• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

وینس فلم فیسٹیول: انجلینا جولی کا بیمار مداح سے ملنے کا انداز سوشل میڈیا پر وائرل

Updated: August 30, 2024, 5:18 PM IST | Inquilab News Network | Venice

وینس فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپٹ پر انجلینا جولی اپنے بیمار مداح سے ملنے کیلئے گھٹنوں کے بل بیٹھ گئیں۔ فیسٹیول میں ان کی فلم ’’ماریہ‘‘ کا پریمیر بھی ہوا جس کے بعد انہیں اسٹینڈنگ اوویشن ملا۔ مداحوں اور ناظرین کی جانب سے اتنی محبت ملنے پر انجلینا جذباتی ہوگئیں۔

Angelina Jolie meets her fan. Photo: X
انجلینا جولی اپنے مداح سے ملتے ہوئے۔ تصویر: ایکس

ہالی ووڈ کی معروف اداکاراؤں میں سے ایک انجلینا جولی اپنی عاجزی، ہمدردی اور انسائیت کے طاقتور احساس کیلئے دنیا بھر میں مشہور ہیں۔ وینس فلم فیسٹیول میں ان کے سوانحی ڈرامے ’’ماریہ‘‘ کے ورلڈ پریمیر کے دوران انہوں نے اپنے ایک ادنیٰ سے عمل سے دنیا کا دل جیت لیا۔ اس فلم میں انجلینا جولی، پابلو لارین کی ہدایتکاری میں مشہور یونانی اوپیرا گلوکارہ ماریہ کالاس کی زندگی کی عکاسی کی ہے۔ ریڈ کارپٹ پر آنے کے بعد اداکارہ اپنے ایک مداح کو دیکھ کر بے اختیار ان کی جانب بڑھیں اور گھٹنوں پر بیٹھ کر ان کے ساتھ بات چیت کی۔ ان کا یہ عمل ویڈیوز اور تصاویر میں قید ہوگیا اور اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہا ہے۔ انٹرنیٹ صارفین انجلینا کے اس عاجزی کی خوب پذیرائی کررہے ہیں۔ 


انجلینا کے مداح امیوٹروفک لیٹرل سکلیروسیس (اے ایل ایس) کا شکار ہیں اور اپنے بستر سے اٹھ نہیں سکتے۔ وہ ریڈ کارپٹ کے قریب اپنے بستر پر لیٹے انجلینا کا انتظار کررہے تھے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف نیورولوجیکل ڈس آرڈرز اینڈ اسٹروک کے مطابق، اے ایل ایس ایک اعصابی عارضہ ہے جو موٹر نیوران، دماغ اور ریڑھ کی ہڈی کے اعصابی خلیات کو متاثر کرتا ہے۔ اس کا شکار انسان اپنے بستر سے نہیں اٹھ سکتا۔

مداحوں کو انجلینا جولی کا یہ انداز پسند آیا اور سبھی نے اداکارہ کی شائستہ شخصیت کی تعریف کرتے ہوئے ویڈیوز اور تصاویر شیئر کیں۔ یہی نہیں ان کی فلم ’’ماریہ‘‘ کی بھی خوب تعریف کی گئی، اور اسے اسٹینڈنگ اوویشن ملا۔ فلم میں ان کی اداکاری پر ناظرین کی جانب سے ملنے والی پذیرائی سے انجلینا جولی جذباتی ہوگئیں۔ واضح رہے کہ ’’’ماریہ‘‘ سال کے آخر میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK