• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

۲۰۲۵ء میں باکس آفس پر خان صاحبان کا قبضہ رہنے کا امکان

Updated: July 14, 2024, 12:53 PM IST | Inquilab Desk | Mumbai

۲۰۲۵ء میں باکس آفس پر خان صاحبان کا قبضہ رہنے کا امکان، شاہ رُخ،عامر اور سلمان کی ریلیز ہونےوالی فلموں پر بالی ووڈ کی پُر اُمید نگاہیں۔

Salman Khan Aamir Khan and Srk. Photo: INN
سلمان خان عامر خان اور ایس آر کے۔ تصویر : آئی این این

۲۰۲۳ء میں شاہ رخ خان نے نہ صرف بالی ووڈ کو بحران سے باہر نکالا تھا بلکہ ایک ہی سال میں تین بڑی ہٹ فلمیں دے کر اپنی کامیابی کا راستہ بھی ہموار کیا تھا۔ اس سے قبل کہا جارہا تھا کہ او ٹی ٹی کی وجہ سے بڑے پردے کی اب چھٹی ہونے والی ہے۔ ایسا کہنے کی ٹھوس وجوہات بھی تھیں۔ کورونا کی وبا کے بعد ہی سے بالی ووڈ خسارے میں چل رہا تھا۔ لاک ڈاؤن کے اعلان کے بعدسے شاہ رخ خان کی ’پٹھان‘ تک باکس آفس پر کوئی بھی فلم بڑی کامیابی حاصل نہیں کرپائی تھی۔ جن فلموں سے بالی ووڈ کو امیدیں تھیں، وہ فلمیں بھی باکس آفس پر ڈھیر ہوگئیں۔ ایسے میں شاہ رخ خان نے نہ صرف اپنے کریئر کو چار چاند لگایا بلکہ بالی ووڈ کو بھی سہارا دیا۔ یکے بعد دیگرے ان کی تین فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی نے زبردست کاروبار کیا۔ اسی کے ساتھ ۲؍ اور فلمیں غدر۔ ۲ ؍ اور اینی مل بھی چل گئیں۔ ۲۰۲۳ء میں چھٹی پوزیشن پر سلمان خان کی ٹائیگرتھری تھی۔ اسی لئے کہا جاتا ہے کہ بالی ووڈ کاسارا بوجھ خان صاحبا ن پر ہے، وہ چلے تو سب چلے، ورنہ سب کی کھٹیا کھڑی ہوجاتی ہے۔ باوجود اس کے کہ اسی درمیان عامرخان کی لال سنگھ چڈھا باکس آفس پر ناکام ہوچکی ہے۔ 
  ایساکہنے کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ۲۰۲۴ء میں خان صاحبان کی کوئی فلم ریلیز نہیں ہوئی اور نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ کیلنڈر کے ۷؍ ماہ گزر جانے کے بعدبھی بالی ووڈ کی کوئی ایسی فلم سامنے نہیں آسکی ہے جسے کامیاب کہا جاسکے۔ ۲۷؍ جون کو ریلیز ہونے والی ’کالکی ۲۸۹۸؍ اے ڈی‘ نے ۳؍ جولائی تک ضرور ۶۸۰؍ کروڑ روپے کا بزنس کرلیا ہے لیکن یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اس کا بجٹ بھی ۶۰۰؍ کروڑ کا ہے۔ ایسے میں اسے بھی فی الحال کامیاب نہیں قرار دیا جاسکتا۔ اس دوران اگر کوئی فلم کامیاب ہوئی ہے تو وہ عامر خان پروڈکشن کی فلم ’لاپتہ لیڈیز‘ ہے جو یکم مارچ کو ریلیز ہوئی تھی۔ اس فلم کا بجٹ ۴؍ کروڑ کا تھا اور اس نے ۲۵؍ کروڑ کاکاروبار کیا ہے۔ اسی طرح امسال جس ایک اور فلم سے امید کی جارہی ہے، وہ عامرخان پروڈکشن کی فلم ’ستارے زمین پر‘ ہے جو’تارے زمین پر‘ کے سلسلے کی ایک کڑی ہوگی۔ اس میں عامر خان کے بجائے درشیل سفاری مرکزی کردار میں ہوں گے۔ 
  جہاں تک ۲۰۲۵ء کی بات ہے، اس میں شاہ رخ خان، عامرخان اور سلمان خان، ان تینوں ہی کی بڑی فلمیں ریلیز ہوں گی۔ ان ستاروں کی فلموں کی متوقع ریلیز کی وجہ سے بالی ووڈ میں جو ش و خروش پایا جارہا ہے۔ حالانکہ ان تین میں سے صرف سلمان خان کی ’سکندر‘ کا باضابطہ اعلان ہوا ہے لیکن قیاس آرائیاں یہی ہیں کہ ۲۰۲۵ء میں خان صاحبان کا جلوہ ہوگا۔ 
 ہم پہلے بات کرتے ہیں سلمان خان کی جن کی فلم ’سکندر‘ کا باقاعدہ اعلان ہوچکا ہے۔ فلم ’گجنی‘ کے ہدایت کار’اے مروگاداس‘ کی فلم ’سکندر‘ میں سلمان خان کے ساتھ رشمیکا مندانا اور سنیل شیٹی بھی مرکزی کردار میں ہوں گے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ فلم ۲۰۲۵ء میں عید کے موقع پر ریلیز ہوگی۔ فی الحال فلم کی شوٹنگ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ سلمان خان نے اس فلم کیلئے اپنے فزیکل فٹ نیس پر بھی خاصی توجہ دی ہے۔ اسی کے ساتھ اس طرح کی خبریں گشت کررہی ہیں کہ فلم ’جوان‘ کے ہدایت کار ’ایٹلی‘ کے ساتھ بھی سلمان خان ایک پروجیکٹ پر کام کرنے والے ہیں۔ 
  اسی طرح کافی عرصے سے شاہ رخ خان بھی موضوع بحث ہیں۔ فلم پٹھان، جوان اور ڈنکی کے بعد اندرسے خبریں آرہی ہیں کہ شاہ رخ خان نے اپنے اگلے پروجیکٹ پرکام شروع کردیا ہے۔ اس فلم کا نام ’کنگ‘ ہے جس میں ان کی بیٹی سہانا خان مرکزی کردار میں ہوں گی۔ شاہ رخ خان نے حالانکہ اس فلم کے تعلق سے کچھ زیادہ انکشاف نہیں کیا ہے لیکن اتنا ضرور بتایا ہے کہ اپنی بیٹی کے ایک پروجیکٹ پر وہ کام کررہے ہیں۔ اب اس طرح کی باتیں سامنے آرہی ہیں کہ اِسی جولائی میں کسی تاریخ سے وہ ’کنگ‘ کی شوٹنگ شروع کریں گے۔ فی الحال وہ کچھ ذاتی معاملات طے کرنے میں مصروف ہیں۔ ’کنگ‘ کی ہدایت کاری سوجوئے گھوش کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ’پٹھان، وار اور فائٹر‘ جیسی فلموں کے ہدایت کار سدھارتھ آنند اس پروجیکٹ کیلئے ایکشن کوریوگرافر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ فلم میں ایسے دھماکہ خیز سیکوئنس دینے کا دعویٰ کر رہے ہیں، جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ فلم پوری طرح سے سہانا کیلئے ہوگی اور شاہ رخ خان کا ’کیمیو‘ ہوگا لیکن اب پتہ چل رہا ہے کہ شاہ رخ خان بھی اس میں مرکزی کردار میں ہوں گے۔ ان کا کردار تھوڑی منفی نوعیت کا ہوگا۔ فی الحال ابھی تک اس فلم کیلئے دیگر فنکاروں کااعلان نہیں ہوا ہے۔ شاہ رخ خان اور سہانا کی یہ فلم اکتوبر۲۰۲۵ء میں سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی تاہم اس کا باضابطہ اعلان ہونا باقی ہے۔ 
 ۲۰۲۵ء میں عامر خان کا جلوہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔ گمان غالب ہے کہ سال کے آغاز ہی میں یوم جمہوریہ کے موقع پر اُن کی بہت انظار کی جانے فلم ’لاہور۔ ۱۹۴۷ء‘ ریلیز ہوگی جس میں سنی دیول کامرکزی کردا ر ہے۔ فلم میں عامر خان کا کردار کتنا ہے، ابھی اس تعلق سے بہت کچھ واضح نہیں ہے لیکن اتنا طے ہے کہ اس فلم کیلئے عامر خان بہت سنجیدہ ہیں اور کافی محنت کررہے ہیں۔ ’گھائل، گھاتک، دامنی اور انداز اپنا اپنا‘ جیسی فلموں کے ہدایتکار راج کمار سنتوشی، اس فلم کے ہدایت کار ہیں جو طویل عرصے بعد کسی بڑی فلم کے ذریعہ فلم شائقین کے روبرو آرہے ہیں۔ اس کے علاوہ فلم میں پریتی زنٹا اور سنی دیول کے بیٹے کرن دیول بھی ہیں۔ 
 اسی کے ساتھ عامر خان ’اندازاپنا اپنا‘ کا سیکویل یا اسی طرح کی دوسری فلم کے ایک پروجیکٹ پربھی کام کررہے ہیں، جس کااشارہ انہوں نے خود ہی ’انداز اپنا اپنا‘ کی ریلیز کے ۳۰؍ویں سالگرہ کے موقع پر دیا تھا۔ اس کے ہدایت کار بھی راج کمار سنتوشی ہی ہوں گے۔ اس کے ساتھ ہی وہ زویا اختر کے ساتھ بھی ایک پروجیکٹ پر بات چیت کررہے ہیں۔ یہ بھی ایک کامیڈی فلم ہوگی۔ اگر بات بن گئی تو اِن دونوں میں سے یعنی راج کمار سنتوشی کی یا زویا اختر کی کوئی ایک فلم ۲۰۲۵ء میں ضرور ریلیز ہوگی۔ 
یہی وجہ ہے کہ فلم شائقین کے ساتھ ہی بالی ووڈ بھی پُرجوش ہے کہ ۲۰۲۵ء میں باکس آفس پر ہنگامہ نہیں، طوفان برپا ہوگا اور ایک بار پھر خان صاحبان کا راج ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK