اللو ارجن کی فلم پشپا ۲؍ نے ورون دھون کی فلم’’بے بی جان‘‘کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فلم نے چوتھے ہفتے میں ۲۵ء۳۷؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: December 30, 2024, 4:37 PM IST | Mumbai
اللو ارجن کی فلم پشپا ۲؍ نے ورون دھون کی فلم’’بے بی جان‘‘کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔فلم نے چوتھے ہفتے میں ۲۵ء۳۷؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔
حال ہی میں جاری کی گئی رپورٹس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’اللو ارجن کی فلم پشپا ۲؍ ، جو باکس آفس پر اپنے چوتھے ہفتے میں داخل ہوگئی ہے، نے باکس آفس پر بہترین کاروبار کرنا جاری رکھا ہے اور ورون دھون کی ’’بے بی جان‘‘ اور ’’مفاسا: دی لائن کنگ‘‘ جیسی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ تجارتی تجزیہ کار پلیٹ فارم ساکنک کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’فلم نے چوتھے ہفتے میں ۲۵ء۳۷؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔ فلم نے جمعہ کو ۷۵ء۸؍کروڑ روپے، سنیچر کو ۵ء۱۲؍ کروڑروپے جبکہ اتوار کو ۱۶؍کروڑ روپے کا کاروبار کیا ہے۔ اسی طرح پشپا ۲؍نے مقامی باکس آفس پر ۲۵؍دنوں میں ایک ہزار ۱۵۷؍کروڑ روپے سے زائد کا کاروبار کیا ہے۔
پشپا ۲؍ بمقابلہ بے بی جان
ساکنک کی رپورٹ کے مطابق’’اللو ارجن کی فلم کے مقابلے میں ورون دھون کی فلم ’’بے بی جان‘‘نے ۲۵؍ دسمبر کو اپنی ریلیز کے بعد سے اب تک ۹۷ء۲۸؍ کروڑ روپے کاکاروبار کیا ہے۔ فلم نے وی کینڈ’’ہفتے کے آخر‘‘ میں ۷۵ء۱۲؍ کروڑروپے کمائے ہیں۔‘‘یاد رہے کہ بے بی جان میں ورون دھون کے علاوہ ویمیقہ گبی،جیکی شراف، راجپال یادو اور کیرتھی سریش نے بھی اداکاری کی ہے۔اس فلم کو ایٹلی کمار نے پروڈیوس کیا ہے جبکہ کلیس نےفلم کی ہدایتکاری کے فرائض انجام دیئے ہیں۔یہ فلم ایٹلی کمار کی ۲۰۱۶ء کی فلم ’’تھیری‘‘کا ری میک ہے۔
پشپا ۲؍ کا تاریخی کاروبار
پشپا ۲؍ نے اپنے پہلے ہفتے میں ۸ء۷۲۵؍ کروڑ روپے کا کاروبار کیا تھا۔ فلم نے دوسرے ہفتے میں ۸ء۲۶۴؍ کروڑ روپے کمائے تھے جبکہ تیسرے ہفتے میں ۶ء۱۲۸؍ کروڑروپے کی کمائی کی ہے۔ہندوستان میں فلم نے بہت سے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ یہ ۲۰۲۴ء میں سب سے زیادہ کاروبار کرنے والی ہندی فلم بنی ہے۔ اللو ارجن کی اداکاری سے مزین یہ فلم تیسرے ہفتے میں ہندی زبان میں سب سے زیادہ کاروبار کرنےو الی فلم بھی ہے۔فلم نے ہندی زبان میں ۹ء۷۵۳؍ کروڑروپے، تیلگو زبان میں ۹ء۳۲۴؍ کروڑ روپے اور تمل ، کنڑ اور ملیالم میں ۴۶ء۷۸؍ کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔یاد رہے کہ اس فلم کی ہدایتکاری کے فرائض سوکمار نے انجام دیئے ہیں۔فلم میں اللوارجن کے علاوہ فاحد فاسل ، رشمیکا مندانااور دیگر نےا دکاری کی ہے۔پشپا ۲؍ نے عالمی سطح پر ایک ہزار ۷۰۰؍ سے زائد کا کاروبار کیا ہے اور ایک ہزار ۷۰۰؍ کروڑ کی فلموں میں شامل ہوگئی ہے۔