• Tue, 24 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ایشوریہ رائے نے ہیروئن کے محض شو پیس ہونے کی شبیہ کو تبدیل کیا

Updated: November 01, 2024, 11:31 AM IST | Mumbai

ایشوریہ رائے بچن کی پیدائش یکم نومبر ۱۹۷۳ء کو منگلورمیں ہوئی۔ کچھ عرصے بعدان کا خاندان ممبئی آگیا۔ بچپن میں ان کا رجحان آرکیٹیکٹ بننےکی جانب تھالیکن بعد میں ان کا رجحان ماڈلنگ کی جانب ہوگیا۔

Aishwarya Rai Bachchan. Photo: INN.
ایشوریہ رائے بچن۔ تصویر: آئی این این۔

ایشوریہ رائےکا بالی ووڈ کی ان خاص اداکاروں میں شمارہوتا ہے جنہوں نے فلموں میں ہیروئن کومحض شو پیش کے طور پراستعمال کئے جانےکے روایتی سوچ کو نہ صرف بدلا بلکہ بالی ووڈ فلموں کو بین الاقوامی سطح پر بھی ایک خصوصی پہنچان دلائی۔ 
ایشوریہ رائے بچن کی پیدائش یکم نومبر ۱۹۷۳ء کو منگلورمیں ہوئی۔ کچھ عرصے بعدان کا خاندان ممبئی آگیا۔ بچپن میں ان کا رجحان آرکیٹیکٹ بننےکی جانب تھالیکن بعد میں ان کا رجحان ماڈلنگ کی جانب ہوگیا۔ ۱۹۹۴ء میں ایشوریہ رائےنےمس انڈیامقابلہ میں حصہ لیا جہاں انہیں مس انڈیا کے خطاب سے نوازا گیا۔ مس ورلڈ مقابلہ میں ہندستان کاپرچم پوری دنیا میں لہراتے ہوئے ریتا فاریہ کے بعد وہ مس ورلڈکا خطاب جیتنے والی دوسری ہندستانی حسینہ بنیں۔ اس مقابلہ میں انہیں فوٹوجینک کےخطاب سے بھی نوازا گیا۔ مقابلہ جیتنے کے بعد ایشوریہ رائے نے سماجی فلاحی کاموں میں حصہ لیا اور اس دوران انہیں کئی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ 
۱۹۹۷ءمیں ایشوریہ رائے نےاپنے فلمی کریئر کی شروعات تمل فلم ایروارسے کی۔ اسی برس انہوں نےبالی ووڈ میں بھی قدم رکھا اوربابی دیول کے ساتھ اورپیار ہوگیا میں کام کیا۔ بدقسمتی سے یہ فلم ناکام ثابت ہوئی۔ اس کے بعد ۱۹۹۸ء میں ایشوریہ رائے نےایس شنکر کی تمل فلم جینس میں کام کیا۔ اس فلم کی کامیابی کےبعد ایشوریہ رائے فلم انڈسٹری میں کچھ حد تک شناخت بنانے میں کامیاب ہوگئیں۔ ۱۹۹۹ء میں سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ہم دے چکےصنم ایشوریہ کے فلمی کریئر کی اہم فلم ثابت ہوئی۔ سلمان خان اور اجے دیوگن جیسے منجھے ہوئے ستاروں کی موجودگی میں بھی ایشوریہ نے فلم میں نندنی کے کردارکوانتہائی بہترین طورپرادا کیا۔ اس فلم کے لئے انہیں فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ۲۰۰۲ءمیں ایشوریہ رائے کو شرت چندر چٹوپادھیائے کےمشہور ناول دیوداس پر بنی فلم میں کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ایشوریہ نے پارو کا کردار ادا کیا جسے بے حد پسند کیا گیا۔ اس فلم کے لئے دوسری مرتبہ بہترین اداکارہ کے طور پرانہیں فلم فیئر ایوارڈدیا گیا۔ ۲۰۰۳ء میں ایشوریہ رائے نے فلم ڈائریکشن کےشعبے میں قدم رکھا اورفلم دل کارشتہ بنائی لیکن یہ فلم کامیاب نہیں ہوسکی۔ انہیں فلم خاکی میں سپر اسٹار امیتابھ بچن کےساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ اس فلم میں ایشوریہ نےاپنے فلمی کریئرمیں منفی کردارادا کیا جسےفلمی مداحوں نے پسند کیا۔ ۲۰۰۴ءایشوریہ رائے کے لئے کامیابیوں والا سال ثابت ہوا۔ اسی سال امریکہ کے میڈم تساد میوزیم میں ان کا مومی مجسمہ لگایا گیا اوراسی برس امریکہ کے مشہورمیگزین ٹائمزمیں ۱۰۰؍ بااثر شخصیات میں ایشوریہ رائے کا نام شامل کیا گیا۔ ابھیشیک بچن سےشادی کے بعد ایشوریہ نے فلموں میں کام کرنا بہت کم کردیا۔ ۲۰۱۰ءمیں فلم گزارش میں کام کرنے کے بعدایشوریہ رائے فلم انڈسٹری سے دور ہوگئیں۔ پھر انہوں نے سال ۲۰۱۵ءمیں فلم جذبہ سے انڈسٹری میں واپسی کی۔ ان کی قابل ذکر فلموں میں آاب لوٹ چلیں، ہمارا دل آپ کےپاس ہے، جودھا اکبر، سرکار راج وغیرہ شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK