گزشتہ پیر کو نیٹ فلکس کی فلم ’ڈارلنگز ‘ کا ٹریلر لانچ کیا گیا اور سبھی جانب سے اسے پزیرائی مل رہی ہے۔ اس موقع پر عالیہ بھٹ نے کہاکہ ۲۰۱۹ء میں ہی اس فلم کی اسکرپٹ پر کام شروع ہوگیا تھا اور کوروناکی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔
EPAPER
Updated: July 28, 2022, 1:55 PM IST | Agency | Mumbai
گزشتہ پیر کو نیٹ فلکس کی فلم ’ڈارلنگز ‘ کا ٹریلر لانچ کیا گیا اور سبھی جانب سے اسے پزیرائی مل رہی ہے۔ اس موقع پر عالیہ بھٹ نے کہاکہ ۲۰۱۹ء میں ہی اس فلم کی اسکرپٹ پر کام شروع ہوگیا تھا اور کوروناکی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔
گزشتہ پیر کو نیٹ فلکس کی فلم ’ڈارلنگز ‘ کا ٹریلر لانچ کیا گیا اور سبھی جانب سے اسے پزیرائی مل رہی ہے۔ اس موقع پر عالیہ بھٹ نے کہاکہ ۲۰۱۹ء میں ہی اس فلم کی اسکرپٹ پر کام شروع ہوگیا تھا اور کوروناکی وجہ سے اس کی تکمیل میں تاخیر ہوئی۔ اس فلم سے عالیہ بھٹ فلمساز کی حیثیت سے نئی اننگز کا آغاز کررہی ہیں۔ اس فلم میں انہوں نے مرکزی کردار بدرو شیخ بھی ادا کیاہے۔ یہ فلم شاہ رخ خان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیزکی ہے۔ فلم کے ٹریلر لانچ کے موقع پر شیفالی شاہ ، اداکار وجے ورما اور ڈائریکٹر جسمیت رین بھی موجود تھیں۔ عالیہ بھٹ نے بتایا ’’میں نے شاہ رخ خان سے کہا تھاکہ مجھے ایک فلم پروڈیوس کرنی ہے ، اس پر انہوں نے جواب دیا تھا کہ میں کوپروڈکشن نہیں کرتا لیکن تم فلم بنارہی ہو تو میں اس کیلئے تیار ہوں۔ اب جب انہوںنے فلم دیکھی ہے تو وہ میرے معترف ہوگئے ہیں۔ ‘‘ عالیہ بھٹ نے اپنے پروڈکشن ہاؤس کے نام کے تعلق سے بتایا کہ میں نے اس کانام سن شائن ایٹرنل رکھا ہے، جس کا مطلب اندرونی طورپر سورج کی طرح چمکنا ہے۔ عالیہ بھٹ نے شیفالی شاہ کے تعلق سے بتایا ’’جب جسمیت نے میری ماں کے رول کی بات کی تو میرے ذہن میں شیفالی شاہ کا نام آیا کیونکہ میری ماں کا کردار وہی بہتر انداز میں نبھا سکتی تھیں۔انہوں نے ثابت کردیاہے کہ وہ آج بھی اہم رول اداکرنے کی قوت رکھتی ہیں۔ ‘‘ عالیہ بھٹ سے جب پوچھا گیا کہ سیٹ پر فلمساززیادہ تھیں یا پھر اداکارہ،اس پرعالیہ بھٹ نے کہا’’میں نے کیمرے کے سامنے زیادہ وقت گزارا تھا او رمجھے فلمساز کی ڈیوٹی نبھانے کا موقع کم ہی ملا۔ میں نے سیٹ پر کبھی بھی خود کو پروڈیوسر کی حیثیت سے منوانے کی کوشش نہیں کی۔ ‘‘ عالیہ بھٹ نے بتایا کہ میں نے فلم کی اسکرپٹ اپنے والد مہیش بھٹ کو بتائی تھی اور انہوں نے مشورہ دیا تھا کہ مجھے اس فلم کو بنانا اور اس میں کام کرنا چاہئے۔ ان کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے میں نے اس فلم کے پروڈکشن کیلئے ہامی بھری ۔ اداکارہ شیفالی شاہ نے بتایا’’فلم میں میرا ایک مسلم کیریکٹر ہے اور اس کی تیاری کیلئے میں نے بائیکلہ علاقہ کا دورہ بھی کیا تھا۔ وہاں میں نے کسی سے ملاقات کی تھی اور ان سے بدرو شیخ کی والدہ کے کردار کی تیاری کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی بائیکلہ میں رہن سہن کے بارے میں کافی معلومات حاصل کرنے کے بعد میں نے یہ کردار ادا کیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہاکہ حال ہی میں نے دوبارہ کام شروع کیا ہے اور دہلی کرائم ویب سیریز سے مجھے کافی شہرت ملی ہے۔ اس ویب سیریز کے بعد سے مجھے اچھے رول پیش کئے جا رہے ہیں۔ ایسا لگتاہے کہ میں نے انڈسٹری میں دوسری اننگز شروع کردی ہے۔ فلم کی ڈائریکٹر جسمیت رین نے فلم کے نام کے تعلق سے بتایا’’پہلے دن جب سیٹ پر عالیہ بھٹ اور دیگر افراد نے ڈارلنگز کہنا شروع کیا تھا تو ہم نے اسی نام کو حتمی شکل دیتے ہوئے شوٹنگ شروع کردی اور فلم کا نام بھی یہی رکھ دیا۔ ‘‘ انہوںنے کہاکہ فلم کی کہانی ۲۰۱۹ءمیں مکمل ہوگئی تھی لیکن لاک ڈاؤن کے بعد ہم نے زوم پر سبھی اداکاروں سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد پروڈیوسرس اور نیٹ فلکس سے بات چیت کی۔ ہمیں کووڈ کے پروٹوکول کا پورا دھیان رکھنا پڑتا تھا۔ اس کے ساتھ ہی ہم نے بائیکلہ جیسے مصروف ترین علاقے میں شوٹنگ کی تھی۔ بہرحال ٹریلر سے ظاہرہوتاہے کہ ہم نے فلم کیلئے بہت زیادہ محنت کی ہے۔ فلم ’ڈارلنگز‘ میں وجے ورما نے عالیہ بھٹ کے شوہر حمزہ شیخ کا رول ادا کیاہے۔ اپنے رول کے بارے میں وجے ورما نے کہا’’مجھے جسمیت نے بتایاتھاکہ جب انہوں نے کہانی لکھنی شروع کی تو ان کے ذہن میں میرا ہی چہرہ تھا۔ مجھے خوشی ہےکہ میں نے شیفالی شاہ جیسی اچھی اداکارہ کے ساتھ کام کیاہے۔ عالیہ بھٹ اچھی اداکارہ ہیں اور اب تو وہ پروڈیوسر بھی بن گئی ہیں۔ ان دونوں نے فلم میں میری خوب پٹائی کی ہے لیکن حقیقت میں ہم سیٹ پر بہت زیادہ موج مستی کیا کرتے تھے۔ ‘‘ وجے ورمانے بتایاکہ عالیہ اور شیفالی شاہ کی موج مستی مجھے کبھی بھی بھاری پڑتی تھی۔ یہ مجھے کرسی پر رسی سے باندھ کر چلی جاتی تھیں اور میں کمرے میں انہیں پکارتا رہتا تھا۔