• Sun, 24 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

راہل شرما سیریلس کے بعد اب ریئلیٹی شوز میں بھی قسمت آز مانے کیلئے تیار

Updated: July 04, 2023, 5:21 PM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

راجستھان کے شہر دوسا سے ممبئی آکرٹی وی انڈسٹری میں اپنا کریئر بنانےوالے اداکارراہل شرما جلد ہی ایک اور ٹی وی شو میں نظر آنے والے ہیں۔راہل شرماجنہوں نے کورونا کے دورکے بعد شادی کرلی ہے، کریئر میں ڈیلی سوپس کو ہی ترجیح دیتے رہے ہیں  لیکن اب انہوں نے اپنے سوچنے کا طریقہ تھوڑا بدل دیاہے اور ریئلیٹی شوزکیلئے بھی تیار ہوگئے ہیں۔

Rahul Sharma photo;INN
تصویر :آئی این این

راجستھان کے شہر دوسا سے ممبئی آکرٹی وی انڈسٹری میں  اپنا کریئر بنانےوالے اداکارراہل شرما جلد ہی ایک  اور ٹی وی شو میں نظر آنے والے ہیں۔راہل شرماجنہوں نے کورونا کے دورکے بعد شادی کرلی  ہے، کریئر میں ڈیلی سوپس کو ہی ترجیح دیتے رہے ہیں  لیکن اب انہوں نے اپنے سوچنے  کا طریقہ تھوڑا بدل دیاہے اور ریئلیٹی شوزکیلئے بھی  تیار ہوگئے ہیں۔راہل شرما ایسے اداکار ہیں جن کے نام کوئی تنازع نہیں ہے۔ انہوں نے اپنے کرداروں کو خوش اسلوبی سے نبھانے کا اصول بنایا اور اسی پر چلتے ہیں۔انہوںنے ۲۰۱۱ء کے شو ’کہانی چندر کانتاکی ‘ سے اپنے کریئر کی شروعات کی اور ان کا آخری شو ’یشومتی میا کے نندلالا‘  رہا۔ اس دوران انہوں نے ویب سیریز میں بھی قسمت آزمائی اور شارٹ فلموں میں بھی کام کیاتھا۔ نمائندہ انقلاب نے  راہل شرما سے گفتگو کی  جو یہاں پیش ہے
 اس وقت کی کیا مصروفیات ہیں ؟
  کورونا کے بعد میں نے چند شوز میں کام کیا  تاہم وہ زیادہ دنوں تک جاری نہیں رہ سکے۔ اُس وقت میں نے فیصلہ کیا کہ اب زندگی میں شریک حیات کی ضرورت ہے۔  اس لئے  ۲۰۲۲ء میں شادی کرلی۔  یہ شادی گھروالوں کی مرضی سے ہوئی۔اسی دوران ’یشومتی میا کے نند لالا‘ میں کچھ وقت کام کیا ۔ وہ شو بھی گزشتہ دسمبر میں بند ہوگیا۔ گزشتہ ۵؍ماہ سے زندگی یوں ہی کٹ رہی تھی کہ  اسی مہینے  کی ۱۱؍تاریخ کو ایک اچھی کہانی میرے پاس آئی اور ۲۰؍ تاریخ کو میں نے اس کیلئے ہامی بھردی۔ آج کل   اسی  شوٹنگ میں مصروف ہوں۔
 شادی کے بعدزندگی میں 
کتنی تبدیلی محسوس کرتے ہیں؟
 چونکہ میری  شادی  گھر کے بزرگوں نے کروائی ہے اس لئے میں اپنی اہلیہ سےشادی کے پہلے نہیں مل سکا تھا۔دو انجان افراد شادی کرتے ہیں تو کچھ وقت ایک دوسرے کو سمجھنے میں لگ جاتا ہے۔ اس کے بعد دونوں ایک دوسرے کی پسند اور ناپسند کا خیال رکھتے ہیں۔میرے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا ہے۔ میرایہ مانناہےکہ کامیاب شادی شدہ زندگی کیلئے دونوں کو ایک دوسرے کا خیال رکھنا ضروری ہے۔ 
 شادی کے بعد کیا آپ کی اہلیہ سے کام کے تعلق سے بات چیت  ہوتی ہے؟
  میری اہلیہ شوبز انڈسٹری سے تعلق نہیں رکھتیں لیکن میرے کام کے تعلق سے وہ کافی کچھ جانتی ہیں۔ وہ اکثر میرے پرانے شوز کے بارے میں بات چیت کرتی ہیں   اور  اچھے مشورے بھی دیتی ہیں۔ بہرحال میں اپنی شریک حیات کو پورا وقت دینے کی کوشش کرتا رہتا ہوں۔ 
 آج کل ٹی و ی شوزمیںسوشل میڈیا پر شہرت پانے والوں کو ترجیح دی جاتی ہے، اس بارے میں آپ کی کیا رائے ہے؟
 میرے خیال میں یہ ٹھیک نہیں ہے، میں اس سے انکار نہیں کرتا کہ سوشل میڈیا پر کچھ اچھے فنکار ہیں اور انہوں نے اپنی صلاحیت سے انڈسٹری میں جگہ بنائی ہے اور آج اچھا کام بھی کررہے ہیں لیکن ایسے بہت سے افراد ہیں جو سوشل میڈیاسے آئے اور چھوٹے پردے پر اوندھے منہ گرے۔جن پروڈکشن ہاؤس  نے ایسے افراد کو موقع  دیا  انہیں بھی بعد میں  اندازہ ہوا کہ  انہوں نےکتنی بڑی غلطی کی تھی کیونکہ شو کی ٹی آر پی سے ظاہر ہوجاتاہے کہ انہوں نے کسی ناتجربہ کار کو موقع دیا ہے۔ 
 آپ نےکریئر میں صرف ڈیلی سوپس کئے ہیں کیا اب رئیلیٹی شوز کا حصہ بننے کا بھی ارادہ ہے؟
 ۲۰۲۰ء میں جب آپ سے بات چیت ہوئی تھی تو اس وقت میں نے کہا تھاکہ میں ریئلیٹی شوز نہیں کرنا چاہتا، لیکن کورونا کے بعد ایسا لگتاہے کہ اب کسی بھی ایکٹر کو ٹی وی  کےہر شو میں شرکت کرنی چاہئے۔ اس لئے میں نے فیصلہ کیاہے کہ ریئلیٹی شوز بھی میری ترجیحات میں رہیں گے۔ حالانکہ میں بگ باس جیسے شوز سے گریز کروں گا کیونکہ ان میں بے عزتی زیادہ ہوتی ہے۔ ہاں بگ باس میں مجھے کچھ الگ کرنے کیلئے کہا جائے  تو میں ضرور اس کیلئے ہامی بھروںگا۔ میری ترجیحات میں ’خطروں کے کھلاڑی‘ شو ہے جس کیلئے میں تیار ہوں کیونکہ مجھے تھوڑا بہت اسٹنٹ آتاہے۔
 کورونا کے بعدسبھی کو سبق ملا ہے کہ آمدنی کا دوسرا ذریعہ بھی ہونا چاہئے، تو کیا آپ ایکٹنگ کے ساتھ کچھ اور بھی کررہے ہیں؟
 مجھے ویڈیو لاگ بنانے کا بہت شوق ہے۔ اس سے پہلے میں گاہے بگاہے وی لاگ بنایا کرتا تھا۔میرا منصوبہ ہے کہ میں ایک یوٹیوب چینل شروع کروں اور اپنے وی لاگ کے ذریعہ مختلف موضوعات پر ناظرین کیمعلومات میں اضافہ کروں۔ مجھےیوٹیوب چینل کے تعلق سے تکنیکی معلومات بھی ہے کیونکہ اس سے پہلے میں ایڈٹنگ وغیرہ بھی کرتا تھا۔ اداکاری کے ساتھ ساتھ میں وی لاگنگ کرنا پسند کروںگا۔
کیا آج بھی ٹی وی شوز کے بجٹ کم ہیں یا حالات معمول پرآگئے ہیں؟
  جی بالکل، کورونا کے بعد پروڈکشن ہاؤسیز  نے سب سے پہلے شوز کے بجٹ کم کردیئے تھے جس کی وجہ سے اس سے وابستہ سبھی افراد متاثر ہوئے۔  ہم اداکار بھی ۔ آج  بھی  وہی حالات برقرار ہیں اور پروڈکشن ہاؤس بجٹ بڑھانے کیلئے تیار نہیں ہیں۔ اگر ہم مطالبہ بھی کرتے ہیں تو وہ دوسرے اداکار ان کے ساتھ کام کرنے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔ مجھے لگتاہے کہ حالات معمول پر آنے میں ابھی ۵؍ سے ۶؍ سال اور لگ جائیں  گے۔ 
 آپ نے ۲۰۱۹ء میں ۲؍ویب سیریز میں کام کیا تھا اس کے بعد کیا وقفہ لے لیاہے؟
 ۲۰۱۹ء کےاگلے ہی سال کورونا کی وبانے دستک دے دی اورساری چیزیں ٹھپ پڑ گئیں۔ بیرون شہر سے آنے والے سبھی اداکار اپنے اپنے گھرلوٹ گئے کیوں کہ ان کے پاس اور کوئی چارہ نہیں تھا، میں بھی راجستھان روانہ ہو گیا۔ جب سبھی چیزیں معمول پر آنے لگیں تو مجھے بھی ویب سیریز کی پیشکش ہوئی لیکن وہ کردار میرے مزاج کے نہیں تھے۔ ان میں فحاشیت بہت زیادہ تھی اس لئے میں نے  انکار کردیا تھا۔ میں ویب سیریز میں صاف ستھرے رول اداکرنا چاہتا ہوں اس لئے اچھے رول کا انتظار کرتا رہتاہوں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK