آج ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ کی ریلیز کو ۲۳؍ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار کرن جوہر نے اپنے سوشل میڈیا پر چند تصاویر جاری کیں اور فلم کی کاسٹ اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ مداحوں نے مطالبہ کیا کہ فلم کو ری ریلیز کیا جائے۔
EPAPER
Updated: December 14, 2024, 7:59 PM IST | Mumbai
آج ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ کی ریلیز کو ۲۳؍ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ اس موقع پر فلم کے ہدایتکار کرن جوہر نے اپنے سوشل میڈیا پر چند تصاویر جاری کیں اور فلم کی کاسٹ اور ناظرین کا شکریہ ادا کیا۔ مداحوں نے مطالبہ کیا کہ فلم کو ری ریلیز کیا جائے۔
شاہ رخ خان، کاجول، رتیک روشن، کرینہ کپور خان، امیتابھ بچن اور جیا بچن کی فلم ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ کو آج ۲۳؍ سال مکمل ہوگئے۔ ۲۰۰۱ء میں ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض کرن جوہر نے انجام دیئے تھے۔ فلمساز نے فلم کے سفر اور اس کو زندہ کرنے والی ناقابل یقین کاسٹ کے بارے میں یاد دلاتے ہوئے، ایک پوسٹ شیئر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’۲۳؍ سال! اف…واقعی یہ ایک بڑا لمحہ ہے۔ ان لیجنڈز کے ساتھ سیٹ پر رہنا بھی اعزاز کی بات ہے! بطور ہدایت کار یہ میری دوسری فلم تھی، اور مجھے لگتا ہے کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ اس شاندار کاسٹ اور پورے عملے نے اس فلم کو پیش کرنے کیلئے مجھ پر اتنا اعتماد کیا!‘‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’’اس فلم کی کامیابی کا سہرہ ناظرین کے سر بندھتا ہے جو ہماری فلم دیکھتے رہتے ہیں اور ڈائیلاگ بولتے رہتے ہیں، ہر گانے پر رقص کرتے ہیں، اور اس فلم کو اس کے حقیقی معنوں میں زندہ رکھتے ہیں۔ آپ سبھی کا شکریہ!‘‘انہوں نے فلم کے سیٹ سے کچھ تصاویر شیئر کرتے ہوئے یہ کیپشن لکھا تھا۔ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات نے اس پوسٹ پر ردعمل کا اظہار کیا جن میں آیوشمان کھرانہ، سونالی بیندرے، ٹسکا چوپڑا، ڈیانا پینٹی اور منیش ملہوترا کے نام قابل ذکر ہیں۔ سیکڑوں مداحوں نے مطالبہ کیا کہ اس فلم کو تھیٹروں میں دوبارہ ریلیز کیا جائے۔