دورِ حاضر میں انفوگرافکس کو کافی اہمیت حاصل ہے، ان کے ذریعے معلومات کی وضاحت آسان اور دیدہ زیب طریقے سے ممکن ہے، آپ گھر بیٹھے انفوگرافکس بنانے کی صلاحیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
EPAPER
Updated: Oct 19, 2024, 3:54 PM IST | Tamanna Khan
دورِ حاضر میں انفوگرافکس کو کافی اہمیت حاصل ہے، ان کے ذریعے معلومات کی وضاحت آسان اور دیدہ زیب طریقے سے ممکن ہے، آپ گھر بیٹھے انفوگرافکس بنانے کی صلاحیت کے حامل ہوسکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
خاکہ بنایئے: فائنل انفوگرافک بنانے سے پہلے ایک کاغذ پر اس کی نقل بنایئے۔ یہ رَف خاکہ ہوگا۔ جب آپ کاغذ پر انفو گرافک بنائینگے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ آپ جس موضوع کو انفوگرافک کی شکل میں ڈھال رہے ہیں اس کے کون سے نکات قارئین تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ آپ کو معلومات کے ’’ڈسپلے‘‘ کی بھی سمجھ آئے گی۔ آپ کو اہم نکات کے ذریعے قاری کو نتیجہ تک پہنچانا ہے۔
عنوان جلی حرفوں میں لکھئے: جس موضوع پر انفوگرافک بنارہے ہیں، اسے جلی حرفوں میں لکھئے۔ یہ اتنا پُرکشش ہو کہ جب آپ کے انفوگرافک پر نظر پڑے تو سب سے پہلے اس کا عنوان نظر آئے۔ اس بات کا خاص خیال رہے کہ عنوان مختصر اور توجہ کھینچ لینے والا ہو۔ اس کیلئے اچھے فونٹ کا استعمال کیجئے۔ تحقیق سے ثابت ہے کہ مشکل اور پیچیدہ فونٹ والے انفوگرافکس نہیں پڑھے جاتے۔
فونٹس کا انتخاب: آپ کے انفوگرافک کی شہ سرخی ہو، ذیلی سرخی ہو یا متن، سبھی کیلئے اچھے فونٹس کا انتخاب کیجئے۔ ان کا سائز بھی مختلف ہو مگر اتنا باریک نہ ہو کہ قاری کو اپنی آنکھوں پر زور ڈالنا پڑے۔ زیادہ سے زیادہ ۳؍ فونٹ استعمال کیجئے، ایک ہیڈ لائن کیلئے، دوسرا ذیلی سرخیوں کیلئے اور تیسرا متن کیلئے۔ فونٹ سادہ ہوں، بہت زیادہ پیچیدہ ڈیزائن والے نہ ہوں۔
رنگوں کا انتخاب: رنگ لوگوں کو اپنی جانب راغب کرتے ہیں اس لئے انفوگرافک میں رنگوں کا استعمال کیجئے۔ گہرے اور ہلکے دونوں ہی قسم کے رنگ استعمال کئے جاسکتے ہیں مگر رنگوں کے بہت زیادہ استعمال سے احتراز کیجئے۔ ایک انفوگرافک پر زیادہ سے زیاہ ۵؍ رنگ استعمال کیجئے۔ اگر انفوگرفک کا سائز بڑا (ورٹیکلی) ہے تو مزید چند رنگ استعمال کئے جاسکتے ہیں۔
صاف اور سادہ: اگر آپ کے پاس معلومات اور اعدادوشمار کا انبار ہے تو اسے صاف ستھرے انداز میں پیش کیجئے تاکہ یہ قاری کو آسانی سے سمجھے۔ انفوگرافک میں اتنی زیادہ چیزیں نہیں ہونی چاہئیں کہ قاری ان میں الجھ جائے اور اسے موضوع سمجھنے میں مشکل پیش آئے۔ مختلف پوائنٹس کیلئے لائنوں اور رنگوں کا استعمال کیجئے۔ متن کا استعمال کم سے کم کیجئے۔بصری عناصر کا استعمال زیادہ کیجئے۔
گرافکس میں آئیکونز: انفوگرافکس کیلئے سب سے اہم ہے تصویروں، کلپ آرٹس اور آئیکونز کا انتخاب۔ اس بات کا خیال رہے کہ آپ کا متن، چاہے وہ نمبر ہی کیوں نہ ہو، تصاویر پر نہ رہے۔ اس صورت میں قاری کو اسے پڑھنے میں مشکل ہوگی اور یہ بصری اعتبار سے پُرکشش بھی نظر نہیں آئے گا۔ پوائنٹس کی مدد سے کلپ آرٹس کا انتخاب کیجئے۔ ان کے رنگ بھی جاذب نظر ہونے چاہئیں۔
آسان ’’لے آؤٹ‘‘: انفوگرافک میں معلومات کا بہاؤ اس طرح ہو کہ اسے پڑھنے والا کہیں الجھن میں نہ پڑے۔ مثال کے طور پر انگریزی میں انفو گرافک بنارہے ہیں تو بائیں سے دائیں ، یا بائیں سے نیچے، لے آؤٹ فالو کیجئے۔ اردو کی صورت میں معلومات کا بہاؤ دائیں سے بائیں، اور دائیں جانب ہی اوپر سے نیچے ہونا چاہئے۔ ذیلی سرخیاں جلی ہونی چاہئیں۔
آغاز سے اختتام: آپ کے انفوگرافک میں معلومات کا بہاؤ آغاز سے اختتام تک ہو، یعنی موضوع کے لحاظ سے مختصر تعارف، اہم نکات اور پھر نتیجہ۔ آغاز سے اختتام تک پہنچنے میں قاری کو کوئی دشواری نہیں ہونی چاہئے۔ اسے ہر نکتہ آسانی سے سمجھ میں آنا چاہئے اور جب وہ نتیجہ پر پہنچے تو اسے آپ کا موضوع اچھی طرح سمجھ میں آجانا چاہئے۔ نمبر کا استعمال زیادہ کیجئے۔
متن کا رنگ: یہ اس لحاظ سے بھی ضروری ہے کہ آپ کا قاری یہی پڑھے گا اس لئے گہرے رنگوں کے بیک گراؤنڈ پر متن کیلئے ہلکے رنگوں کا انتخاب کیجئے۔ تاہم، متن کا فونٹ سائز اتنا جلی رکھئے کہ اسے بآسانی پڑھا جاسکے۔ اسی طرح ہلکے رنگوں کے بیک گراؤنڈ پر متن کا گہرا رنگ استعمال کیجئے۔ عام طور پر ہلکے رنگوں کے بیک گراؤنڈ پر سیاہ رنگ کا متن استعمال کیا جاتا ہے۔
بڑی تصویر: انفوگرافک میں بڑی تصویر استعمال کی جائے، ایسا ضروری نہیں ہے۔ آپ چھوٹی چھوٹی تصاویر استعمال کرسکتے ہیں لیکن اگر بڑی تصویر استعمال کی جائے تو انفوگرافک مزید خوبصورت معلوم ہوتا ہے۔بڑی تصویر کے استعمال کے وقت آپ کو خیال رکھنا ہے کہ چھوٹی تصاویر کی نوعیت کیا ہو۔ عام طور پر بڑی تصویر کے ساتھ کلپ آرٹس استعمال کئے جاتے ہیں۔