اداکارہ کورونا متاثر ہونے کے سبب کوارنٹائن ہیں،ضرورت کے وقت ماں کا سہارا نہ بن پانے کا بھی غم
EPAPER
Updated: May 16, 2021, 9:52 AM IST | Mumbai
اداکارہ کورونا متاثر ہونے کے سبب کوارنٹائن ہیں،ضرورت کے وقت ماں کا سہارا نہ بن پانے کا بھی غم
:اداکارہ حنا خان کے لئے گذشتہ مہینہ بہت مشکل رہا۔ اداکارہ کے والد کا ۲۰؍ اپریل کو دل کا دورہ پڑنے کے سبب انتقال ہوگیاتھا۔ اداکارہ کو اپنے والد کی موت کے بارے میں تب معلوم ہوا جب وہ کشمیر میں شوٹنگ کر رہی تھیں۔ یہ خبر ملتے ہی اداکارہ ممبئی واپس آ گئیں۔ والد کے انتقال کے اگلے ہی دن حنا خان کورونا سے متاثر ہوگئیں جس کی وجہ سےانہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا۔ کافی وقت کے بعد حنا نے اس تجربے پر گفتگو کی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ نے ہندوستان ٹائمز کے ساتھ گفتگو میں کہاکہ وہ جتنا اس بارے میں سوچتی ہیں انہیں اتنی ہی تکلیف ہوتی ہے۔ حنا خان نے اپنے احساسات بیا ن کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجھےکچھ کرنے کا جی نہیںکرتا اور نہ کسی سے بات کرنے کا من کرتا ہے۔ اس کیفیت سے گزرنے میںمجھے تھوڑا وقت لگے گا۔
’’میرا شریک حیات میرے والد جیسا ہو‘‘
انٹرویو میں حنا خان نے مزید کہا کہ’’ میرے ماں باپ کی جوڑی حیرت انگیز تھی ۔ میں شادی پر یقین رکھتی ہوں اور اس کی وجہ بھی میرے والدین ہی ہیں۔میں نے ان کے جھگڑے ، ایک دوسرے کیلئے چاہت اوراور ایک دوسرے سے محبت دیکھی ہے۔ میں ہمیشہ دعا کرتی ہوں کہ میرا شریک حیات جو بھی ہو ،میرے والد کی طرح ہو۔ وہ ہر چیز میں پرفیکٹ تھے۔
ماں کا سہارا نہ بن پانے کا افسوس
حنا نے اپنی والدہ کا سہارا نہ بن پانے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کورونا مثبت پائے جانے کے بعد حنا خان کو کوارنٹائن ہونا پڑا۔ انہوں نے ایک تصویرشیئر کرتے ہوئےلکھا کہ’’ `ایک بے بس بیٹی ،جو اپنی ماں کو سہارا دینے کیلئے اس کے ساتھ بھی نہیںرہ سکتی جب انہیں سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ دوستو ، یہ وقت ہم سب کے لئے بہت مشکل ہے لیکن ہمت والے لوگ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔میں ہمیشہ سے اپنے والد کی مضبو ط بیٹی تھی ، ہوں اور رہوں گی ۔