور ایسے کئی بڑے انقلابی منصوبوں کے پیچھے ایلون ہی کا ذہن ہے۔ وہ سولر سٹی کے چیئرمین اور پے پال اور زپ۔۲؍ کے بانی بھی ہیں۔ ایلون نے ہائپر لوپ کے نام سے ایک نئے تصوراتی ٹرانسپورٹ سسٹم کا منصوبہ پیش کیا ہے، جس کی کامیابی کے بعد دنیا بھر میں سفر کرنا بہت آسان ہوجائے گا۔
ایوان اسپیگل Evan Spiegel ایوان ا سپیگل فرانسیسی نژاد امریکی بزنس مین اور مشہور سوشل میڈیا کمپنی اسنیپ چیٹ انکارپوریٹڈ کے سی ای او اور شریک بانی ہیں۔ انہوں نے بابی مرفی اور ریگی براؤن کے ساتھ اسنیپ چیٹ شروع کیا تھا۔ ۲۰۱۵ء میں انہیں دنیا کے سب سے کم عمر امیر شخص کا خطاب دیا گیا تھا۔ایوان نے آرٹ اور ڈیزائن کی تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے جب اسنیپ چیٹ کا اپنا آئیڈیا پیش کیا تھا تو ان کے ہم جماعت ساتھیوں نے ان کا مذاق اڑایا تھا مگر آج وہ ٹیکنالوجی کی ایک بڑی اور مشہور کمپنی کے سی ای او ہیں۔
مائیکل ڈیل Michael Dell مائیکل ڈیل امریکی بزنس مین ہیں۔ وہ ڈیل ٹیکنالوجیز کے بانی اور سی ای او ہیں۔ ڈیل کا شمار دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ کمپیوٹر بنانے کا طریقہ بھی سیکھا اور پھر اپنی کمپنی کی بنیاد ڈالی۔ خاص بات یہ تھی کہ وہ گاہکوں کی ضرورت اور مانگ کے مطابق کمپیوٹر بنا کر دیا کرتے تھے۔ اس وجہ سے ڈیل کمپنی بہت کم وقت میں مشہور ہوگئی۔
مارک زکر برگ Mark Zuckerberg مارک زكربرگ کمپیوٹر انٹرنیٹ ماہر ہیں۔ وہ مشہور سوشل میڈیا کمپنی فیس بک کے بانیوں میں سے ایک ہیں۔ فی الحال وہ فیس بک کے سی ای او اور چیئر مین ہیں۔ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے جہاں انہوں نے فیس بک ایک پروجیکٹ کے طور پر پیش کیا تھا۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد انہوں نے فیس بک کو باقاعدہ ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی شکل دی اور آج اس کے اتنے صارفین ہیں کہ اگر آبادی کے اعتبار سے فیس بک کو ملک بنایا جائے تو یہ دنیا کا تیسرا سب سے بڑا ملک ہے۔انہوں نے ٹیکنالوجی کی کئی کمپنیوں جیسے وہاٹس ایپ اور انسٹا گرام کو خرید لیا ہے۔