• Sat, 28 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لاکانو فلم فیسٹیول: سوئزرلینڈ میں شاہ رخ خان کو ’پاردو الا کیریرا‘ سے نوازا گیا

Updated: August 11, 2024, 3:09 PM IST | Inquilab News Network | Locarno

سنیچر کی شب سوئزرلینڈ کے شہر لاکانو میں ۷۷؍ ویں فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ واضح رہے کہ لاکانو فلم فیسٹیول کی جانب سے پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی اداکار کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

After receiving the Shah Rukh Khan Award at the Lucano Film Festival. Photo:  X
لاکانو فلم فیسٹیول میں شاہ رخ خان ایوارڈ وصول کرنے کے بعد۔ تصویر‘ ایکس

بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ کو ۷۷؍ ویں لاکانو فلم فیسٹیول، سوئزرلینڈ میں ۱۰؍ اگست کو ’’پاردو الا کیریرا‘‘ ایوارڈ سے نواز گیا۔ اس تقریب سے اداکار کی درجنوں تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے ہیں۔ اس موقع پر شاہ رخ خان سیاہ رنگ کے تھری پیس سوٹ میں نظر آئے۔ شاہ رخ خان نے ایوارڈ وصول کرتے ہوئے ایوارڈ کے وزن کے متعلق چند مزاحیہ باتیں کہیں تو ناظرین ہنس پڑے۔ انہوں نے ایوارڈ ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوئزر لینڈ کا یہ شہر بہت خوبصورت ہے اور اس شہر کے دل میں اس طرح کا فلم فیسٹیول یہاں کی خوبصورتی، ثقافتی اور فنکارانہ حس کو بیان کرتا ہے۔‘‘ واضح رہے کہ یہ فیسٹیول لاکانو کے ایک چوک پر ہوتا ہے۔ اس دوران بھیڑ جمع تھی۔ شاہ رخ نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ’’ایسا لگ رہا ہے کہ مَیں ہندوستان کے کسی چھوٹے گھر میں ہوں، جہاں بہت سے لوگ ساتھ رہتے ہوں۔‘‘

شاہ رخ خان کو ملنے والا ایوارڈ۔ تصویر: ایکس
شاہ رخ کے ایک منٹ سے بھی کم خطاب کے دوران بھیڑ سے کسی مداح نے چیخ کر کہا کہ ’’مَیں تم سے محبت کرتا ہوں۔‘‘ شاہ رخ نے بڑی خوشدلی سے مداح کو جواب دیا۔ انہوں نے اپنی تقریر میں شہر کی ثقافت پر چند باتیں کہیں اور اطالوی کہا کہ ’’مَیں یہاں پاستا اور پیزا بھی بناسکتا ہوں۔ لاکانو میں مَیں بہت کچھ سیکھ رہا ہوں۔ میں دل کی گہرائیوں اور ہندوستان کی جانب سے آپ سبھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ نمسکار اور دھنیاواد، شکریہ۔ خدا آپ سب کو خوش رکھے۔‘‘


خیال رہے کہ لاکانو میں پہلی مرتبہ کسی ہندوستانی اداکار کو اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ سنیما کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیت کو دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر شاہ رخ خان کی فلم ’’دیوداس‘‘ کی اسکریننگ بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ شاہ رخ خان کی آخری فلم ’’ڈنکی‘‘ تھی۔ تاہم، ان کی آنے والی فلم ’’کنگ‘‘ ہے جس میں وہ ابھیشیک بچن اور سہانا خان کے ساتھ نظر آئیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK