• Sat, 16 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایک اچھا ساتھی آپ کو شہرت کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے: آیوشمان کھرانہ

Updated: November 16, 2024, 7:56 PM IST | Mumbai

ایک حالیہ انٹرویو میں آیوشمان کھرانہ نے کہا کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی زندگی میں طاہرہ ہیں جس نے زندگی کی ہر مشکل میں ان کا ساتھ دیا ہے۔ وہ ایک مضبوط خاتون ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

آیوشمان کھرانہ نے اپنے حالیہ انٹرویو میںبالی ووڈ میں کامیابی ملنے کے بعد اپنی ذاتی زندگی میں پڑنے والے خلل کے بارے میں بات چیت کی۔ اپنے ابتدائی دنوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، آیوشمان نے بتایا کہ کس طرح ’’وکی ڈونر‘‘ کے بعد شہرت نے ان کی ترجیحات کو متاثر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’مَیں نے بہت چھوٹے چھوٹے کاموں سے کریئر کی شروعات کی تھی۔ ایک متوسط طبقے کے پس منظر والا جب عوامی شخصیت بن جاتا ہے تو پھر وہ صرف یہی سوچتا ہے کہ اس کی زندگی میں صرف پیشہ ہی سب کچھ ہے۔ اس کی ذاتی زندگی پیچھے رہ جاتی ہے۔ لیکن، خاندان اور رشتوں کیلئے توازن برقرار رکھنا بہت ضروری ہے۔ میں یہ بات بہت جلد سمجھ گیا تھا۔ میں اپنی پہلی فلم کے بعد ساتویں آسمان پر تھا۔‘‘ 

 

آیوشمان نے بتایا کہ ’’کامیابی کے بعد سب سے اہم ہوتا ہے آپ کا ہم سفر۔ اچھا پارٹنر آپ کو کامیابی کی بلندیوں تک پہنچا سکتا ہے اور خراب پارٹنر آپ کا کریئر تباہ کرسکتا ہے۔ مَیں خوش قسمت ہوں کہ میری زندگی میں طاہرہ آئیں جنہوں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔ میرا نظریہ بدلنے کی وجہ میری بیوی طاہرہ ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’اب، اگر خواتین میری طرف متوجہ ہیں، تو یہ بھی میری بیوی کی وجہ سے ہے۔ میں اس کی وجہ سے ایک خاص شخص بن گیا ہوں۔ ہم مادیت پر یقین نہیں رکھتے۔ ہم ایک ساتھ تھیٹر میں تھے۔ وہ ہمارے لئے ڈرامے لکھتی تھی اور میں اس میں اداکاری کرتا تھا۔ پھر ہم دوست بن گئے، اور آخر میں ہم نے شادی کرلی۔ طاہرہ نے میری شخصیت سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔‘‘

 

یاد رہے کہ میش ایبل کے ساتھ ایک انٹرویو میں آیوشمان نے کہا تھا کہ ’’جب آپ نوعمری میں مشہور ہوتے ہیں تو اس سے نمٹنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ مجھے یاد ہے کہ میں نے اس وقت کئی غلط فیصلے کئے تھے۔ مَیں اس وقت چنڈی گڑھ میں سب سے زیادہ مقبول شخص تھا اور میں نے طاہرہ سے یہ کہہ کر رشتہ توڑ دیا تھا کہ `میں اپنی زندگی جینا چاہتا ہوں، لیکن چھ ماہ بعد، میں اس کے پاس واپس گیا اور اسے کہا کہ میں اس کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔‘‘ خیال رہے کہ آیوشمان اور طاہرہ نے ۲۰۰۸ء میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی، ہیں۔ جہاں آیوشمان اداکاری اور موسیقی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، طاہرہ نے ایک مصنف اور فلم ساز کے طور پر اپنی شناخت بنائی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK